settings icon
share icon
سوال

رُومیوں میں نجات کی شاہراہ سے کیا مُراد ہے؟

جواب


رُومیوں میں نجات کی شاہراہ دراصل رُومیوں کے نام پوُلس رسول کے خط میں سے مختلف آیات کو لیکر نجات کی خوشخبری کی وضاحت کرنا ہے۔ یہ بہت سادہ لیکن بہت زبردست طریقہ ہے جس کے ذریعے سے ہم یہ بیان کر سکتے ہیں کہ ہمیں نجات کیوں چاہیے، خُدا نے ہمارے لیے نجات کا انتظام کس طرح کیا ہے، ہم نجات کیسے حاصل کر سکتے ہیں اور نجات حاصل کر لینے کے نتائج کیا ہیں۔


رُومیوں میں نجات کی شاہراہ پر پہلی آیت ہے رُومیوں3 باب 23آیت "اِس لئے کہ سب نے گنا ہ کیا اور خُدا کے جلال سے محروم ہیں "۔ ہم سب نے گناہ کیا ہے، ہم سب نے وہ کام کئےہیں جو خُدا کو نا خوش کرتے ہیں۔ کوئی بھی شخص ایسا نہیں ہے جو گناہوں سے مبّرہ ہو۔رُومیوں 3باب 10-18 آیات اِس حوالے سے ایک تفصیلی تصویر پیش کر تی ہے کہ ہماری زندگی میں گناہ کس طرح نظر آتاہے۔ رُومیوں میں نجات کی شاہراہ پر دوسرا حوالہ رُومیوں 6باب 23آیت ہے جو ہمیں گناہ کے نتائج یا انجام کے بارے میں سکھاتی ہے – "کیو نکہ گناہ کی مزدوری موت ہے مگر خُدا کی بخشش ہمارے خُداوند مسیح یسوع میں ہمیشہ کی زندگی ہے۔"جو سزا ہم نے اپنے گناہوں کی بدولت کمائی ہے وہ موت ہے۔ اور یہ نہ صرف جسمانی موت ہے بلکہ رُوحانی موت بھی ہے۔

رُومیوں میں نجات کی شاہراہ پر تیسرا حوالہ دراصل رُومیوں 6باب 23آیت کا ہی دوسرا حصہ ہے جس میں لکھا ہے کہ"مگر خُدا کی بخشش ہمارے خُداوند مسیح یسوع میں ہمیشہ کی زندگی ہے۔" رُومیوں 5باب 8آیت اعلان کرتی ہے کہ "لیکن خُدا اپنی محبت کی خوبی ہم پر یوں ظاہر کرتاہے کہ جب ہم گنہگار ہی تھے تو مسیح ہماری خاطر مؤا۔" خُدا یسوع ہمارے لئے مرا ۔ خُداوند یسوع کی موت نے ہمارے گناہوں کا کفارہ ادا کیا یعنی گناہ کی قیمت ادا کی۔ اور خُداوند یسوع کا مُردوں میں سے جی اُٹھنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ خُدا باپ نے ہمارے گناہوں کی خاطر خُداوند یسوع کی موت کو بطورِ کفارہ قبول کر لیا ہے۔

رُومیوں میں نجات کی شاہراہ پر چوتھا پڑاؤ ہے رُومیوں 10باب 9آیت "کہ اگر تو اپنی زُبان سے یسوع کے خُداوند ہونے کا اِقرار کرے اور اپنے دل سے ایمان لائے کہ خُدا نے اُسے مُردوں میں سے جلایا تو نجات پائے گا۔" کیونکہ خُداوند یسوع نے ہماری خاطر بلکہ ہماری جگہ پر اپنی جان قربان کی ہے ، ابھی ہمیں بس یہ کرنا ہے کہ ہم یہ بھروسہ رکھتے ہوئے اُس پر یمان لائیں کہ اُسکی موت نے ہمارے گناہوں کا مکمل کفارہ ادا کر دیا ہے – پھر ہم اُس کے وسیلے نجات پائیں گے۔ رُومیوں10باب 13آیت پھر یہ بات بیان کرتی ہے کہ "ہر کوئی جو زبان سے یسوع کے خُداوند ہونے کا اقرار کرے بچایا جائے گا۔" خُداوند یسوع نے ہمارے گناہوں کا کفارہ ہونے کے لیے اپنی جان دی اور ہمیں ابدی ہلاکت سے بچا لیا ۔ نجات ، گناہوں کی معافی، ہر اُس انسان کے لئے میسرہے جوخُداوند یسوع مسیح کو اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کرتا ہے۔

