settings icon
share icon
سوال

بائبل ایک اچھے مسیحی خاندان کی تعریف کیسے کرتی ہے ؟

جواب


ایک اچھا مسیحی خاندان وہ ہے جو بائبل کے اصولوں کی پیروی میں مگن رہتا اور جس کا ہر فرد خدا کے عطا کردہ اپنے کردار کو سمجھتا اور پورا کرتا ہے ۔ خاندان انسان کا تیار کردہ کوئی دستور نہیں ہے ۔ اسے خدا نے انسان کے فائدے کے لیے تخلیق کیا تھااور انسان کو اِس کی مختار ی بخشی گئی ہے۔ بائبلی خاندان کی بنیادی اکائی ایک مرد، اُس کی شریک حیات -ایک عورت اور اُن کی اولاد یا گود لیے ہوئے بچّوں پر مشتمل ہے۔ اور کسی بڑے خاندان میں خون یا شادی کے تعلق سے مزید رشتہ دار جیسے دادا دادی، بھتیجیاں ، بھتیجے،کزن، چاچیاں اور چاچے شامل ہوسکتے ہیں ۔ خاندانی اکائی کے بنیادی اصولوں میں سے ایک اصول یہ ہے کہ یہ دونوں شریک ِ حیات کے زندگی بھر اکٹھے رہنے کے اُس عہد پر مشتمل ہے جو خدا کی طرف سے مقرر کردہ ہے۔ شوہر اور بیوی ہماری ثقافت کے موجودہ رویے کے باوجود اس عہد کو باہمی طو ر پر قائم رکھنے کےذمہ دار ہیں ۔ ہمارے معاشرے میں اگرچہ طلاق بہت آسانی سے طلب کی جاتی اور دی جاتی ہے لیکن بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ خدا طلاق سے نفرت کرتا ہے (ملاکی 2باب 16آیت )۔

بلاشبہ، ایک مسیحی خاندان کے ارکان کے لیے پہلی شرط یہ ہے کہ وہ سب مسیحی ہوں اور اُن کا یسوع مسیح کے ساتھ اپنے خداوند اور نجات دہندہ کے طور پر حقیقی رشتہ ہو۔ افسیوں 5باب 22-26آیات ایک مسیحی خاندان میں شوہر اور بیوی کے لیے رہنما اصول فراہم کرتی ہیں ۔ شوہر سے تقاضا کیا جاتا ہے کہ اپنی بیوی سے اِس طور پر سے محبت رکھے جیسے مسیح نے کلیسیا سے محبت رکھی ہے اور کسی بیوی کو اپنے شوہر کی عزت کرنی اور خاندان میں اس کی قیادت کے بخوشی تابع رہنا چاہیے۔ شوہر کا قائدانہ کردار خدا کے ساتھ اُس کے اپنے رُوحانی تعلق سے شروع ہونا چاہیے اور اس کے بعد اُسے خاندان کی بائبلی سچائی میں رہنمائی کرتے ہوئے اپنی بیوی اور بچّوں کو کلام ِ مقدس کی اقدار کی تعلیم دینی چاہیے ۔ باپ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بچّوں کی پرورش "خداوند کی طرف سے تربیت اور نصیحت " کی روشنی میں کرے (افسیوں 6باب 4آیت )۔ کسی باپ کو اپنے خاندان کا مناسب بند و بست بھی کرنا چاہیے ۔ اگر وہ ایسا نہیں کرتا تو وہ "ایمان کا مُنکر اور بے اِیمان سے بدتر ہے "(1تیمتھیس 5باب 8آیت )۔ لہٰذا کوئی ایسا آدمی جو اپنے خاندان کا بندو بست کرنے کی بالکل کوشش نہیں کرتا وہ خود کو درست طور پر مسیحی نہیں کہہ سکتا۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بیوی خاندان کا بند و بست کرنے میں مدد نہیں کر سکتی۔ امثال 31 باب ظاہر کرتا ہے کہ ایک دیندار بیوی یقیناً ایسا کر سکتی ہے-لیکن خاندان کا بند و بست کرنا بنیادی طور پر اُس کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ اُس کے شوہر کی ذمہ داری ہے ۔

خُدا کی طرف عورت اِس مقصد کے تحت مرد کو عطا کی گئی کہ وہ اپنے شوہر کی مدد گار ہو (پیدایش 2باب 18-20آیات) اور بچّے پیدا کرے۔ مسیحی ازدواجی زندگی میں شوہر اور بیوی کو زندگی بھر کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ وفادار رہنا ہے۔ خُدا مرد اور عورت کے رتبے کے لحاظ سے برابری کا اعلان یوں کرتا ہے کہ مردوں اور عورتوں کو خدا کی صورت و شبیہ پر بنایا گیا ہے اور اس لیے اُس کی نظر میں دونوں یکساں اہمیت رکھتے ہیں ۔ تاہم اِس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ زندگی میں مرد اور عورت کے کردار یکساں ہیں۔ خواتین بچّوں کی پرورش اور دیکھ بھال کرنے میں زیادہ مہارت رکھتی ہیں جبکہ مرد خاندان کے بند و بست اور حفاظت کے لیے بہتر طور پر لیس ہوتے ہیں۔ پس وہ رتبے میں برابر ہیں لیکن مسیحی ازدواجی زندگی میں ہر ایک کا کردار مختلف ہے۔

ایک مسیحی ازدواجی رشتہ جو ایک مسیحی خاندان کی بنیاد ہے جنسی تعلقات کے حوالے سے بائبل کی ہدایات کی پیروی کرتا ہے۔ بائبل اس ثقافتی نقطہ نظر کی مخالفت کرتی ہے کہ خدا کی نظر میں طلاق، شادی کیے بغیر ایک ساتھ رہنا اور ہم جنس پرستانہ شادی قابل قبول ہے۔ بائبل کے معیاروں کے مطابق جنسیت اظہار محبت اور وابستگی کا ایک خوبصورت ذریعہ ہے۔ شادی کے عہد سے باہر ایسا اظہار گناہ ہے۔

مسیحی خاندان میں بچّوں کو دو بنیادی ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں: اپنے والدین کی فرمانبرداری اور عزت کرنا (افسیوں 6باب 1-3آیات )۔ بالغ ہونے تک والدین کی فرمانبرداری کرنا بچّوں کا فرض ہےمگر والدین کی عزت کرنا اُن کی زندگی بھر کی ذمہ داری ہے۔ خدا اُن لوگوں سے اپنی نعمتوں کا وعدہ کرتا ہے جو اپنے والدین کی عزت کرتے ہیں۔

مثالی طور پر، ایک مسیحی خاندان کے تمام افراد مسیح اور اس کی خدمت کےلیے وقف ہوں گے۔ جب کوئی شوہر، بیوی اور بچّے سبھی خدا کے مقرر کردہ اپنے اپنے کردار کو پورا کرتے ہیں تو گھر میں امن اور ہم آہنگی کا راج ہوتا ہے۔ لیکن اگر ہم مسیح کو بطور سر قائم کیے بغیر یا بائبل کے اُن اصولوں پر عمل کیے بغیر جو خُداوند نے پیار سے ہمیں عطا کئے ہیں مسیحی خاندان کو تشکیل دینے کی کوشش کرتے ہیں تو اُس صورت میں ہمارےگھر کو نقصان پہنچے گا۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل ایک اچھے مسیحی خاندان کی تعریف کیسے کرتی ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries