settings icon
share icon
سوال

دُکھ/تکلیف یا درد کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے ؟

جواب


بائبل مُقدس کے اندر لفظ "درد" 70 سے زیادہ مرتبہ استعمال ہوا ہے۔ اِس لفظ کا پہلا استعمال بچّے کی پیدایش کے دوران درد کے آغاز کے بارے میں وضاحت پیش کرتا ہے : "پھر اُس نے عَورت سے کہا کہ مَیں تیرے دردِ حمل کوبہت بڑھاؤں گا ۔ تُو درد کے ساتھ بچّے جنے گی اور تیری رغبت اپنے شَوہر کی طرف ہو گی اور وہ تجھ پرحکومت کرے گا۔ " (پیدایش 3باب16آیت) ۔ ابھی اِس کا سیاق و سباق یہ ہے کہ آدم اور حوؔا نے گناہ کیا ہے اور بچّے کی پیدایش کے دوران درد اُس گناہ کے بہت سارے نتائج میں سے ایک ہے۔ گناہ کی وجہ سے ساری زمین لعنت زدہ ہو گئی تھی، اور اِس کے نتیجے کے طور پر اِس دُنیا میں موت داخل ہو گئی تھی (رومیوں 5باب12آیت)۔ پس یہاں پر یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ گناہ کے جتنے بھی نتائج ہیں اُن میں سے ایک نتیجہ درد بھی ہے۔

اگرچہ بائبل میں اِس بات کو خصوصی طور پر بیان نہیں کیا گیا لیکن طبّی لحاظ سے ہم اب یہ جانتے ہیں کہ درد دراصل ایک تحفہ ہے۔ اِس کے بغیر ہم کبھی بھی یہ نہ جان پاتے کہ ہمیں کب اور کس طرح کی طبّی توجہ اور مدد چاہیے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ کوڑ ھ کے ساتھ جڑے ہوئے بہت سارے مسائل میں سے ایک مسئلہ درد کا نہ ہونا بھی ہے۔ درد کی غیر موجودگی میں ایک بچّہ کبھی بھی یہ نہ جان پاتا کہ گرم چولہے کو ہاتھ لگانا غلط بات ہے، اور نہ ہی ہمیں اپنی یا کسی بھی اور انسان کی خطرناک حد تک طبیعت کی خرابی کا پتا چلتا۔ رُوحانی طور پر بات کریں تو درد کے بہت سارے فوائد میں سے ایک کا اظہار یعقوب کی طرف سے کیا گیا ہے : "اَے میرے بھائیو! جب تم طرح طرح کی آزمایشوں میں پڑو۔تو اِس کو یہ جان کر کمال خُوشی کی بات سمجھنا کہ تمہارے اِیمان کی آزمایش صبر پَیدا کرتی ہے "(یعقوب 1باب2-3آیات)۔یعقوب کے مطابق جب ہم دردناک آزمائشوں کو برداشت کرتے ہیں تو ہمیں یہ جانتے ہوئے اُس حالت میں خوش ہونا چاہیے خُدا ہماری زندگیوں میں کام کرتے ہوئے ہمارے اندر برداشت اور مسیح جیسا کردار پیدا کر رہا ہے۔ اِس بات کا اطلاق ذہنی، جذباتی، رُوحانی اور جسمانی دردوں پر بھی لازمی طور پر ہوتا ہے۔

درد کسی بھی انسان کو خُد اکے فضل کا تجربہ کرنے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ جو کچھ پولس رسول نے کہا ہے اُس پرغور کریں: "مگر اُس نے مجھ سے کہا کہ میرا فضل تیرے لئے کافی ہے کیونکہ میری قُدرت کمزوری میں پُوری ہوتی ہے ۔ پس مَیں بڑی خُوشی سے اپنی کمزوری پر فخر کروں گا تاکہ مسیح کی قدرت مجھ پر چھائی رہے" (2 کرنتھیوں 12باب9آیت) ۔ اِس حوالے میں پولس رسول "اپنے بدن میں چبھوئے گئے کانٹے" کے بارے میں بات کر رہا تھا۔ ہم نہیں جانتے کہ یہ کانٹا کیا تھا لیکن لگتا ہے کہ یہ پولس کے لیے بہت زیادہ دردناک تھا۔ اُس نے اِس حقیقت کو پہچانا کہ اِس حالت میں اُسے خُدا کا فضل دیا جا رہا تھا تاکہ وہ اُس درد کو برداشت کر سکے۔ خُدا اپنے بچّوں کو کسی بھی طرح کے درد کو برداشت کرنے کے لیے فضل عطا کرے گا۔

لیکن حقیقی خوشخبری یہ ہے کہ یسوع نے ہمارے گناہوں کی خاطر ہماری جگہ پر جان دی ہے: "اِس لئے کہ مسیح نے بھی یعنی راست باز نے ناراستوں کے لئے گناہوں کے باعث ایک بار دُکھ اُٹھایا تاکہ ہم کو خُدا کے پاس پہنچائے ۔ وہ جسم کے اِعتبار سے تو مارا گیا لیکن رُوح کے اِعتبار سے زِندہ کِیا گیا۔ " (1پطرس 3باب18آیت)۔ یسوع مسیح پر ایمان لانے کے وسیلے سے خُدا ایمانداروں کو ابدی زندگی اور اُس کے ساتھ جو کچھ بھی منسلک ہے وہ سبھی عطا کرتا ہے۔ جن میں سے ایک چیز کو کچھ یوں بیان کیا گیا ہے کہ "اور وہ اُن کی آنکھوں کے سب آنسُو پونچھ دے گا ۔ اِس کے بعد نہ مَوت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا ۔ نہ آہ و نالہ نہ درد ۔ پہلی چیزیں جاتی رہیں" (مکاشفہ 21باب4آیت)۔ گناہ میں گرنے کے باعث لعنت زدہ دُنیا کے اندر جو درد ہم برداشت کرتے ہیں وہ ایمانداروں کے لیے مسیح یسوع کے وسیلے سے ماضی کی ایک چیز بن جائے گا ، اور وہ آسمان پر خُداوند کے ساتھ ابدیت گزاریں گے۔

خلاصے کے طور پر، اگرچہ درد کسی طور بھی خوشگوار نہیں ہوتا، پھر بھی ہمیں اِس کے لیے خُدا کا شکر ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ ہمیں خبردار کرتا ہے کہ ہمارے بدن میں کچھ گڑبڑ ہے۔ مزید برآں یہ ہمیں گناہ کے خوفناک نتائج پر غور کرنے کی ترغیب بھی دیتا ہے اور ہمیں خُدا کااِس لیے شکر ادا کرنے کا موقع دیتا ہے کہ اُس نے اِس دُکھ دردسے نکلنے کے لیے ایک راہ بھی مہیا کی ہے۔ جب بھی کوئی شخص درد میں مبتلا ہوتا ہے تو اُس کے لیے اِس بات کو جاننے اور اِس پر غور کرنے کا بہت ہی زبردست موقع ہوتا ہے کہ یسوع نے ہماری خاطر انتہائی کرب آمیز جذباتی اور جسمانی درد سہا تھا۔ دُنیا میں کوئی بھی درد ایسا نہیں ہے جو یسوع مسیح کی مصلوبیت کے دوران ہو گزرنے والے ہولناک واقعات کے برابر ہو، اور اُس نے اُس سارے درد کواپنی مرضی سے ہماری خلاصی اور خُدا باپ کے نام کو جلال دینے کے لیے برداشت کیا۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

دُکھ/تکلیف یا درد کے بارے میں بائبل کیا کہتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries