settings icon
share icon
سوال

مسیح یسوع کی پیدایش کس سال ہوئی؟ یسوع کی پیدایش کب ہوئی؟

جواب


بائبل مقدس بیت الحم میں یسوع کی پیدایش کے اصل دن اور یہاں تک کہ اصل سال کا بھی ذکر نہیں کرتی۔ لیکن واقعہ کی تواریخی ترتیب کی تفصیلات کا قریبی معائنہ وقت کی مُناسب کھڑکی سے امکانات کو محدود کر دیتا ہے۔

یسوع کی پیدایش کی بائبلی تفصیلات اناجیل میں پائی جاتی ہے۔ متی دوسرے باب کی پہلی آیت بیان کرتی ہے کہ یسوع ہیرودیس بادشاہ کے زمانہ میں پیدا ہوئے۔ چونکہ ہیرودیس کی وفات 4 قبل مسیح میں ہو گئی تھی، تو ہم اِس سے وقت کا تعین کریں گے۔ اِس کے علاوہ، یسوع کے ساتھ یوسف اور مریم کے مصر بھاگ جانے کے بعد، ہیرودیس نے حکم دیا کہ اُس نواحی میں دو سال اور اُس سے کم عمر کے تمام بچوں کو قتل کر دیا جائے۔ یہ اشارہ کرتا ہے کہ ہیرودیس کی موت سے پہلے یسوع کی عمر دو سال ہو گی۔ اِس سے مسیح کی پیدایش کی تاریخ 6 ق م سے 4 ق م کے درمیان میں بنتی ہے۔

لوقا دوسرے باب کی پہلی دو آیات غور وفکر کے لئے مزید بہت سے حقائق کا ذکر کرتی ہیں، "اُن دِنوں میں ایسا ہوا کہ قیصر اَوگُوستُس کی طرف سے یہ حُکم جاری ہوا کہ ساری دُنیا کے لوگوں کے نام لکھے جائیں۔ یہ پہلی اِسم نویسی سُوریہ کے حاکم کورنیُس کے عہد میں ہوئی"۔ ہم جانتے ہیں کہ قیصر اَوگُوستُس نے 27ق م سے 14ء تک حکومت کی۔

کورنیُس نے بھی مُردم شماری کے ریکارڈ کے مطابق جو تقریباً 6 ق م میں یہودیہ کو بھی شامل کرتا ہے اُسی عرصہ کے دوران سُوریہ میں حکومت کی۔ بعض مفسرین مباحثہ کرتے ہیں کہ آیا یہ وہی مردم شماری ہے یا نہیں جس کا ذکر لوقا کی جانب سے کیا گیا ہے، لیکن اِس سے ایسا لگتاہے کہ یہ وہی واقعہ ہے۔ اِن تاریخی تفصیلات کی بنیاد پر بیت الحم میں مسیح کی پیدایش کا سب سے زیادہ ممکنہ وقت 6ق م تا 5 ق م ہی بنتا ہے۔

لوقا ہماری ٹائم لائن سے متعلق ایک اور تفصیل کا ذکر کرتا ہے: "جب یسوع خُود تعلیم دینے لگا قریباً تیس برس کا تھا" (لوقا باب 3 آیت 23)۔ یسوع نے اپنی خدمت کا آغاز یوحنا اصطباغی کے دور میں کیا جو بیابان میں مُنادی کر رہا تھا۔ اور یوحنا کی خدمت شروع ہوئی "تِبریُس قیصر کی حکومت کے پندرھویں برس جب پُنطیُس پِیلاطُس یہودیہ کا حاکم تھا اور ہیرودیس گلیل کا اور اُس کا بھائی فِلپُس اِتُوریّہ اور ترخونیتس کا اور لِسانیاس ابلینے کا حاکم تھا۔ اور حّناہ اور کائفا سردار کاہن تھے اُس وقت خُدا کا کلام بیابان میں زکریاہ کے بیٹے یُوحنا پر نازل ہوا" (لوقا باب 3 پہلی دو آیات)۔

اِن تمام حقائق کے لئے موزوں ترین صرف ایک ہی عرصہ ہے اور وہ ہے 27ء سے 29 ء کا عرصہ۔ اگر یسوع 27ء تک "قریباً تیس سال" کے تھے ، تو اُن کی پیدایش 6ق م سے 4 ق م کے کسی درمیانی عرصہ کی بنتی ہے اور تواریخی ترتیب پر پوری اُترتی ہے۔ مزید تعین کے ساتھ، یسوع کی عمر قریباً بتیس سال ہو گی جب اُنہوں نے اپنی خدمت کا آغاز کیا (پھر بھی یہ "قریباً تیس سال ہی ہے)۔

مسیح کے جنم دن کے بارے میں کیا خیال ہے؟ 25 دسمبر کی روایت نئے عہد نامہ کے زمانہ سے بہت عرصہ بعد آشکارہ ہوئی تھی۔ مسیح کی پیدایش کا دن منانے کے لئے اِس دن پر مسیحیوں نے اتفاق کر لیا ، لیکن اُس کی پیدایش کا اصل دن معلوم نہیں۔

جو معلوم ہے وہ یہی ہے کہ بائبلی اور تاریخی تفصیلات پیدایش کے لگ بھگ سال کو واضح کرتی ہیں۔ یسوع تقریباً 6ق م سے 4ق م میں یہودیہ کے بیت الحم میں اپنی والدہ مریم سے پیدا ہوئے۔ اُس کی پیدایش نے دُنیا بھر کے لاتعداد لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ ساتھ تاریخ کو بھی ہمیشہ کے لئے بدل دیا۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مسیح یسوع کی پیدایش کس سال ہوئی؟ یسوع کی پیدایش کب ہوئی؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries