سوال
کیا جھوٹ بولنا درست ہے؟
جواب
بائبل کہیں بھی کوئی ایسی مثال پیش نہیں کرتی جس میں جھوٹ بولنے کو درست خیال کیا جاتا ہے۔ نواں حکم جھوٹی گواہی دینے سے منع کرتا ہے (خروج 20باب 16آیت )۔ امثال 6باب 16-19آیات "جھوٹی زبان" اور "جھوٹا گواہ جو دروغ گوئی کرتا ہے" دونوں کو اُن سات باتوں کی فہرست میں شامل کرتی ہیں جن سے خداوند کو کراہیت ہے۔ محبت "راستی سے خوش ہوتی ہے" (1 کرنتھیوں 13باب 6آیت )۔ جھوٹ بولنے کے بارے میں منفی لحاظ سے بات کرنے والے دیگر صحائف کے لیے دیکھئے 119زبور 29، 163آیات؛ 120زبور 2آیت ؛ امثال 12باب 22آیت؛ 13باب 5آیت؛ افسیوں 4باب 25آیت؛ کلسیوں 3باب 9آیت ؛ مکاشفہ 21باب 8آیت ۔ کتابِ مقدس کے اندر پیدایش27باب میں یعقوب کی دغابازی سے لے کر اعمال 5باب میں حننیاہ اور سفیرہ کے دکھاوے تک جھوٹ او رجھوٹوں کی بہت سی مثالیں موجود ہیں ۔ ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ جھوٹ مصیبت، نقصان اور عدالت کا باعث بنتا ہے۔
بائبل میں کم از کم دو ایسی مثالیں ہیں جہاں جھوٹ بولنے کے اچھے نتائج نکلے ہیں ۔ مثال کے طور پر عبرانی دائیاں فرعون سے جو جھوٹ بولتی ہیں وہ خُداوند کی طرف سے اُن پر برکت کا باعث معلوم ہوتا ہے (خروج 1باب 15-21آیات) اور اِس جھوٹ نے غالباً بہت سے عبرانی بچّوں کی جان بچائی تھی ۔ یشوع 2باب 5آیت میں اسرائیلی جاسوسوں کی حفاظت کے لیے راحب کا جھوٹ اس کی ایک اور مثال ہے۔ تاہم یہ مدِ نظر رکھنا ضروری ہے کہ خدا اِن بولے جانے والے جھوٹوں کو کبھی درگزر نہیں کرتا۔ ان جھوٹوں کے "مثبت" نتائج کے باوجود بائبل کہیں بھی جھوٹ کو سراہتی نہیں ۔ بائبل کہیں بھی ایسے حالات و واقعات کے موجود ہونے کا بیان نہیں دیتی جن میں جھوٹ بولنا درست عمل ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ بائبل کسی ایسی ممکنہ حالت کے بالکل موجود نہ ہونے کا بھی اعلان نہیں کرتی ہے کہ جس میں جھوٹ بولنا ایک قابل قبول چارہ ہے ۔
پس سوال ابھی بھی باقی ہے : کیا کوئی ایسی حالت ہے جب جھوٹ بولنا ہی درست عمل ہو؟ اس گومگوکی حالت کی سب سے عام مثال نازیوں کے زیرِ قبضہ ہالینڈ میں رہنے والی کوری ٹین بوم (Corrie ten Boom)کی زندگی سے ملتی ہے۔ اصل کہانی یہ ہے: یہودی لوگوں کو نازیوں سے بچانے کے لیے کوری ٹین بوم اُنہیں اپنے گھر میں چھپاتی ہے۔ نازی سپاہی اُس کے گھر آتے ہیں اور اُس سے پوچھتے ہیں کہ کیا وہ کسی یہودی کے کہیں چھپے ہونے کے بارے میں جانتی ہے۔ اس صورتحال میں اُسے کیا کرنا چاہیے ؟ کیا اُسے سچ بتا دینا چاہیے اور نازیوں کو اُن یہودیوں کو پکڑنے کی اجازت دینی چاہیے جن کو وہ بچانے کی کوشش کر رہی تھی؟ یا کیا اُسے جھوٹ بول دینا اور انکار کر دینا چاہیے کہ وہ اُن کے بارے میں کچھ نہیں جانتی؟
اِس طرح کی کسی صورتِ حال میں جہاں جھوٹ بولنا کسی بھیانک بُرائی کو روکنے کا واحد ممکنہ راستہ ہو غالباًجھوٹ بولنا قابل قبول بات ہو گی۔ ایسی مثال کسی حد تک عبرانی دائیوں اور راحب کے جھوٹ سے ملتی جلتی ہو گی۔ ایک بُری دنیا اور مایوس کن صورتحال میں کسی بہت بڑی برائی کو روکنے کے لیے کسی چھوٹی بُرائی کا مرتب ہونایعنی جھوٹ بولنا درست عمل ہو سکتا ہے۔ تاہم یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ اِس طرح کے واقعات نہایت شاذو نادر ہوتے ہیں۔ اس بات کابڑاامکان ہے کہ انسانی تاریخ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو کبھی بھی ایسی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا پڑا جس میں جھوٹ بولنا درست عمل تھا ۔
English
کیا جھوٹ بولنا درست ہے؟