سوال
سرپوش کیا ہے؟
جواب
عبرانیوں کا مصنف پرانے عہد نامے کے خیمہ ِ اجتما ع کی ترتیب کے بارے میں بات کرتا ہے۔ خیمہ اجتما ع ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کی جانے کے قابل عبادت گاہ تھی جسے اسرائیلیوں نے مصر سے خروج کے بعد بیابان میں آوارگی کے دورسے لے کر یروشلیم میں ہیکل کی تعمیر تک استعمال کیا تھا (دیکھیں خروج 25-27ابواب )۔ خیمہ ِ اجتما ع کے اندر عہد کا صندوق تھا جس میں سر پوش بھی شامل تھا (عبرانیوں 9باب 3-5آیات )۔
پتھر کی اُن دو لوحوں کا حامل عہد کا صندوق جن پر دس احکام کُندہ تھے خیمہ اجتما ع اور بعد میں یروشلیم کی ہیکل میں سب سے مُقدس چیز تھی جہاں اُسے پاک ترین مقام کہلانے والے اندرونی حصے میں رکھا گیا تھا۔ اِس کے علاوہ صندوق کے اندراُس مَن سے بھرا سونے کا مرتبان جسے خدا نے بیانان کی آوارگی کے وقت اُنہیں عطا کیا تھا (خروج 16باب 4آیت ) اور ہارون کا باداموں اور کلیوں والا عصا تھے (گنتی 17باب 1-13آیات )۔ صندوق کے اوپر ایک ڈھکن تھا جسے سرپوش کہا جاتا تھا جس پر بادل یا خُداکا اَبر اُسکی موجودگی کا ظاہری نشان ٹھہرا رہتا تھا۔ خیال کیا جاتا تھا کہ خدا وہاں موجود تھا اور مانا جاتا تھا کہ جب کفارےکا خون اُ س پر چھڑکا جاتا تھا تو وہ اس جگہ سے انسان پر رحم کرتا تھا ۔
سرپوش نے کسی حد تک خُدا کے لوگوں کو شریعت کی اُس عدالت سے چھپائے رکھا تھا جو ہمیشہ مجرم ٹھہراتی ہے ۔ سردار کاہن ہر سال یومِ کفارہ کے روز پاک ترین مقام میں داخل ہوتا اور خدا کے لوگوں کے گناہوں کے کفارے کے لیے قربان کیے گئے جانوروں کا خون چھڑکتا تھا۔ یہ خون سرپوش پر چھڑکا جاتا تھا۔ اس منظر کشی سے یہ نکتہ پیش کیا جاتاہے کہ صرف خون کی پیشکش کے ذریعے ہی شریعت کی سزا کو دور اور خدا کے قوانین کی خلاف ورزیوں کا احاطہ کیا جا سکتا ہے۔
عبرانیوں 9باب 5آیت میں "سرپوش " کے لیے استعمال ہونے والا یونانی لفظ ہیلاسٹیرین ہے جس کا مطلب ہے "جو فدیہ " یا "کفارہ دیتا ہے "۔ یہ بات گناہ کے خاتمے کا تصور رکھتی ہے۔ حزقی ایل 43باب 13-15آیات میں قربانی کے لیے پیتل کا مذبح گناہ کے لیے بہائے گئے خون سے تعلق ہونے کے باعث سپتواجنتا (پرانے عہد نامے کے یونانی ترجمے) میں ہیلاسٹیرین (کفارہ یا سرپوش) بھی کہلاتا ہے ۔
سرپوش کی کیا اہمیت ہے؟ نئے عہد نامے میں خود مسیح کو ہمارے "کفارے" کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ پولس رسول روم کی کلیسیا کے نام اپنے خط میں اس کی وضاحت کرتا ہے: " اُس کے فضل کے سبب سے اُس مخلصی کے وسیلہ سے جو مسیح یِسُوع میں ہے مُفت راست باز ٹھہرائے جاتے ہیں۔ اُسے خُدا نے اُس کے خُون کے باعث ایک اَیسا کفّارہ ٹھہرایا جو اِیمان لانے سے فائدہ مند ہو تاکہ جو گُناہ پیشتر ہو چکے تھے اور جن سے خُدا نے تحمل کر کے طرح دی تھی اُن کے بارے میں وہ اپنی راست بازی ظاہِر کرے"( رومیوں 3باب 24-25آیات)۔ پولس رسول یہاں اس بات کی تعلیم دے رہا ہے کہ یسوع گناہ کا ڈھانپنے والا ہے ، جیسا کہ پرانے عہد نامے کی اُن نبوتی تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے۔ اُس کی موت اور اُس کی ذات پر ایمان لانے کے ذریعے ہمارے ردعمل کے وسیلہ سے ہمارے تمام گناہ ڈھانک دے جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ایماندار جب بھی گناہ کرتے ہیں تو ہم مسیح کی طرف رجوع کر سکتے ہیں جو ہمارے گناہوں کا کفارہ دینے یا ڈھانکنے کے لیے مسلسل تیار ہے (1 یوحنا2باب 1آیت ؛4باب 10آیت)۔ یہ گناہ کی پردہ پوشی سے متعلق پرانے اور نئے عہد نامے کے تصورات کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے جیسا کہ خُدا کے سرپوش کے ذریعہ سے واضح کیا گیا ہے۔
English
سرپوش کیا ہے؟