رُومیوں میں نجات کی شاہراہ کا آخری پہلو نجات کے نتائج کے بارے میں ہے۔ رُومیوں 5باب 1 آیت میں ایک حیرت انگیز پیغام پایا جاتا ہے۔ "پس جب ہم ایمان سے راستباز ٹھہرے تو خُدا کے ساتھ اپنے خُداوند یسوع مسیح کے وسیلہ سے صلح رکھیں۔ " خُداوند یسوع مسیح کے وسیلہ سے ہم خُدا کے ساتھ صلح کا رشتہ رکھ سکتے ہیں۔ رُومیوں 8باب 1 آیت ہمیں سکھاتی ہے کہ "پس اب جو مسیح یسوع میں ہیں اُن پر سزا کا حکم نہیں۔" چونکہ خُداوند یسوع نے ہماری خاطر جان دی پس اُس کی موت کی بدولت ہم اپنے گناہوں کی وجہ سے مجرم نہیں ٹھہرائے جائیں گے۔ اور آخر میں رُومیوں 8باب 38- 39آیات میں ہمارے پاس خُدا کا ایک خوبصورت اور قیمتی وعدہ ہے: "کیونکہ مجھ کو یقین ہے کہ خُدا کی جو محبت ہمارے خُداوند مسیح یسوع میں ہے اُس سے ہم کو نہ موت جدا کر سکے گی نہ زندگی۔ نہ فرشتے نہ حکومتیں۔ نہ حال کی نہ استقبال کی چیزیں۔ نہ قدرت نہ بلندی نہ پستی نہ کوئی اور مخلوق۔"

کیا آپ رُومیوں میں موجود نجات کی شاہراہ پر چلنا چاہتے ہیں ؟اگر ایسا ہے تو تو یہاں پر دُعاکا ایک نمونہ پیش کیا گیاہے۔ یاد رکھیں کہ یہ دُعا یا کوئی بھی دوسری دُعا آپ کو بچا نہیں سکتی۔ صرف مسیح خُداوند پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان لانے کے ذریعہ سے ہی آپ اپنے گناہوں کی سزا سے بچ سکتے ہیں۔ یہ دُعا محض ایک ذریعہ ہے اور اِس بات کا اقرار ہے کہ آپ خدا پر اپنے ایمان کا اقرار کرتے ہیں اور اُس کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اِس نے آپ کے لئے نجات کا انتظام کیا۔

"اَے خداباپ! مَیں جانتا /جانتی ہوں کہ مَیں نے تیرے خلاف گناہ کیا ہے اور مَیں سزا کا/کی مستحق ہوں۔ مُجھے تیرے کلام کی روشنی میں یہ بھی معلوم ہے کہ خُداوند یسوع مسیح نے میری سزا کو اپنے اوپر لے لیا۔ تاکہ اُس پر اِیمان لا کر مَیں نجات پاؤں۔ مَیں نجات کے لئے اپنا بھروسہ تجھ پر رکھتا /رکھتی ہوں۔ تیری اِس عجیب بخشش اور فضل کے لیے اور ہمیشہ کی زندگی کے اِس انعام کے لئے تیرا شکرہو۔ آمین۔

جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

رُومیوں میں نجات کی شاہراہ سے کیا مُراد ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries