settings icon
share icon
سوال

کیا مسیحیوں کو کرسمس منانا چاہیے؟

جواب


یہ بحث صدیوں سے جاری ہے کہ آیا مسیحیوں کو کرسمس /عیدِ ولادت المسیح کو منانا چاہیے یا نہیں ۔ اس معاملے کے حق میں اور اس کی مخالفت میں یکساں مخلص اور پرعزم مسیحی شامل ہیں جن میں سے ہر ایک کے پاس متعدد وجوہات ہیں کہ مسیحی گھرانوں میں عیدِ ولادت المسیح کیوں منائی جانی چاہیے یا پھر کیوں نہیں منائی جانی چاہیے۔ مگر بائبل اس بارے میں کیا فرماتی ہے؟ کیا بائبل واضح ہدایت دیتی ہے کہ آیا عیدِ ولادت المسیح/کرسمس ایک ایسا خاص دِن ہے جسے مسیحیوں کی طرف سے منایا جانا چاہیے؟

آئیے سب سے پہلےاُن وجوہات پر غور کرتے ہیں کہ کچھ مسیحی عیدِ ولادت المسیح /کرسمس کیوں نہیں مناتے ہیں۔ عیدِ ولادت المسیح /کرسمس کے منائے جانے کے خلاف ایک دلیل یہ ہے کہ اس خاص دن سے منسلک روایات کی ابتدا بت پرستانہ مذاہب کی رسومات سے ہوئی ہے۔ اِس موضوع کے حوالے سے قابلِ اعتماد معلومات ڈھونڈ پانا مشکل ہے کیونکہ ہماری بہت سی روایات کے ماخذ اس قدر مبہم ہیں کہ اکثر ذرائع ایک دوسرے سے متصادم ہوتے ہیں۔ گھنٹیاں، موم بتیاں،Yuleکہلانے والے درخت کے تنے کا لٹھ اور کرسمس سیزن کے دوران سجاوٹی سرگرمیو ں کا ذکر غیر مذاہب کی عبادتی تاریخ میں ملتا ہے لیکن کسی شخص کے گھر میں اِن چیزوں کا استعمال یقیناً بُت پرستانہ مذاہب کی طرف لوٹ جانے کا اشارہ نہیں دیتا۔ گوکہ کچھ روایات کی جڑیں بلاشبہ بُت پرستانہ مذاہب میں پائی جاتی ہیں لیکن ایسی بہت سی روایات بھی ہیں جو عیدِ ولادت المسیح یعنی بیت لحم میں دنیا کے نجات دہندہ کی پیدایش کے حقیقی معنی کیساتھ وابستہ ہیں ۔ خوشی کی خبر سنانے کے لیے گھنٹیاں بجائی جاتی ہیں، ہماری اس یاد دہانی کے لیے موم بتیاں روشن کی جاتی ہیں کہ مسیح دنیا کا نورہے (یوحنا 1باب 4-9آیات)، بیت لحم کے ستارے کو یاد کرنے کے لیے کرسمس ٹری کے اوپر ایک ستارہ لگایاجاتا ہےاور تحائف کا تبادلہ کیا جاتا ہے تاکہ ہمیں یسوع کو جو بنی نوع انسان کے لیے خدا کا سب سے بڑا تحفہ ہے مجوسیوں کی طرف سے دئیے جانے والے تحائف کی یاد دلائی جائے ۔

عیدِ ولادت المسیح کے منائے جانے اور خصوصاً کرسمس ٹری کو سجھانے کے خلاف ایک اور دلیل یہ ہے کہ بائبل ہمیں گھروں میں درخت لانے اور انہیں سجانے سے منع کرتی ہے۔ اس نسبت سے اکثر یرمیاہ 10باب 1-16آیات کا حوالہ دیا جاتا ہےلیکن یہ حوالہ درختوں کو کاٹنے ، بت بنانے کے لیے لکڑی کو تراشنے اور پھر اس کے سامنے سجدہ ریز ہونے کی غرض سے اس بُت کو چاندی اور سونے سے سجانے کے عمل سے تعلق رکھتا ہے (یسعیاہ 44باب 9-18آیات کو بھی دیکھیں)۔ یرمیاہ کی کتاب میں موجود اس حوالے کو اِس کے سیاق و سباق سے ہٹا کر کرسمس ٹری کے خلاف ایک جائز دلیل کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

ایسے مسیحی جو عیدِ ولادت المسیح/کرسمس کو نظر انداز کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں وہ اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بائبل ہمیں مسیح کی پیدایش کی تاریخ نہیں بتاتی، جو بے شک ایک سچائی ہے۔ ممکن ہے کہ 25 دسمبر یسوع کی پیدایش کے وقت کے قریب تر بھی نہ ہو اور دونوں اطراف ایسے بے شمار دلائل ہیں جن میں سے کچھ کا تعلق اسرائیل میں آب و ہوا، سردیوں میں چرواہوں کی سرگرمیوں، اور رومی مردم شماری کی تاریخوں کے ساتھ ہے۔ اِن میں سے کوئی بھی نکتہ کسی خاص قیاس آرائی کے بغیر نہیں ہے جو ہمیں اس حقیقت کی طرف واپس لاتا ہے کہ بائبل ہمیں یہ نہیں بتاتی کہ یسوع کب پیدا ہوا تھا۔ کچھ لوگ اس بات کو مثبت ثبوت کے طور پر دیکھتے ہیں کہ خُدا نہیں چاہتا تھا کہ ہم یسوع کی پیدایش کے جشن کو منائیں جبکہ دوسرے لوگ اس اَمر پر بائبل کی خاموشی کو خاموش منظوری کے طور پر دیکھتے ہیں۔

کچھ مسیحیوں کا کہنا ہے چونکہ دنیا کی دیگر غیر قومیں بھی عید ِ ولادت المسیح /کرسمس کو مناتی ہیں اس لیے مسیحیوں کو اس سے گریز کرنا چاہیے - حالانکہ سیاسی طور پر اِسے "چھٹیاں " قرار دینا زیادہ سے زیادہ درست ہوتا چلا جا رہا ہے۔ لیکن یہ وہی دلیل ہے جو مسیح کا مکمل طور پر انکار کرنے والے جھوٹے مذاہب کے سا تھ ساتھ یہوواہ کے گواہوں جیسی بدعات کی طرف سے پیش کی جاتی ہے جو اُس کی الوہیت کا انکار کرتے ہیں۔ وہ مسیحی جو عید ِ ولادت المسیح /کرسمس مناتے ہیں وہ اکثر غیر اقوام و بدعات میں پھنسے ہوئے لوگوں کے سامنے اِس بات کا اقرار کرتے ہیں کہ یسوع ہی اُن کے لیے اِس "رُت کی وجہ " ہے

جیسا کہ ہم نے دیکھا ہے عید ِ ولادت المسیح /کرسمس نہ منانے کی کوئی جائز بائبلی وجہ نہیں ہے۔ اِسی اثنا ء میں اس کو منانے کے لیے کوئی بائبلی حکم بھی نہیں ہے۔ آخر ی بات یہ کہ آیا عید ِ ولادت المسیح /کرسمس کو منانا چاہیے یا نہیں یقیناً ایک ذاتی فیصلہ ہے۔ مسیحی عید ِ ولادت المسیح منانے کے حوالے سے جو بھی فیصلہ کرتے ہیں اُن کے خیالات کو مخالف خیالات کے حامل لوگوں کو قائل کرنےیا اُن کی تذلیل کرنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور نہ ہی اُن خیالات و دلائل کو ایسے تمغے کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے جو منانے یا نہ منانے پر فخر کو ترغیب دیں۔ تمام باتوں کی طرح ہمیں اس بات کے لیے بھی اُس خدا سے حکمت مانگنے کی ضرورت ہے جو سب مانگنے والوں کو مفت عطا کرتا ہے (یعقوب 1باب 5آیت) اور عید ِ ولادت المسیح /کرسمس کے بارے میں اپنے خیالات سے قطع نظر ایک دوسرے کو مسیحی محبت اور فضل میں قبول کرنے کی ضرورت ہے۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا مسیحیوں کو کرسمس منانا چاہیے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries