settings icon
share icon
سوال

بائبل والدین کی طرف سے اپنے بچّوں کے لیے میراث /وراثت چھوڑنے کے متعلق کیا کہتی ہے ؟

جواب


وراثت عزت و حمایت کا وہ تحفہ تھا جو خاندان کے سرپرست کی طرف سے اپنے بیٹوں ( اور بعض اوقات بیٹیوں) کو دیا جاتا تھا۔ یہ خاندان کو چلانے کے لیے مدد اور رتبے کو ظاہر کرتا تھا۔ پرانے عہد نامے کے پہلے نصف حصے میں وراثت سے مُراد وعدے کی وہ سرزمین ہے جو خُدا نے اپنے لوگوں کو عطا کی تھی-جو ظاہر کرتی ہے کہ آسمانی باپ اپنے بیٹے اور بیٹیوں کو خاص میراث عطا کر رہا ہے۔ کیونکہ وہ سرزمین خُدا کی طرف سے اُن خاندانوں کو عطا کی گئی تھی اِس لیے وہ مستقل طور پر اُسے ترک نہیں کر سکتے تھے۔ اگر اُنہیں اپنی زمین کو فروخت کرنے کی ضرورت پڑ جاتی تھی تو بھی جوبلی کے سال (احبار 25باب23-38 آیات) وہ زمین اُس خاندان کو واپس کر دی جاتی تھی۔ بائبل مُقدس کے اندر خاندانی اِملاک کی وراثت کے حوالے سے مخصوص رہنما اصول بیان کئے گئے ہیں:اکلوتے بیٹے کو دُگنا حصہ دیا جاتا تھا (اِستثنا 21باب15-17 آیات)؛ اگر کسی کے بیٹے نہیں ہوتے تھے تو پھر وراثت میں باپ کی اِملاک بیٹیوں کو دے دی جاتی تھی (گنتی 27باب 8 آیت)؛ اگر اُس جائیداد کا کوئی براہِ راست وارث نہ ہوتا تو وراثت کسی عزیز خادم یا کسی دور کے رشتے دار کو دے دی جاتی تھی (پیدایش 15باب2 آیت؛ گنتی 27باب9-11 آیات)۔ کبھی بھی وراثت کی زمین کسی دوسرے قبیلے کے پاس نہیں جاتی تھی۔ زمین /جائیداد کے اِس طرح آگے منتقل ہونے کا مقصداِس بات کو یقینی بنانا تھا کہ خاندان میں آنے والے اگلے لوگوں کے پاس زندگی گزارنے اور خاندانی بقاء کے لیے کوئی ذریعہ ہو۔ وراثت/میراث چھوڑ کر جانے کو فرض کیا گیا تھا اور صرف امثال 13باب22 آیت میں اِسے نیکوکاری کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

نیا عہد نامہ مادی وراثت کی بات نہیں کرتا بلکہ رُوحانی میراث کی بات کرتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ لوقا 12باب13-21 آیات میں خُداوند یسوع زمینی وراثت کی اہمیت کو اُس وقت مزید کم کر دیتا ہے جب وہ یہ وضاحت کرتا ہے کہ یہ لالچ اور دولت کی حرض کا باعث بن سکتی ہے۔ خُداوند یسوع کے مطابق اپنا مال آسمان پر جمع کرنا چاہیے۔ ہماری میراث بھی اسرائیل کی طرح خُدا کی طرف سے ہے (اعمال 20باب32 آیت؛ افسیوں 1باب11، 14، 18 آیات)۔ اور ابرہام کی طرح (عبرانیوں 11باب8، 13 آیات) ہم بھی اپنی میراث کو اپنی زمینی زندگی کے دوران حاصل نہیں کر پائیں گے (1 پطرس 1باب4 آیت)۔ یہ میراث کیا ہے؟ 37 زبور 11 اور متی 5باب5 آیت بیان کرتی ہے کہ یہ میراث ساری زمین ہے۔ یعقوب 2باب5آیت بیان کرتی ہے کہ یہ خُدا کی بادشاہی کی مانند ہے اور عبرانیوں 11باب16 آیت اِسے آسمانی مُلک بیان کرتی ہے ۔ 1 کرنتھیوں 2باب9 آیت کے مطابق یہ میراث ایسی حیرت انگیز ہے کہ "جو چیزیں نہ آنکھوں نے دیکھیں نہ کانوں نے سُنِیں نہ آدمی کے دِل میں آئِیں۔ وہ سب خُدا نے اپنے مُحبّت رکھنے والوں کے لئے تیّار کر دِیں۔ " اور مکاشفہ 21 باب میراث کو ایک نئے آسمان اور نئی زمین کے طور پر بیان کرتا ہے جہاں خُدا اپنے لوگوں کے ساتھ سکونت کرے گا اور اُن کے تمام آنسوؤں، ماتم ، درد اور موت کا خاتمہ کر دے گا۔

مسیحی ایماندار ہونے کے ناطے ہم پرپرانے عہد نامے کی شریعت لاگو نہیں ہے۔ اُس شریعت کو پورا کرنے کے برعکس ہمیں دو عظیم احکامات پر عمل کرنا ہے یعنی اپنے خُدا سے اور دوسروں سے محبت کرنی ہے (متی 22باب34-36 آیات)۔ وراثت کی بات کی جائے تواِسے والدین کی طرف سے اِس بات کی تسلی کے طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اُن کےبعد بھی اُن کے خاندان کی دیکھ بھال جا ری ہے۔ موجودہ دور میں میراث /وراثت کا مطلب زمین یا مادی ملکیت ہی نہیں ہے۔ اِس میں اپنے بچّوں کو ایک اچھا کردار دینا، بچّوں کی تعلیم و تربیت کو یقینی بنانا یا اُنہیں کسی شعبے میں تربیت دِلوانہ بھی شامل ہو سکتا ہے۔ لیکن جب زیادہ تر لوگ والدین کے حوالے سےبچّوں کے لیے وراثت /میراث چھوڑ کر جانے کی بات کی جاتی ہے تو اکثر مادی وراثت کے بارے میں ہی سوچا جاتا ہے۔ بائبل یقینی طور پر والدین کی طرف سے اپنے بچّوں کے لیے ملکیت/دولت اور جائیداد کی صورت میں مادی وراثت چھوڑنے کے خیال کی حمایت کرتی ہے۔ لیکن اِس کے ساتھ ہی یہ والدین کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ اِس بات کو یقینی بنائیں کہ اُنہوں نے اِس دُنیا سے بہت ساری چیزوں کو جمع کرنا ہے تاکہ وہ اپنے بچّوں کے لیے اچھی وراثت چھوڑ کر جائیں۔ والدین کو اپنے بچّوں کو اُن توقعات کے بارے میں سکھانا چاہیے جو خُدا انسان سے رکھتا ہے (اِستثنا 6باب6-7 آیات؛ افسیوں 6باب4 آیت) اور اپنے بچّوں کو مسیح کے پاس لانا چاہیے (مرقس 10باب14 آیت)۔ اِس طریقے سے والدین اپنے بچّوں کے لیے بہترین چیزیں چھوڑ کر جانے کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل والدین کی طرف سے اپنے بچّوں کے لیے میراث /وراثت چھوڑنے کے متعلق کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries