settings icon
share icon
سوال

کیا کسی مسیحی کے مشاغل ہونے چاہییں؟

جواب


مشغلہ کوئی ایسی سرگرمی ہے جسے ہم اپنے معمول کے کام سے ہٹ کر خوشی یا فراغت میں اپنے سکون کے لیے کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر اِن میں ورزش یا سیر کے لیے پیدل چلنا ، لکڑی کا کام کرنا، کوئی موسیقی کا آلہ بجانا، پڑھنا، کھیل کھیلنا، یا دیگر بے شمار مشاغل ہو سکتے ہیں ۔ خُدا جانتا ہے کہ ہمیں وقتاً فوقتاً سستانے اور محض تفریح کرنے کی ضرورت ہےلیکن ہمیں دنیاوی اورگناہ آلودتفریح کی بجائے صرف جائز اور راست نوعیت کی تفریح کرنے کی ضرورت ہے ۔ پس، کیا مسیحیوں کے مشاغل ہونا غلط ہے؟ لازمی نہیں ۔ زیادہ تر مشاغل غیر جانبدار ہوتے ہیں یہ نہ تو صحیح اور نہ ہی غلط ہوتے ہیں ۔ ا س اعتبارسے بنیادی بات مشغلےمیں مشغول شخص کا رویہ ہے۔

پولس رسول نے لکھا ہے کہ " کلام یا کام جو کُچھ کرتے ہو وہ سب خُداوند یِسُوعؔ کے نام سے کرو اور اُسی کے وسیلہ سے خُدا باپ کا شُکر بجا لاؤ۔ " (کلسیوں 3باب 17آیت )۔ اُس نے یہ بھی لکھا ہے کہ " پس تُم کھاؤ یا پِیو یا جو کُچھ کرو سب خُدا کے جلال کے لئے کرو "(1 کرنتھیوں 10باب 31 آیت)۔ ہمارے مشاغل کا تعین کرنے والاحقیقی پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ آیا وہ خدا کے نام کو جلال دیتے ہیں یا نہیں، آیا ہم اُنہیں خدا کی طرف سے اُس نعمت کے طور پر دیکھتے ہیں یا نہیں جس کے لئے ہمیں شکر گزار ہونا چاہیے اور آیا وہ ہماری توجہ خدا سے ہٹاتے ہیں یا نہیں۔ آج کل ہماری بہت سی تفریحات اور مشاغل گناہ پر مبنی ہیں اور جو جسم کی خواہش اورآنکھوں کی خواہش کو پورا کرتے ہوئے گناہ کو جلال دیتے ہیں ۔ ہمیں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ہمارے مشاغل گناہ پر مرکوز نہیں ہیں ۔

اگر ہم انہیں خدا سے بچنے کے لیے اختیار کرتے یا اُن کی جانب غلط رجحان رکھتے ہیں تو مشاغل غلط ہو سکتے ہیں ۔ ہم کھیلوں میں حصہ لے سکتے ہیں اور رفاقت اور ورزش کے کھیلوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ لیکن اگرہماری مقابلہ کرنے کی فطر ت ہارنے یا خراب کھیلنے پر ہمیں کوستی ہے ، اگر ہم سکور درج کرنے میں دھوکہ کرتے ہیں یا اگر ہم اپنے مخالفین کو دشمن کے طور پر دیکھنے لگتے ہیں تو یہ غلط رویہ ہوگا اور اس سے خدا کا نام جلال نہیں پائے گا۔ کھیل بذات خود غلط نہیں ہیں لیکن اِن کی جانب ہمارے نقطہ نظر اور اِن کے ساتھ ہمارے رویے کی وجہ سے اِن میں ہماری شرکت گناہ آلود بن جاتی ہے۔ لیکن اگر ہم اِن سرگرمیوں سے خدا کی شکر گزاری کے ساتھ لطف اندوز ہوتے ہیں اور اِن میں شرکت کرنا خُداکے ساتھ ہمارے تعلقات کو متاثر نہیں کرتاتو پھر کھیل یا مشغلہ ہماری زندگیوں میں مثبت اثر رکھتا ہے۔

مشاغل کے حوالے سے آزمایش یہ ہے کہ اُن کو زندگی سے فرار اور نتیجتاً خدا سے فرار ہونے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ ہمارے وقت کو ہم سے چھین سکتے ، ہماری زندگیوں میں بُت بن سکتے ہیں اور ہر بات میں خدا کے نام کو جلال دینے سے ہماری توجہ ہٹا سکتے ہیں۔ مسیح میں ہمیں حیرت انگیز آزادی حاصل ہے لیکن پولس رسول نے ہمیں یہ تنبیہ کی ہےکہ " اَے بھائیو! تُم آزادی کے لئے بُلائے تو گئے ہو مگر اَیسا نہ ہو کہ وہ آزادی جسمانی باتوں کا موقع بنے بلکہ مُحبّت کی راہ سے ایک دُوسرے کی خِدمت کرو"(گلتیوں 5باب 13آیت)۔

ایک بار پھر، مشاغل کا غلط ہونا ضروری نہیں لیکن جب وہ اندر ہی اندر سے ہمیں کھاتے جاتے اور مسیح سے ہماری نظریں ہٹا دیتے ہیں تو وہ یقیناً غلط ہیں۔ یہاں تک کہ ہمیں اندر ہی اندر سے کھا جانے والے انتہائی سادہ ترین مشاغل بھی رکاوٹیں ہیں جنہیں ہمیں چھوڑنے کی ضرورت ہےکیونکہ وہ ہمیں ہماری دوڑ یعنی مسیحی زندگی میں سست کر دیتے ہیں(عبرانیوں 12باب 1آیت )۔ اس حوالے سے جانچ کرنے کا اچھا طریقہ یہ ہے: یہ مشغلہ میرے لیے کتنی اہمیت رکھتا ہے؟ کیا صرف خداوند ہی میرے لیے کافی ہے؟ اگر یہ مجھ سے چھن جاتا تو کیا مَیں پھر بھی مسیح میں مطمئن رہتا/رہتی ہوں؟پس ہاں، مسیحی مشاغل رکھ سکتے ہیں لیکن ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ ہماری زندگی میں کبھی بھی مسیح کی جگہ نہ لیں۔ یہی آزمایش ہے اور اِس سے ہمیں بچنا چاہیے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا کسی مسیحی کے مشاغل ہونے چاہییں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries