سوال
کیا بائبل دوسری شادی کو کامیاب بنانے کے بارے میں کچھ کہتی ہے؟ دوسری شادی کو کامیاب بنانے کے کیا طریقے ہیں؟
جواب
بائبل میں ابرہام وہ واحد شخص ہے جس کااپنی شریک حیات کی موت کے بعد دوبارہ شادی کرنے (پیدایش25باب 1آیت) کے حوالے سے خاص ذکر کیا گیا ہے ، لیکن بائبل کہیں بھی یہ نہیں بتاتی کہ ابر ہام کی دوسری شادی کیسی تھی۔ بائبل بالخصوص طلاق کے بعد دوبارہ شادی کرنے والے کسی شخص کے بارے میں کہیں کوئی خصوصی وضاحت پیش نہیں کرتی ۔ چاہے دوسری شادی طلاق یا شریک حیات کی وفات کی بدولت پہلی شادی کے ختم ہونے کی وجہ سے ہو، بائبل کے اندر ایسے اصول موجود ہیں جن کااِستعمال دوسری شادی کو کامیاب بنانے میں یقینی طور پر ہوتا ہے ۔
چاہے یہ پہلی، دوسری یا تیسری شادی ہے شوہروں کو اپنی بیویوں سے قربانی کی حد تک محبت رکھنی (افسیوں 5باب 25آیت ) اور بیویوں کو اپنے شوہروں کے شائستگی سے تابع رہنا ہے (افسیوں 5باب 22آیت )۔ کسی بھی شوہر اور اُس کی بیوی کو اپنےازدواجی رشتے کو موت کے وقت تک مستقل اور اٹوٹ سمجھنا چاہیے (متی 19باب 6آیت )۔ شوہر وں اور بیویوں کو ایک دوسرے سے محبت رکھنی ، ایک دوسرے کو معاف کرنا ، ایک دوسرے کی عزت کرنی اور ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے (افسیوں 5باب 33آیت ؛ 1 پطرس 3باب 7آیت )۔
دوسری شادیاں اکثر مخلوط(سوتیلے بہن بھائیوں پر مشتمل ) خاندانوں کو جنم دیتی ہیں اور یہ حقیقت بذات خود بہت زیادہ تناؤ پیدا کر سکتی ہے۔ والدین کو چھوڑنے اور بیوی سے ملے رہنے کا اصول بھی انتہائی اہم ہے۔ شادی کو دوسرے تمام خاندانی رشتوں پر فوقیت ہونی چاہیے کیونکہ صرف شادی میں ہی دو افراد ایک جسم ہوتے ہیں۔ مخلوط خاندان میں اکثر پیدا ہونے والے تنازعات کوباہمی اتحاد کے ساتھ نمٹایا جانا چاہیے۔
یہ بہت ضروری ہے کہ دوسری شادی کے حامل شوہر اور بیویاں اپنے نئے شریک حیات کا اپنے سابقہ شریک حیات سے موازنہ نہ کریں۔ کیونکہ ایسا کرنے سے نفرت ، حسد اور غیر حقیقی توقعات کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ ایک نیا شریک حیات وہی شخص نہیں ہے جیسا کہ سابقہ شریک حیات تھا اور اِس سے اُس کی مانند ہونے کی توقع بھی نہیں کی جانی چاہیے ۔ پہلی شادی چاہے شاندار تھی یاناخوشگوار ، اُس سے جُڑے ہوئے جذبات اور دُکھوں کو دوسری شادی میں منتقل نہیں کیا جانا چاہیے۔
سب سے بڑھ کر، دوسری شادی کو کامیاب بنانے کی کلید یہ ہے کہ اِس شادی کو خدا کے سپر د کیا جائے اور اِس کے لیے درکار فضل اور قوت کے لیے اُس پر بھروسہ کیا جائے ۔ شادی کا مقصد مسیح اور کلیسیا کی مثال پیش کرنا ہے (افسیوں 5باب 29-32آیات)۔ صرف مسیح کے وسیلہ سے ہی شادی ایسا رشتہ بن سکتی ہے جیسا خدا اِسے بنانا چاہتا ہے۔ اِس کے علاوہ جب کسی بھی ازدواجی رشتے میں مشکلات رونما ہوتی ہیں تو جوڑوں کو پادری اور/یا مسیحی صلاح کار سے دانشمندانہ مشا ورت حاصل کرنی چاہیے (امثال 15باب 22آیت )۔ خدا شادی کے بارے میں کیا فرماتا ہے اس بات کو سمجھنا اور شادی کو اُس کے سپرد کرنا کسی بھی ازدواجی رشتے کو کامیاب بنانے کی کلید ہے۔
English
کیا بائبل دوسری شادی کو کامیاب بنانے کے بارے میں کچھ کہتی ہے؟ دوسری شادی کو کامیاب بنانے کے کیا طریقے ہیں؟