سوال
بائبل رحمدِلی کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟
جواب
بائبل میں "رحمدلی" کا ترجمہ جن عبرانی اور یونانی الفاظ سے کیا گیا ہے اُ ن کا مطلب "رحم کرنا، ہمدردی محسوس کرنا اور ترس کھانا" ہے۔ہم جانتے ہیں کہ بائبل کے مطابق خُدا "رحیم و کرِیم خُدا ہے۔ قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت و راستی میں غنی " ہے(86 زبور 15 آیت)۔ خُدا کی دیگر تمام صفات کی طرح اُس کا رحم بھی لامحدود اور ابدی ہے۔ اُس کی رحمدلی کبھی ناکام نہیں ہوتی بلکہ وہ ہر صبح تازہ ہے(نوحہ 3باب22-23 آیات)۔
خُدا کے بیٹے خُداوند یسوع نے اپنے باپ کی تمام صِفات بشمول اُس کے رحم کی بھی مثال دی ہے۔ جب خُداوند یسوع نے اپنے دوستوں کو لعزر کی قبر پر روتے ہوئے دیکھا تو اُسے اُن پر رحم آیا اور وہ بھی اُن کے ساتھ ملکر رویا (یوحنا 11باب33-35 آیات)۔ دوسروں کے دُکھوں کو دیکھ کر ترس کھانے والے یسوع نے اُن بڑے بڑے ہجوموں (متی 14باب14 آیت)اور سب انفرادی لوگوں کو بھی شفا دی جو اُس کے پاس شفا پانے کے لیے آتے تھے (مرقس 1باب40-41 آیات)۔ جب اُس نے اُس بڑے ہجوم کو ایسی بھیڑوں کے طور پر دیکھا جن کا کوئی چرواہا نہیں تھا تو اُسے اُن پر ترس آیا اور اُس نے اُنہیں اُن باتوں کی تعلیم دی جن کی تعلیم اسرائیل کے جھوٹے چرواہوں نے نہیں دی تھی۔ کاہن اور فقہی متکبر اوربدعنوان تھے۔ وہ عام لوگوں کو حقیر جانتے اور اُ ن کی کچھ پرواہ نہیں کرتے تھے۔ لیکن یسوع کے دِل میں اُ نکے لیے رحم تھا اِس لیے اُس نے اُنہیں تعلیم دی اور پیار کیا۔
جب خُداوند یسوع سے پوچھا گیا کہ سب سے بڑا حکم کیا ہے تو اُس نے جواب دیا کہ یہ حکم خُدا سے اپنے سارے دِل ، اپنی ساری جان اور اپنی ساری طاقت سے محبت کرنا ہے۔ لیکن اُس نے اِس کے ساتھ دوسرے حکم کو بھی یہ کہتے ہوئے جوڑا کہ "دوسرااِس کی مانند یہ ہے کہ "اپنے پڑوسی سے اپنے برابر مُحبّت رکھ" (متی 22باب34-40 آیات)۔ فریسی نے یسوع سے پوچھا تھا کہ خُدا کا سب سے بڑا حکم کونسا ہے، لیکن یسوع نے اُس کے جواب میں دو حکم فراہم کئے، اور اُس نے نہ صرف ہمیں یہ بتایا کہ کیا کرنا چاہیے بلکہ یہ بھی بتایا کہ کیسے کرنا چاہیے۔ اپنے پڑوسی سے اپنے برابر محبت کرنا خُدا کے ساتھ ہماری محبت بھری عقیدت کا فطری نتیجہ ہے۔
1 یوحنا 3باب17 آیت پوچھتی ہے کہ "جس کسی کے پاس دُنیا کا مال ہو اور وہ اپنے بھائی کو مُحتاج دیکھ کر رَحم کرنے میں دریغ کرے تو اُس میں خُدا کی مُحبّت کیوں کر قائِم رہ سکتی ہے؟"اصل میں خُدا کی شبیہ پر بنے ہونے کی وجہ سے انسان کے لیے ضروری ہے کہ وہ رحمدلی سمیت خُدا کی دیگر صفات کی عکاسی کرے۔ اِس سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ "اگر کوئی کہے کہ مَیں خُدا سے مُحبّت رکھتا ہُوں اور وہ اپنے بھائی سے عداوت رکھّے تو جھوٹا ہے کیونکہ جو اپنے بھائی سے جسے اُس نے دیکھا ہے مُحبّت نہیں رکھتا وہ خُدا سے بھی جسے اُس نے نہیں دیکھا مُحبّت نہیں رکھ سکتا" (1 یوحنا 4باب20 آیت)۔ بائبل اِس حوالے سے بالکل واضح ہے کہ رحم خُدا کی ذات کی ایک صفت ہے اور یہ اُس کے لوگوں کی ذات کی بھی صفت ہے۔
English
بائبل رحمدِلی کے بارے میں کیا کہتی ہے ؟