سوال
ہابل کو قتل کرنے کےبعد قائن کس سے خوفزدہ تھا؟
جواب
اپنے بھائی ہابل کو قتل کرنے کے کچھ دیر بعد پیدایش 4باب 13-14آیات میں قائن نے خدا سے کہا کہ " میری سزا برداشت سے باہر ہے۔ دیکھ آج تُو نے مجھے رُویِ زمین سے نکال دِیا ہے اور مَیں تیرے حضور سے رُوپوش ہو جاؤں گا اور زمین پر خانہ خراب اور آوارہ رہُوں گا اور اَیسا ہو گا کہ جو کوئی مجھے پائے گا قتل کر ڈالے گا۔" قائن اصل میں کس سے خوفزدہ تھا ؟ کیونکہ پیدایش کی کتاب اِس وقت تک جن لوگوں کا ذکر کرتی ہے اُن میں آدمؔ اور حوؔا ( قائن کے والدین ) اور ہابل ( جسے اُس نے اب مار ڈالا تھا ) اور خود قائن ہی شامل ہیں ۔ ممکنہ طور پر کون قائن کے لیے خطرہ ثابت ہو نے والا تھا ؟
اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ قائن اور ہابل اُس وقت پوری طرح جوان تھے جب قائن نے ہابل کو قتل کیا تھا ۔ قائن اور ہابل دونوں پیشہ ور انہ محنت مزدوری کرتے تھے یعنی اپنی زمین پر کھیتی باڑی اور بھیڑبکریوں کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے ( پیدایش 4باب 2-4آیات)۔ بائبل ہمیں یہ نہیں بتاتی کہ قائن اور ہابل کی اُس وقت کتنی عمر تھی لیکن زیادہ امکان یہی ہے کہ وہ تیس یا چالیس سال کے ہوں گے ۔ بائبل خصوصاً اس بات کا ذکر بھی نہیں کرتی کہ آدمؔ اور حوؔا کی ہابل اور سیت کے درمیان کوئی اور اولاد بھی تھی ( پیدایش 4باب 25آیت)۔ تاہم یہ بڑی غیر متوقع بات ہے کہ دنیا کی تاریخ کے سب سے کامل انسانوں یعنی آدمؔ اور حوؔا کی کئی دہائیوں تک کوئی اولاد نہ ہوئی ہو ۔ سیؔت کے بعد آدمؔ اور حوؔا کے بہت سے بچّے پیدا ہوئے تھے ( پیدایش 5باب 4 آیت)تو پھر ہابل اور سیت کےدرمیان اُن کے اور بچے کیوں نہ ہوئے ہوں گے؟ بائبل یہ نہیں کہتی کہ سیت آدمؔ اور حوؔا کا پہلا بچّہ تھا یا حتیٰ کہ ہابل کے قتل کے بعد پہلا بیٹا تھا ۔ بلکہ بائبل بتاتی ہے کہ ہابل کے " عوض " سیت بخشا گیا تھا ۔ پیدایش 5باب سیت کے نسب نامے کا خاکہ پیش کرتا ہے ۔ اپنی موت سے پہلے ہابل غالباً " چُنا ہوا " بیٹا تھا جس کی نسل سے بالآخر مسیحا نے آنا تھا ( پیدایش 3باب 15آیت)۔پس اس لحا ظ سے سیت نے ہابل کی جگہ لے لی تھی ۔
پس قائن کس سے خوفزدہ تھا ؟ قائن اپنے بھائیوں ، بہنوں ، بھتیجوں اور بھانجوں وغیرہ ہی سے خوفزدہ تھا جو پیدا ہو چکے تھے اور بدلہ لینے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ قائن کی ایک بیوی تھی ( پیدایش 4باب 17آیت) یہ حقیقت اس بات کو مزید ثابت کرتی ہے کہ آدم ؔاور حوؔا کے قائن اور ہابل کے بعد مگر سیت سے پہلے بھی دیگر کئی اوربچے تھے ۔
English
ہابل کو قتل کرنے کےبعد قائن کس سے خوفزدہ تھا؟