settings icon
share icon
سوال

آپ کس طرح اِس بات پر ایمان رکھ سکتے ہیں کہ نجات صرف ایمان کے وسیلے سے ہے جبکہ بائبل میں جہاں پر ایک ہی دفعہ "صرف ایمان" کی اصطلاح استعمال ہوئی ہے (یعقوب 2باب24آیت) وہاں پر کہا گیا ہے کہ نجات صرف ایمان سے نہیں؟

جواب


یہ با ت پوری طرح سچ ہے کہ بائبل کی وہ واحد آیت جس میں "صرف ایمان" کی اصطلاح کا استعمال ہوا ہے وہی صرف ایمان سے نجات پانے کے خلاف دلیل دیتی نظر آتی ہے۔ یعقوب 2باب 24آیت بیان کرتی ہے کہ " پس تم نے دیکھ لِیا کہ اِنسان صرف اِیمان ہی سے نہیں بلکہ اَعمال سے راست باز ٹھہرتا ہے"۔ تاہم اس آیت کی بنیاد پر صرف ایمان کے وسیلہ سے نجات کے نظریے کو رد کرنے کے دو بڑے مسائل ہیں۔ پہلا، یعقوب 2باب 24آیت کا سیاق و سباق صرف ایمان کے وسیلے نجات کے عقیدے کے خلاف بحث نہیں کر رہا ہے۔ دوسرا، بائبل کو صرف ایمان کے وسیلے نجات کی واضح تعلیم دینے کے لیے محض"صرف ایمان" کی اصطلاح کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔


یعقوب 2باب 14-26آیات مجموعی طور پر اورخصوصاً24آیت کچھ غیر منطقی تشریحات کا موضوع بنی رہی ہے۔ یہ حوالہ "صرف ایمان سے نجات" کے تصور کے لیے یقیناً سنگین مسائل پیدا کرتا معلوم ہوتا ہے۔ سب سے پہلے ہمیں اس غلط فہمی کو دور کرنے کی ضرورت ہے کہ یعقوب 2باب 24 آیت میں " ایمان سے راستباز ٹھہرائے جانے" سے بھی وہی بات مراد ہے جو مُراد پولس کی رومیوں 3باب 28آیت سے ہے۔ پولس لفظ راستباز ٹھہرائے جانے کو" خدا کی طرف سے راستباز قرار دیے گئے " کے معنی میں استعمال کر رہا ہے ۔ پولس خدا کی طرف سے ہمیں جائز طور پر راستباز قرار دئیے جانے کی بات کر رہا ہے جس کے مطابق مسیح کی راستبازی کو ہمارے ساتھ منسوب کیا جاتا ہے۔ یعقوب راستباز ٹھہرنے کے الفاظ کا استعمال کر رہا ہے جس سے مراد "ثابت اور تصدیق شدہ " ہے ۔

2011 میں بائبل کا نیو انٹرنیشنل ورژن یعقوب 2باب 24آیت کا ایک شاندار ترجمہ پیش کرتا ہے :"تم دیکھتے ہو کوئی انسان صرف ایمان سے نہیں بلکہ اپنے اعمال سے راستباز سمجھا جاتا ہے"۔اسی طرح نیو لیونگ ٹرانسلیشن میں یعقوب 2باب 24آیت کا ترجمہ کچھ یوں ہے "پس تم نے دیکھاہے ہم جو کچھ کرتے ہیں ہم اُسی کے وسیلہ سے خُدا کے حضور صحیح ثابت ہوتے ہیں نہ کہ صرف ایمان سے۔" یعقوب 2باب 14-26 آیات کا تمام حوالہ آپ کے کئے ہوئے کاموں کے وسیلہ سے آپ کے ایمان کی سچائی کو ثابت کرنے کے بارے میں ہے ۔ یسوع مسیح پر ایمان کے وسیلے حقیقی نجات کا تجربہ لازماًاچھے اعمال کا باعث ہو گا (افسیوں 2باب 10آیت)۔ اعمال ایمان کا اظہار اور ثبوت ہیں (یعقوب 2باب 18آیت)۔ عمل کے بغیر ایمان بیکار (یعقوب 2باب 20آیت) اور مُردہ (یعقوب 2باب 17آیت) ہے ؛ دوسرے الفاظ میں یہ بالکل بھی حقیقی ایمان نہیں ہے۔ نجات صرف ایمان سے ہے لیکن حقیقی ایمان کبھی بھی اکیلا نہیں ہوتا بلکہ اچھے اعمال پیدا کرتا ہے۔

گوکہ یعقوب 2باب 24آیت وہ واحد آیت ہے جس میں "صرف ایمان" کی اصطلاح موجود ہےبہرحال بہت سی دیگر آیات بھی ہیں جو درحقیقت صرف ایمان کے وسیلے نجات کی تعلیم دیتی ہیں۔ کوئی بھی آیت جو نجات کو ایمان/اعتقاد سے منسوب کرتی ہے اور جس میں کسی اور تقاضے کا ذکر نہیں کیا گیا ،اس بات کا اعلان ہے کہ نجات صرف ایمان سے ہے۔ یوحنا 3باب 16آیت اعلان کرتی ہے کہ" جو کوئی اُس پر ایمان لائے " وہ نجات پاتا ہے۔اعمال 16باب 31آیت بیان کرتی ہےکہ "خُداوند یِسُوع پر اِیمان لا تو تُو ۔۔۔۔ نجات پائے گا"۔ افسیوں 2باب 8آیت کہتی ہے"کیونکہ تم کو اِیمان کے وسیلہ سے فضل ہی سے نجات مِلی ہے ۔"رومیوں 3باب 28آیت؛ 4باب 5آیت؛ 5باب 1آیت؛ گلتیوں 2باب 16آیت؛ 3باب 24 آیت؛ افسیوں 1باب 13آیت اور فلپیوں 3باب 9آیت بھی دیکھیں۔ اِن کے علاوہ دیگربہت سی آیات کا حوالہ دیا جا سکتا ہے۔

پس خلاصہ یہ ہے کہ یعقوب 2باب 24آیت صرف ایمان کے وسیلے نجات کے خلاف دلیل نہیں دیتی ۔ بلکہ یہ ایک ایسی نجات کے خلاف بحث کرتی ہے جو تنہا ، نیک اعمال اور خدا کے کلام کی فرمانبرداری سے خالی نجات ہے ۔ یعقوب کا نکتہ یہ ہے کہ ہم جو کچھ کرتے ہیں اُس کے ذریعے اپنے ایمان کا اظہار کرتے ہیں (یعقوب 2باب 18آیت)۔ "صرف ایمان" کی اصطلاح کی عدم موجودگی سے قطع نظر نیا عہد نامہ واضح طور پر سکھاتا ہے کہ نجات ہمارے ایمان کے ردّعمل میں خدا کے فضل کا نتیجہ ہے۔ "پس فخر کہاں رہا؟ اِس کی گنجایش ہی نہیں۔ کَون سی شرِیعت کے سبب سے؟ کیا اَعمال کی شرِیعت سے؟ نہیں بلکہ اِیمان کی شرِیعت سے" (رومیوں 3باب 27آیت)۔ اس کے علاوہ نجات کے لیے کوئی اور تقاضا نہیں ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

آپ کس طرح اِس بات پر ایمان رکھ سکتے ہیں کہ نجات صرف ایمان کے وسیلے سے ہے جبکہ بائبل میں جہاں پر ایک ہی دفعہ "صرف ایمان" کی اصطلاح استعمال ہوئی ہے (یعقوب 2باب24آیت) وہاں پر کہا گیا ہے کہ نجات صرف ایمان سے نہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries