settings icon
share icon
سوال

بائبل مُقدس راستی/ دیانتداری کے بارے میں کیا کہتی ہے؟

جواب


پرانے عہد نامے میں جس عبرانی لفظ کا ترجمہ "راستی " کیا گیا ہےاُس کا مطلب "بے عیب ہونے کی حالت ، کاملیت ، کمال، خلوص نیت ، تندرستی، دیانتداری، تکمیل " ہے ۔ نئے عہد نامے میں راستی کا مطلب "ایمانداری اور اچھے کاموں کے نمونے سے وابستگی " ہے ۔

خداوند یسوع راست رَو آدمی کی بہترین مثال ہے۔ بپتسمہ لینے کے بعد وہ چالیس دن اور چالیس رات کا فاقہ کرنے کے لیے بیابان میں گیا اِس دوران شیطان اُس کی کمزور ترین حالت میں اُس کے پاس آیا تاکہ اُس کی راستی کو متاثر کرنے اور اُسے بد ی پر اکسانے کی کوشش کرے ۔ خداوند یسوع بیک وقت کامل انسان اور کامل خُدا تھااور وہ ہماری طرح ہر لحاظ سے آزمایا گیا تھا مگر اُس نے کبھی گناہ نہ کیا (عبرانیوں 4باب 15آیت )؛ یہی راستی کی تعریف ہے۔ خداوند یسوع ہی وہ واحد شخص ہے جو ہمیشہ بے عیب، کامل، مکمل طور پر سچا اور ہمیشہ اچھے کاموں کا نمونہ پیش کرنے والا تھا۔

مسیحیوں کو خداوند یسوع کی مانند بننے کے لیے بُلایا جاتا ہے۔ مسیح میں ہم نئے مخلوق ہیں اور خدا کے حضور بے عیب تصور کیے جا سکتے ہیں (2 کرنتھیوں 5باب 17 ،21آیات ؛ افسیوں 1باب4-8آیات)۔ مسیح میں ہمارے پاس رُوح القدس بھی ہےجو ہماری زندگیوں میں تقدیس اور ہمیں زیادہ سے زیادہ یسوع مسیح کے ہم شکل بنانے کا کام سر انجام دیتا ہے (رومیوں 8باب 29آیت ؛ 2 کرنتھیوں 3باب 18آیت )۔ ہمیں ڈرتے اور کانپتے ہُوئے اپنی نجات کے مطابق کام کرتے جانا چاہیے " کیونکہ جو تم(ہم ) میں نِیّت اور عمل دونوں کو اپنے نیک اِرادہ کو انجام دینے کے لئے پَیدا کرتا ہے وہ خُدا ہے" (فلپیوں 12:12-13)۔ یہ خدا کی قدرت ہی سے ہے کہ ہم بتدریج راست رو لوگ بنتے جاتے ہیں۔ ہمیں خدا کی فرمانبرداری کرنے اور اس طرح مستحکم اخلاق اور راستی کے حامل لوگ بننے کے لیے بلایا جاتا ہے۔ مسیحیوں کو ایسے لوگ بننا چاہیے جو سچائی پر قائم رہتے اور اچھے کام کرتے ہیں۔

ہماری موجود ہ دنیا میں "راستی" اخلاقی مستقل مزاجی کی طرف اشارہ دیتی ہے۔ مسیحیوں کو ایسے لوگ ہونا چاہیے جن کو نہ رشوت دی جا سکے یا جو نہ کسی بات پر سمجھوتہ کریں کیونکہ ہم انسانوں کی بجائے خدا کی خدمت کرتے ہیں (کلسیوں 3باب 17، 23 آیات؛ اعمال 5باب 29آیت )۔ ہمیں اپنے الفاظ پر قائم رہنے والے لوگ بننا ہے (متی 5باب 37آیت ؛ یعقوب 5باب 12آیت)۔ ہمیں اپنے ارد گرد کے لوگوں سے الفاظ اور اعمال دونوں کے ذریعے سے محبت رکھنی ہے (1 یوحنا 3باب 17-18آیات؛ یعقوب 2باب 17-18آیات؛ افسیوں 4باب 29آیت )۔ ہمیں خدا پر ایمان لانے اور اس طرح اپنے تمام راستوں میں اُس کی پیروی کرنے کے لیے بُلایا جاتا ہے (یوحنا 6باب 19آیت ؛ 15باب 1-17آیات)۔ ہماری زندگیوں کو خدا پر ہمارے ایمان کے موافق ہونا اور اِس اعتماد کا اظہار کرنا چاہیے کہ اُس کے راستے سب سےزیادہ اچھے ہیں (امثال 3باب 5-6آیات )۔

اپنی گناہ آلود فطرت کے ساتھ کشمکش کے علاوہ ایک ایسی دنیا میں جہاں بد عنوان ترقی پاتے نظر آتے ہیں ، راستی کے ساتھ رہنا کٹھن ہے۔ 1پطرس 3باب 13-18آیات ہماری حوصلہ افزائی کرتی ہیں : " اگر تم نیکی کرنے میں سرگرم ہو تو تم سے بدی کرنے والا کَون ہے؟ اور اگر راست بازی کی خاطِر دُکھ سہو بھی تو تم مُبارک ہو۔ نہ اُن کے ڈرانے سے ڈرو اور نہ گھبراؤ۔ بلکہ مسیح کو خُداوند جان کر اپنے دِلوں میں مُقدّس سمجھو اور جو کوئی تم سے تمہاری اُمّید کی وجہ دریافت کرے اُس کو جواب دینے کے لئے ہر وقت مستعد رہو مگر حِلم اور خَوف کے ساتھ۔ اور نیّت بھی نیک رکھّو تاکہ جن باتوں میں تمہاری بدگوئی ہوتی ہے اُن ہی میں وہ لوگ شرمندہ ہوں جو تمہارے مسیحی نیک چال چلن پر لَعن طَعن کرتے ہیں۔ کیونکہ اگر خُدا کی یہی مرضی ہو کہ تم نیکی کرنے کے سبب سے دُکھ اُٹھاؤ تو یہ بدی کرنے کے سبب سے دُکھ اُٹھانے سے بہتر ہے۔ اِس لئے کہ مسیح نے بھی یعنی راست باز نے ناراستوں کے لئے گُناہوں کے باعث ایک بار دُکھ اُٹھایا تاکہ ہم کو خُدا کے پاس پُہنچائے۔ وہ جسم کے اِعتبار سے تو مارا گیا لیکن رُوح کے اِعتبار سے زِندہ کِیا گیا "۔ راستی کے ساتھ زندگی بسر کرنا مسیح کے نمونے پر عمل کرنا ہے۔ اور ہم صرف مسیح کی اُس قوت کے وسیلہ سے حقیقی راستی میں زندگی بسر کر سکتے ہیں جو وہ اپنے لوگوں کو بکثر ت اور مفت عطا کرتا ہے (یوحنا 16باب 33آیت ؛ فلپیوں 1 باب 6آیت ؛ افسیوں 1باب 13-14آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل مُقدس راستی/ دیانتداری کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries