settings icon
share icon
سوال

مسیحی زندگی کیسی ہونی چاہیے ؟

جواب


مسیحی زندگی کو ایمان کے مطابق گزارا جانا چاہیےایمان ہی کے وسیلے سے ہم مسیحی زندگی میں داخل ہوتے ہیں اور ایمان ہی سے ہم یہ زندگی جیتے ہیں۔ جب ہم اپنے گناہوں کی معافی کے لیے مسیح کے پاس آنے کے وسیلے سے مسیحی زندگی کا آغاز کرتے ہیں تو اُس وقت ہم سمجھتے ہیں جس چیز کی ہمیں تلاش ہے اُسے ایمان کے علاوہ کسی بھی اور طریقے سے حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ ہم آسمان پر جانے کے لیے خود سے اپنا کوئی راستہ نہیں بنا سکتے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ ہم جو کچھ بھی کر لیں وہ کافی نہیں ہوگا۔ جو لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ وہ کچھ اصولوں اور قواعد و ضوابط –یعنی کیا کریں اور کیا نہ کریں – کو برقرار رکھتے ہوئے ابدی زندگی حاصل کر سکتے ہیں وہ بائبل میں واضح طور پر دی گئی تعلیمات کا انکار کرتے ہیں۔ خُدا کی طرف سے شریعت کے وسیلے کسی بھی انسان کو راستباز نہیں ٹھہرایا جاتا کیونکہ "راستباز ایمان سے جیتا رہے گا" (گلتیوں 3باب11 آیت)۔ خُداوند یسوع کے دَور کے فریسیوں نے اُسے جھٹلانے کی کوشش کی کیونکہ اُس نے اُنہیں یہ سچ بتایا تھا کہ اُن کے تمام نیک اعمال بے وقعت ہیں اور اُن کا مسیحا پر ایمان ہی اُنہیں بچا سکتا ہے۔

رومیوں 1باب میں پولس رسول کہتا ہے کہ مسیح کی خوشخبری وہ قدرت ہے جو ہمیں بچاتی ہے۔ خوشخبری یہ ہے کہ جو لوگ اُس پر ایمان رکھتے ہیں اُن کو ابدی زندگی ملے گی۔ جب ہم اِس خوشخبری پر ایمان کے ساتھ مسیحی زندگی میں داخل ہوتے ہیں تو ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارا ایمان بڑھتا جاتا ہے کیونکہ ہمیں اُس خُدا کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلوم ہوتا چلا جاتا ہے جس نے ہمیں نجات بخشی ہے۔ مسیح کی خوشخبری دراصل ہم پر خُدا کو ظاہر کر رہی ہے کیونکہ ہم ہر روز اُس کے قریب تر ہونے کے لیے زندگی گزارتے ہیں۔رومیوں 1باب17 آیت بیان کرتی ہے کہ "اِس واسطے کہ اُس میں خُدا کی راست بازی اِیمان سے اور اِیمان کے لئے ظاہر ہوتی ہے جیسے لکھّا ہے کہ راست باز اِیمان سے جیتا رہے گا۔ " چنانچہ مسیحی زندگی کا ایک اہم حصہ کلامِ مُقدس کا تندہی کے ساتھ مطالعہ کرنابھی ہے۔ اور اِس کے ساتھ خُدا سے قربت کےلئے ضروری عقل و دانش کی ضرورت کے لیے دُعا بھی شامل ہے تاکہ ایماندار رُوح القدس کے وسیلے سے خُدا کے ساتھ بہت ہی قریبی رشتے میں بندھ سکے۔

مسیحی زندگی کے لیے جسم کے اعتبار سے مرنا بھی شامل ہے تاکہ ایمان بھری زندگی گزاری جا سکے۔ پولس نے گلتیوں کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ "مَیں مسیح کے ساتھ مصلوب ہُوا ہُوں اور اب مَیں زِندہ نہ رہا بلکہ مسیح مجھ میں زِندہ ہے اور مَیں جو اَب جسم میں زِندگی گُذارتا ہُوں تو خُدا کے بیٹے پر اِیمان لانے سے گُذارتا ہُوں جس نے مجھ سے مُحبّت رکھّی اور اپنے آپ کو میرے لئے مَوت کے حوالہ کر دِیا۔ "(گلتیوں 2باب20 آیت)مسیح کے ساتھ مصلوب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اپنی پُرانی فطرت /انسانیت کو کیلوں کے ساتھ جڑ کر صلیب پر مصلوب کر دیتے ہیں اور ہم نئی فطرت کے ساتھ زندہ رہنے کا انتخاب کرتے ہیں جو کہ مسیح کی فطرت ہے (2 کرنتھیوں 5باب17 آیت)۔ وہ جس نے ہمارے ساتھ محبت رکھی اور جس نے ہمارے لیے اپنی جان دے دی اب ہمارے لیے جیتا ہے، اور یہ جو زندگی ہم گزارتے ہیں یہ اُس پر ایمان کی وجہ سے ہی گزارتے ہیں۔ مسیحی زندگی گزارنے کا مطلب ہے اپنی خواہشات، عزائم اور اپنے جاہ و جلال کو قربان کرنا اور اُن کی جگہ پر مسیح کی خواہشات کو لے لینا ہے۔ ہم یہ کام صرف اُسی کی طاقت سے کر سکتے ہیں جو وہ ہمیں اپنے فضل سے دیتا ہے۔ مسیحی زندگی کا ایک حصہ آخری وقت تک دُعا کرتے رہنا بھی ہے۔

مسیحی زندگی میں آخر تک ثابت قدم رہنا بھی شامل ہے ۔ عبرانیوں 10باب38-39 آیات پرانے عہد نامے کے اندر سے حبقوق نبی کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے اِس بارے میں بات کرتی ہیں "اور میرا راست باز بندہ اِیمان سے جیتا رہے گا اوراگر وہ ہٹے گا تو میرا دِل اُس سے خُوش نہ ہو گا۔ " خُدا ایسے شخص سے کبھی خوش نہیں ہوتا جو خُدا کے ساتھ عہد کرنے کے بعد پیچھے ہٹ جاتا ہے، لیکن وہ جو ایمان کے وسیلے زندگی گزارتے ہیں وہ کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے کیونکہ اُنہیں رُوح القدس نے سنبھال رکھا ہے جو ہمیں یقین دلاتا ہے کہ ہم مسیح کے ساتھ آخر تک قائم رہیں گے (افسیوں 1باب13-14 آیات)۔ عبرانیوں کا مصنف اِس سچائی کی تصدیق 39 آیت کے اندر کرتا ہے " لیکن ہم ہٹنے والے نہیں کہ ہلاک ہوں بلکہ اِیمان رکھنے والے ہیں کہ جان بچائیں۔ " حقیقی ایماندار وہ ہے جو آخر تک اپنے اُس ایمان پر قائم رہتا ہے۔

پس مسیحی زندگی وہ ہے جو اُس خُدا پر ایمان رکھ کر گزاری گئی ہو جس نے ہمیں بچایا ، ہمیں اختیار بخشا، ہم پر فردوس میں جانے کے لیے مہر کی اور جس کی طاقت نے ہمیں ہمیشہ قائم رکھا ہے۔ مسیحی ایمان کی روز بروز گزرنے والی زندگی وہ ہے جو اُس صورت میں بڑھتی اور مضبوط ہوتی ہے جب ہم ایسے مسیحیوں کے ساتھ ملکر خُدا کے کلام کے مطالعے اور دُعا میں ٹھہرنے کے ذریعے سے اُسے ڈھونڈتے ہیں ، جن کا مقصد ہماری طرح مسیح کے مشابہ ہونا ہوتا ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مسیحی زندگی کیسی ہونی چاہیے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries