سوال
خُدا نے اسرائیل کا ہی اپنے چُنے ہوئے لوگوں کے طور پر انتخاب کیوں کیا؟
جواب
بنی اسرائیل قوم کی بات کرتے ہوئے اِستثنا 7باب7- 9 آیات بیان کرتی ہیں کہ "خُداوند نے جو تم سے محبت کی اور تم کو چُن لیاتو اِس کا سبب یہ نہ تھا کہ تم شمار میں اور قوموں سے زیادہ تھےکیونکہ تم سب قوموں میں شمار میں کم تھے۔ بلکہ چونکہ خُداوند کو تم سے محبت ہے اور وہ اُس قسم کو جو اُس نے تمہار باپ دادا سے کھائی پورا کرنا چاہتا تھا اِس لیے خُداوند تم کو اپنے زور آور ہاتھ سے نکال لایا اور غلام کے گھر یعنی مصر کے بادشاہ فرعون کے ہاتھ سے تم کو مخلصی بخشی سو جان لے کہ خُداوند تیرا خُداوہی خُدا ہے۔ وہ وفادار خُدا ہے اور جو اُس سے محبت رکھتے اور اُس کے حکموں کو مانتے ہیں اُن کے ساتھ ہزار پشت تک وہ اپنا عہد قائم رکھتا اور اُن پر رحم کرتا ہے۔"
خُدا نے بنی اسرائیل قوم کو اِس لیے چُنا کہ اُس قوم کے وسیلے خُداوند یسوع مسیح – اپنی موت کے ذریعے نسلِ انسانی کا نجات دہندہ ہونے کے لیے – اِس دُنیا میں آ سکے (یوحنا 3 باب 16 آیت)۔ جس وقت آدم اور حوا نے گناہ کیا اُسی وقت خُدا نے پہلی دفعہ نجات دہندہ کا وعدہ کر دیا تھا (پیدایش 3 باب )۔ بعد میں خُدا نے اِس بات کی تصدیق کی کہ مسیحا ابرہام، اضحاق اور یعقوب کی نسل میں سے آئے گا (پیدایش 12باب 1- 3آیات)۔ اصل میں اسرائیل قوم کے خُدا کی خاص قوم کے طور پر چنے جانے کے پیچھے حتمی وجہ خُداوند یسوع مسیح کی ذات ہے۔ خُدا کو ایک خاص قوم کو چننے کی قطعی طور پر کوئی ضرورت نہیں تھی لیکن اُس نے اپنی پاک مرضی کے مطا بق ایسا کیا۔ یسوع نے اِس دُنیا میں لوگوں کے کسی نہ کسی گروہ میں سے تو آنا ہی تھا پس خُدا نے اِس مقصد کے لیے بنی اسرائیل قوم کو چُن لیا۔
بہر حال خُدا کی طرف سے بنی اسرائیل قوم کو چننے کامقصد صرف اور صرف مسیحا کو اِس دُنیا میں لانا ہی نہیں تھا۔ بنی اسرائیل قوم کے لیے خُدا کی یہ خواہش تھی کہ یہ قوم جس نے خُدا کے ساتھ اور وفا داری کا تجربہ کیا تھا دیگر قوموں تک جا کر اُنہیں خُدا کے بارے میں بتاتی۔ بنی اسرائیل قوم نے اِس دُنیا میں ایسی قوم بننا تھا جس میں سے خُدا کے کاہنوں، نبیوں اور خُدا کے خادموں نے آنا تھا۔ اسرائیل کے لیے خُدا کاارادہ یہ تھا کہ یہ ایک منفرد اور مختلف قوم ہو ، ایک ایسی قوم جو دوسری اقوام کو خُدا کی ذات اور اُس کے بنی نوع انسان کو ایک نجات دہندہ دینے کے وعدے کی طرف رجوع لانے میں مدد کرے۔ دیکھا جائے تو اسرائیل قوم یہ کام کرنے میں بڑے پیمانے پر ناکام رہی۔ بہر حال بنی اسرائیل کو چننے کا خُدا کا جو حتمی مقصد تھا وہ اِس دُنیا میں مسیحا کو لے کر آنا تھا اور یہ مقصد خُداوند یسوع مسیح کی ذات کی صورت میں بالکل کامل طریقے سے پورا ہو گیا تھا۔
English
خُدا نے اسرائیل کا ہی اپنے چُنے ہوئے لوگوں کے طور پر انتخاب کیوں کیا؟