settings icon
share icon
سوال

مُردوں کی رُوحوں سے باتیں کر کے پیشن گوئی کرنے کےعمل کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے؟

جواب


اِس مضمون کا عنوان نیکرومینسی (Necromancy) ہے جس کی تعریف کچھ یوں کی جاتی ہے کہ جادوگری کے ذریعے سے مُردہ لوگوں کی اَرواح سےمستقبل کے بارے میں خاص معلومات حاصل کرنا یا پھر کسی طرح کے حالات و واقعات کے سلسلے پر اثر انداز ہونا۔ بائبل مُقدس میں نیکرومینسی کے اِس عمل کو "فالگیری"، "جادوگری" اور "رُوحیت پرستی" بھی کہا گیا ہےاور کلامِ مُقدس میں بہت دفعہ اِس سے منع کیا گیا ہے (احبار 19باب26آیت؛ اِستثنا 18باب10آیت؛ گلتیوں 5باب19-20آیات؛ اعمال 19باب19آیت) اور اِسے خُدا کے نزدیک مکروہ بیان کیا گیا ہے۔ یہ ایسا عمل ہےخُدا جس کے بہت ہی زیادہ سخت خلاف ہےاور اِس سے اُسی قدر اجتناب کرنا چاہیے جتنا کہ بدی اور شیطان سے۔ اِس کی دو طرح کی وجوہات ہیں۔

سب سے پہلے نیکرومینسی یعنی مُردہ رُوحوں سے باتیں کر کے مستقبل کے بارے میں پیشن گوئی کرنے کے عمل میں بد اَرواح شامل ہوتی ہیں اور جو کوئی شخص بھی ایسا کرنےکی کوشش کرتا ہے ، یہ عمل اُس پر بد اَرواح کی طرف سے حملوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔شیطان اور اُس کی بد اَرواح ہم پر سچائی اور حکمت کو ظاہر نہیں کرتے بلکہ وہ ہر لمحے ہمیں تباہ کرنے کی کوشش میں ہوتے ہیں۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہمارا "مخالف اِبلیس گرجنے والے شیرِ بَبر کی طرح ڈھونڈتا پھرتا ہے کہ کس کو پھاڑ کھائے " (1 پطرس 5باب8آیت)۔ دوسرے نمبر پر نیکرومینسی کا یہ عمل معلومات کو حاصل کرنے کے لیے اُس خُدا کی ذات پر انحصار نہیں کرتا جو یہ وعدہ کرتا ہے کہ جس کسی کو حکمت کی ضرورت ہو وہ اُس سےمانگے اور وہ بالکل مفت اُسے عطا کرے گا (یعقوب 1باب 5آیت)۔ یہ بات خاص طور پر بیان کی گئی ہے کیونکہ خُدا ہمیشہ ہی ہماری رہنمائی سچائی اور زندگی کی طرف کرنا چاہتا ہے، لیکن بد اَرواح ہمیں ہمیشہ ہی جھوٹ اور خطرناک قسم کے نقصانات کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں۔

اور یہ تصور کہ معلومات کے حصول کے لیے مُردہ لوگوں کی رُوحوں کے ساتھ رابطہ کیا جا سکتا ہے بالکل جھوٹ پر مبنی ہے۔ وہ سبھی لوگ جو اِس قسم کے رابطے کرنے کی کوشش کرتے ہیں لازمی طور پر بد اَرواح سے رابطہ کر لیتے ہیں نہ کہ اپنے مر جانے والے عزیزوں کی رُوحوں سے۔ وہ سارے لوگ جو مرتے ہیں ، اپنی موت کے فوراً بعد یا تو آسمان پر چلے جاتے ہیں یا جہنم میں –آسمان پر اُس صورت میں اگر وہ خُداوند یسوع مسیح پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان رکھتے ہیں ، اور اگر وہ ایمان نہیں رکھتے تو پھر وہ جہنم میں جاتے ہیں۔ مُردہ اور زندہ لوگوں کے درمیان رابطہ کرنے کا کوئی ممکنہ ذریعہ یا وسیلہ نہیں ہے۔ اِس لیے مُردہ لوگوں سے رابطے کرنے کی کوشش غیر ضروری ہونے کے ساتھ ساتھ بہت ہی زیادہ خطرناک بھی ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مُردوں کی رُوحوں سے باتیں کر کے پیشن گوئی کرنے کےعمل کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries