سوال
ایک مسیحی کونسی قسم کے پیشے/کیریرز کے بارے میں سوچ سکتا ہے؟
جواب
بعض اوقات ہم سوچتے ہیں کہ مسیحیوں کو "مسیحی پیشوں/کیرئیرز" کے بارے میں سوچنا چاہیے جیسے کہ کلیسیا میں یا کلیسیا کے ساتھ منسلک کسی خدمت کو پیشے کے طور پر اپنانا۔ ہم اِس بات کا اندازہ لگا سکتے ہیں کہ مسیحی کلیسیا کی چاردیوار ی یا مسیحی نام رکھنے والے کسی شعبے سے باہر بھی کام کر سکتے ہیں، لیکن پھر ہم اپنے آپ کو "امداد مہیا کرنے والے" شعبوں تک محدود کر لیتے ہیں۔ مسیحی لوگ ڈاکٹر ، نرسیں، اساتذہ، بچّوں کی نگہداشت کرنے والے، سماجی کارکن، قانون نافذ کروانے والے افسران یا کونسلرزبھی ہو سکتے ہیں۔ لیکن کیا ایک کاروباری شخص؟ایک وکیل؟ ایک آئی ٹی گرو؟ایک موجد؟ ایک معمار؟ ایک فیشن ڈیزائنر؟ ایک نیوز اینکر؟ ایک ٹی وی پروڈیوسر؟ ایک موسیقار؟ ایک فنکار بھی؟ہم اِن پیشوں کو مسیحیوں کے لیے پسندیدہ کاموں کی فہرست میں شامل نہیں کرتے۔ اِس طرح کے محدود موقف کے بارے میں بائبل میں کچھ بھی نہیں کہا گیا۔
مسیحی تقریباً کسی بھی پیشے/کسی بھی طرح کے کیرئیر پر غور کر سکتے ہیں۔ پولس نے کرنتھس کی کلیسیا کو لکھا کہ " مگر جیسا خُداوند نے ہر ایک کو حِصّہ دِیا ہے اور جس طرح خُدا نے ہر ایک کو بُلایا ہے اُسی طرح وہ چلے اور مَیں سب کلیسیاؤں میں اَیسا ہی مُقرّر کرتا ہُوں۔ ۔۔ ہر شخص جس حالت میں بُلایا گیا ہو اُسی میں رہے۔اگر تُو غُلامی کی حالت میں بُلایا گیا تو فِکر نہ کر لیکن اگر تُو آزاد ہو سکے تو اِسی کو اِختیار کر۔۔۔ اَے بھائِیو! جو کوئی جس حالت میں بُلایا گیا ہو وہ اُسی حالت میں خُدا کے ساتھ رہے " (1 کرنتھیوں 7باب17، 20-21، 24 آیات)۔ پولس ایمانداروں سے یہ نہیں کہتا کہ وہ اپنے حالیہ پیشے کو چھوڑ کر مشنری یا پاسبان بن جائے۔ وہ اُنہیں کہتا ہے کہ جہاں پر وہ خُدا کی خدمت کر رہے ہیں وہیں پر خدمت کرنا جاری رکھیں۔ پولس نے ایسا ہی کچھ کلسیوں کی کلیسیا کو لکھا، "اور کلام یا کام جو کُچھ کرتے ہو وہ سب خُداوند یِسُو ع کے نام سے کرو اور اُسی کے وسیلہ سے خُدا باپ کا شُکر بجا لاؤ " (کلسیوں 3باب17 آیت)۔ جو کچھ ہم کر رہے ہیں وہ اتنا زیادہ اہم نہیں ہے، بلکہ اہم یہ ہے کہ ہم وہ کس کے لیے کر رہے ہیں۔ جب ہم سخت محنت اور خوشدلی کے ساتھ کام کرتے ہیں تو ہم خُدا کے نام کو جلال دیتے ہیں ، پھر وہ کام چاہے ہم پادری کے طور پر کریں، سرمایاکار، اداکار، گھریلو ماں یا پھر کسی کیفے میں کام کرنے والے کے طور پر۔
پیشے/کیرئیر کا انتخاب کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ دُعا کا معاملہ ہے۔ آپ کو اِس حوالے سے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے خُدا کی مرضی معلوم کرنی چاہیے۔ اپنی زندگی میں خُدا داد صلاحیتوں کا جائزہ لینا بھی اِس حوالے سے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ خُدا ہم میں سے ہر ایک کو منفرد خواہشات، صلاحیتوں اور دلچسپیوں کے ساتھ منفرد مقاصد کے لیے مختلف بناتا ہے (1 کرنتھیوں 12باب؛ رومیوں 12باب4-8 آیات)۔ جو لوگ آپ کو اچھی طرح جانتے ہیں اُن سے بات چیت کرنا بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ایسے لوگ دانشمند مشیر (امثال 15باب22 آیت) کے طور پر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔ اکثر مددگار بڑی بصیرت فراہم کرتے ہیں۔ اپنے ممکنہ پیشے /کیرئیرسے منسلک کسی شخص کے زیر سایہ رہنا یا کسی کا انٹرویو کرنا یا اُس شعبے میں رضاکارانہ طور پر کام کرنا بھی مددگارثابت ہو سکتا ہے جس کی طرف آپ رجحان یا دلچسپی محسوس کرتے ہیں۔
مسیحی کسی بھی ایسے پیشے/کیرئیر پر غور کر سکتے ہیں جس میں وہ خُدا کے نام کو عزت دے سکیں اور اپنی اُس انفرادیت کو استعمال کر سکیں جس کے ساتھ خُدا نے اُنہیں پیدا کیا تھا۔ یقینی طور پر کچھ پیشے ایسے ہیں جو فطری طور پر خُدا کی تکفیر کرتے ہیں۔ اُن میں سے زیادہ تر جائز نہیں ہیں جیسے کہ جسم فروشی یا فحش مواد وغیرہ کا کام۔ لیکن کوئی بھی پیشہ جس کی انجام دہی میں گناہ کی ضرورت نہیں ہے قابلِ ستائش مسیحی کام ہے اور اُسے خُدا کے نام کو جلال دینے کے ساتھ کیا جا سکتا ہے (کلسیوں 3باب23 آیت)۔
English
ایک مسیحی کونسی قسم کے پیشے/کیریرز کے بارے میں سوچ سکتا ہے؟