settings icon
share icon
سوال

ہم جَعلی معجزات کی پہچان کیسے کر سکتے ہیں؟

جواب


متی 24باب 24آیت میں خداوند یسوع نے خبردار کیا ہے کہ "کیونکہ جھوٹے مسیح اور جھوٹے نبی اُٹھ کھڑے ہوں گے اور اَیسے بڑے نِشان اور عجیب کام دِکھائیں گے کہ اگر ممکِن ہو تو برگزِیدوں کو بھی گمراہ کر لیں"۔ اسی طرح 2تھسلنیکیوں 2باب 9-10آیات بیان کرتی ہیں کہ "جس کی آمد شیطان کی تاثیر کے موافق ہر طرح کی جھوٹی قُدرت اور نِشانوں اور عجیب کاموں کے ساتھ اور ہلاک ہونے والوں کے لئے ناراستی کے ہر طرح کے دھوکے کے ساتھ ہو گی"۔

جب خدا نے بنی اسرائیل کو مصر کی غلامی سے چھُڑانے کے لیے موسیٰ کو بھیجا تو اُس نے موسیٰ کے ذریعہ سے عجیب نشانات ظاہر کئے تاکہ یہ ثابت ہو کہ موسیٰ واقعی اُس کا پیغمبر ہے ۔ تاہم خروج 7باب 22آیت میں درج ہے " مِصرؔ کے جادُوگروں نے بھی اپنے جادُو سے اَیسا ہی کِیا۔۔۔۔۔ اور فرِعونؔ کا دِل سخت ہو گیا اور جیسا خُداوند نے کہہ دِیا تھا اُس نے اُن کی نہ سُنی" (خروج 7باب 11-13آیات اور 8باب 7آیت بھی دیکھیں)۔ بعد میں خدا نے ایسے معجزات کرنے کے وسیلہ سے اپنی برتری کا مظاہرہ کیا جن کو جادوگر یا زیادہ درست طور پر کہا جائے تو وہ بد اَرواح جو جادوگروں کو طاقت دے رہی تھیں دُہرا نہ سکیں (خروج 8باب 18آیت ؛ 9باب 11آیت )۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ فرعون کے جادوگر معجزات کرنے کے قابل تھے۔ پس اگر معجزے خدا یا شیطانی طاقتوں کی طرف سے ہو سکتے ہیں تو ہمیں اُن کے درمیان فرق کیسے کرنا چاہیے ؟

بائبل اس بارے میں کوئی مخصوص ہدایات پیش نہیں کرتی کہ جھوٹے معجزات کی پہچان کیسے کی جائے ۔ تاہم بائبل اس بارے میں مخصوص ہدایات پیش کرتی ہے کہ جھوٹے نبیوں کو کیسے پہچانا جائے۔ "اُن کے پھلوں سے تم اُن کو پہچان لو گے"(متی 7باب 16، 20آیت )۔ پہلا یوحنا 4باب 2-6 آیات وضاحت پیش کرتی ہیں " خُدا کے رُوح کو تم اِس طرح پہچان سکتے ہو کہ جو کوئی رُوح اِقرار کرے کہ یسُوع مسیح مُجسّم ہو کر آیا ہے وہ خُدا کی طرف سے ہے۔ اور جو کوئی رُوح یسُوع کا اِقرار نہ کرے وہ خُدا کی طرف سے نہیں اور یِہی مخالِفِ مسیح کی رُوح ہے جس کی خبر تم سُن چُکے ہو کہ وہ آنے والی ہے بلکہ اب بھی دُنیا میں مَوجُود ہے۔ اَے بچّو! تم خُدا سے ہو اور اُن پر غالِب آ گئے ہو کیونکہ جو تم میں ہے وہ اُس سے بڑا ہے جو دُنیا میں ہے۔ وہ دُنیا سے ہیں۔ اِس واسطے دُنیا کی سی کہتے ہیں اور دُنیا اُن کی سنتی ہے۔ ہم خُدا سے ہیں۔ جو خُدا کو جانتا ہے وہ ہماری سُنتا ہے۔ جو خُدا سے نہیں وہ ہماری نہیں سُنتا۔ اِسی سے ہم حق کی رُوح اور گمراہی کی رُوح کو پہچان لیتے ہیں "۔

یہ دو حوالہ جات کسی جھوٹے استاد کو پہچاننے کے دو طریقے پیش کرتے ہیں۔پہلا،اُس کے پھل کا بغور مشاہدہ کریں۔ کیا اُسکی مشابہت مسیح جیسی ہے جو کہ ایک سچے مسیحی اُستاد کی ہونی چاہیے کیونکہ کلام میں یہ اُس کی اہلیت بیان کی گئی ہے (1 تیمتھیس 3باب 1-13آیات)؟ دوسرا، اُس کی تعلیم کا جائزہ لیں۔ کیا وہ جو کچھ سکھاتا/سکھاتی ہے وہ خدا کے کلام سے ہم آہنگ ہے (2 تیمتھیس 2باب 15آیت ؛ 3باب 16-17آیات ؛ 4باب 2آیت ؛ عبرانیوں 4:باب 12 آیت )؟ اگراستاد اِن میں سے کسی ایک پرکھ پر پورا نہیں اُترتا/اُترتی تو وہ خدا کی طرف سے نہیں ہے۔ اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا کہ اُس کی طرف سے کتنے معجزات ظاہر ہوتے ہیں۔ اگر کوئی شخص سچائی پر نہیں چلتا یا سچائی کی تعلیم نہیں دیتا تو ہم ایسے کسی بھی معجزے کو نظرانداز کر سکتے ہیں جو وہ عمل میں لاتا /لاتی ہے ۔ جھوٹے استاد کی طرف سے دکھائے جانے والے معجزے خدا کی طرف سے نہیں ہیں ۔

نئے عہد نامے میں معجزات صرف اور صرف رسولوں اور اُن کے قریبی ساتھیوں کی طرف سے عمل میں لائے گئے تھے۔ معجزات نے خوشخبری کے پیغام اور رسولوں کی خدمت کی تصدیق کرنے کا کام کیا تھا (اعمال 2باب 43آیت ؛ 5باب 12آیت ؛ 2کرنتھیوں 12باب 12آیت ؛ عبرانیوں 2 باب 4آیت )۔ اگرچہ ہمیں خدا کی معجزات کرنے کی صلاحیت پر کبھی شک نہیں کرنا چاہیے لیکن معجزات کا بائبلی مقصد ہمیں جدید دور کے معجزات کی اطلاعات کے بارے میں کسی حد تک متشکک بناتا ہے۔ مگر یہ کہنا بائبل کے مطابق نہیں ہے کہ خدا کبھی معجزات نہیں کرتاکیونکہ بائبل اس بارے میں واضح ہے کہ ہمیں معجزوں کی نہیں بلکہ سچائی کی تلاش کرنی چاہیے (متی 12باب 39آیت )۔

یہ ایک دلچسپ معمہ ہے کہ بائبل میں معجزات نے رسول کی توثیق کی ہے جبکہ آج کل معجزات خدا کے کسی سچے رسول کی لازمی نشانی نہیں ہیں۔ اس سلسلے میں فرق خدا کا کلام ہے۔ آج ہمارے پاس کلام کا مکمل اور مستندمجموعہ موجود ہے اور یہ ہدایت کی ایک لاخطا کتاب ہے۔ ہمارے پاس زیادہ

"معتبر" کلام ہے (2 پطرس 1باب 19آیت ) اور ہم اِسے یہ جاننے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں کہ آیا کوئی رسول اور پیغام خدا کی طرف سے ہے یا نہیں۔ معجزات جھوٹے ہو سکتے ہیں۔ اس وجہ سے خُدا ہمیں اپنے کلام کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ نشان اور معجزات ہمیں گمراہ کر سکتے ہیں۔ خدا کا کلام ہمیشہ صحیح راہ کو روشن کرے گا (119زبور 105آیات )۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

ہم جَعلی معجزات کی پہچان کیسے کر سکتے ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries