سوال
مسيحی خواب کی تعبير؟
جواب
gotquestions.org ادارہ مسیحی خوابوں کی تعبیر کرنے کی خدمت سرانجام نہیں دیتا ۔ ہم خوابوں کی تعبیر نہیں کرتے ۔ ہمارا پختہ یقین ہے کہ کسی شخص کے خواب اور اُن کی تعبیر کا تعلق صرف اور صرف اُس شخص اور خدا سے ہے ۔ یہ بات سچ ہے کہ ماضی میں بعض اوقات خدا خوابوں کے ذریعےسے لوگوں کے ساتھ ہمکلام ہوتا تھا۔ مثال کے طور پر یوسف کیساتھ، جو یعقوب کا بیٹا تھا( پیدایش 37باب 5- 10آیات)،اُس یوسف کیساتھ جو مریم کا خاوند تھا ( متی 2باب 12- 22آیت)؛ سلیمان کیساتھ (1سلاطین 3باب 5-15آیات) اور دیگر کئی لوگوں کیساتھ ( دانی ایل 2باب 1آیت؛ 7باب 1آیت؛ متی 27باب 19آیت)۔ اس بارے میں یُوایل نبی کی نبوت بھی ہے جس کو پطرس رسول نے اعمال 2باب 17آیت میں نقل کیا ہے اور یہ آیت اِس بات کو پیش کرتی ہے کہ خدا اپنی مرضی کے اظہار کےلیے خوابوں کو استعمال کرتا ہے ۔ لہذا اگر خدا ایسا کرنا چاہے تو وہ خوابوں کے ذریعےہمارے ساتھ ہمکلام ہو سکتا ہے ۔
تاہم یہ بات ہمیں ذہن میں رکھنی چاہیے کہ بائبل مقدس خدا کا کا مل کلام ہے جو ہر اُس بات کو ظاہر کرچکا ہے جس کی اب سے ابد تک ہمیں جاننے کی ضرورت ہے ۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آج کل خدا معجزات نہیں کرتا یا لوگوں کے ساتھ خوابوں کے ذریعے ہمکلام نہیں ہوتا بلکہ اِس سے مراد یہ ہے کہ اگر خدا کسی انسان سے کچھ بھی کہتا ہے چاہے وہ خواب ، رویا، خیال یا " قابل ِ سماعت آواز " کے ذریعے سے ہی کیوں نہ ہو وہ سب کچھ اُس کلام کے ساتھ مکمل طور پر متفق اور ہم آہنگ ہو گا جو خدا نے پہلے ہی ہم پر ظاہر کر دیا ہے ۔ خواب کلامِ مقدس سےکبھی بھی زیادہ اہم نہیں ہو سکتے ۔
اگر آپ نے کوئی خواب دیکھا ہے اور آپ کو لگتا ہے کہ شاید یہ خدا کی طرف سے ہے تودُعا کے ساتھ کلامِ خدا کا گہرا مطالعہ کریں اور اِس بات کو یقینی بنائیں کہ کیا آپ کا خواب کلامِ مقدس سے متفق یا ہم آہنگ ہے ۔ اگر ایسا ہی ہے تو دُعا کے ساتھ اِس بات پر غور کریں کہ خدا آپ کے خواب کے ردّ عمل میں آپ سے کیا چاہتا ہے ( یعقوب 1باب5 آیت)۔ کلامِ مقدس میں جب بھی کسی شخص نے خدا کی طرف سے خواب کا تجربہ کیا ہے تو خدا نے ہمیشہ براہ راست ،کسی فرشتہ کے ذریعے سے یا کسی اور پیغام رساں کے ذریعے سے اُس شخص پر اُس خواب کے معنی کو واضح کر دیا ہے ( پیدایش 40باب 5-11آیات؛ دانی ایل 2باب 45آیت؛ 4باب 19آیت)۔ خدا جب بھی ہم سے ہمکلام ہوتا ہے تو اُس کا پیغام واضح طور پر قابلِ سمجھ ہوتا ہے ۔
English
خوابوں کی مسیحی تعبیر؟ کیا ہمارے خواب خُدا کی طرف سے ہوتے ہیں؟