settings icon
share icon
سوال

مسیحی بپتسمہ کی کیا اہمیت ہے ؟

جواب


مسیحی بپتسمہ اُن دو ضوابط میں سے ایک ہے جنہیں کلیسیا میں رائج کرنے کا یسوع نے خود حکم دیا ۔ اپنے آسمان پر جانے سے پہلے یسوع نے کہا"پس تم جا کر سب قوموں کو شاگرد بناؤ اور اُن کو باپ اور بیٹے اور روح القدس کے نام سے بپتسمہ دو۔ اور اُن کو یہ تعلیم دو کہ اُن سب باتوں پر عمل کریں جن کا میں نے تم کو حکم دیا اور دیکھو میں دنیا کے آخر تک ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں " (متی 28باب 19- 20آیات)۔ یہ ہدایات واضح کرتی ہیں کہ یسوع کے کلام کی منادی کرنا، تعلیم دینا ، شاگرد بنانا اور اُن شاگردوں کو بپتسمہ دینا کلیسیا کی ذمہ داری ہے ۔" دنیا کے آخر " تک یہ کام ہر جگہ ( " تمام قوموں ") میں کئے جانے چاہییں ۔ پس اگر کسی اور وجہ سے نہیں تو بھی بپتسمہ اِس وجہ سےضرور اہمیت کا حامل ہے کہ خُداوند یسوع نے خود اِس کا حکم دیا تھا۔


کلیسیا کے قیام سے پہلے بھی بپتسمہ لیا جاتا تھا۔ نئے معتقد وں کی " پاک " فطرت کی نشاندہی کےلیے پرانے زمانہ کے یہودی نو مریدوں کو بپتسمہ دیتے تھے۔ یوحنا اصطباغی نے نہ صرف غیر قوموں کو بلکہ ہر ایک کو بپتسمہ لینے کا حکم دیتے ہوئے بپتسمہ کو خداوند کی راہ تیار کرنے کےلیے استعمال کیا کیونکہ ہر ایک کو توبہ کی ضرورت ہے ۔ تاہم یوحنا کا بپتسمہ گناہوں سے توبہ کی علامت ہونے کے باعث مسیحی بپتسمہ جیسا نہیں ہے جیسا کہ اعمال 18باب 24-26آیات اور 19باب 1-7آیات میں محسوس ہوتا ہے ۔ مسیحی بپتسمہ زیادہ گہرا مفہوم رکھتا ہے ۔

بپتسمہ باپ،بیٹے اور روح القدس کے نام میں دیا جاتا ہے ــ اور یہی بات اِس کو " مسیحی " بپتسمہ بنا تی ہے ۔ اِسی قانون کے ذریعے ایک شخص کو کلیسیائی رفاقت میں داخل کیا جاتا ہے۔ جب ہم نجات پاتے ہیں تو ہمیں مسیح کے بدن یعنی کلیسیا میں رُوح القدس کے ذریعے " بپتسمہ " دیا جاتا ہے ۔ 1-کرنتھیوں 12باب 13آیت کہتی ہے "کیونکہ ہم سب نے خواہ یہودی ہوں خواہ یونانی ۔ خواہ غلام خواہ آزاد ۔ ایک ہی روح کے وسیلہ سے ایک بدن ہونے کےلیے بپتسمہ لیا اور ہم سب کو ایک ہی رُوح پلایا گیا" ۔ پانی کے ذریعہ سے بپتسمہ لینا در اصل رُوح القدس سے بپتسمہ لینے کی وجہ سے ہی ممکن ہوتا ہے۔

مسیحی بپتسمہ وہ طریقہ کار ہے جس کے ذریعے ایک شخص کھلے عام اپنے مسیحی ایمان اور شاگردیت کا اقرار کرتا ہے ۔ بپتسمہ کے پانی میں وہ شخص خاموشی سے کہتا ہے " مَیں مسیح پر ایمان رکھنےکا اقرار کرتا ہوں یسوع نے میری رُوح کو گناہ سے پاک کر دیا ہے ۔ اور اب مَیں تقدیس شدہ ایک نئی زندگی رکھتا/رکھتی ہوں "۔

مسیحی بپتسمہ ڈرامائی انداز سے مسیح کی موت ، تدفین اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی تصویر کشی کرتا ہے اور اِس کے ساتھ ہی بپتسمہ گناہ کے اعتبار سے ہماری موت اور مسیح میں نئی زندگی کو ظاہر کرتا ہے ۔ جیسے ہی گنہگار خداوند یسوع کا اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر اقرار کرتا ہے تو وہ گناہ کے اعتبار سے مر جاتا ہے (رومیوں 6باب 11آیت) اور پھر ایک نئی زندگی میں جی اُٹھتا ہے (کلسیوں 2باب 12آیت)۔ پانی میں ڈوبنا گناہ کے اعتبار سے مرنے کی علامت ہے اور پانی سے اُ وپر آنا پاک اور مقدس زندگی کو حاصل کرنے (جی اُٹھنے کی علامت ) ہے جو نجات کے بعد ایماندار کو حاصل ہوتی ہے ۔ رومیوں 6باب 4آیت اِس عمل کو اِس انداز میں بیان کرتی ہے : " پس موت میں شامل ہونے کے بپتسمہ کے وسیلہ سے ہم اُس کے ساتھ دفن ہوئے تاکہ جس طرح مسیح باپ کے جلال کے وسیلہ سے مردوں میں سے جلایا گیا اُسی طرح ہم بھی نئی زندگی میں چلیں ۔"

آسان الفاظ میں کہا جائے تو بپتسمہ ایک ایماندار کی زندگی میں اندرونی طور پر ہونے والی تبدیلی کی ظاہری گواہی ہے مسیحی بپتسمہ نجات کے بعد خداوند کی فرمانبرداری کا عمل ہے ؛ اگرچہ یہ نجات کے ساتھ گہرا تعلق رکھتا ہے مگر یہ نجات کےلیے لازمی شرط نہیں ہے ۔ بائبل بہت سے حوالہ جات میں بپتسمہ کے حوالے سے واقعات کے تسلسل کو پیش کرتی ہے، جیسے کہ: 1) ایک شخص خدا وند یسوع پر ایمان لاتا ہے۔ 2) اورپھر اُس کو بپتسمہ دیا جاتا ہے ۔ یہ تسلسل اعمال 2باب 41آیت میں دیکھا جا سکتا ہے " پس جن لوگوں نے اُس کا کلام قبول کیا اُنہوں نے بپتسمہ لیا"(اعمال 16باب 14-15آیات کو بھی دیکھیں )۔

یسوع مسیح میں ایک نئے ایمان دار کو جلد از جلد بپتسمہ لینے کی خواہش کرنی چاہیے ۔ اعمال 8باب میں فلپُّس حبشی خوجہ کو " یسوع کی خوشخبری " سُناتا ہے اوروہ " راہ میں چلتے چلتے کسی پانی کی جگہ پر پہنچے ۔ خوجہ نے کہا دیکھ پانی موجود ہے اب مجھے بپتسمہ لینے سے کون سی چیز روکتی ہے؟ "(35- 36آیات)۔ اُنہوں نے فوراً رتھ کو روکا اور فلپُّس نے اُسے بپتسمہ دیا ۔

بپتسمہ مسیح کی موت ،تدفین اور مردوں میں سے جی اُٹھنے کے ساتھ ایک ایماندار کی مماثلت کو پیش کرتا ہے ۔ ہر جگہ جہاں لوگوں کو انجیل کی خوشخبر سنائی جاتی ہے اور وہ ایمان میں مسیح کے پاس آتے ہیں تو اُن کو بپتسمہ دیا جاتا ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مسیحی بپتسمہ کی کیا اہمیت ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries