سوال
داؤد کا عہد کیا ہے ؟
جواب
داؤد کے عہد سے مُراد داؤد کو ساتھ ناتن نبی کی معرفت ملنے والاایک وعدہ ہے جس کا ذکر 2 سموئیل 7 باب کے اندر پایا جاتا ہے، بعد میں اِس کا خلاصہ 1 تواریخ 17باب11-14 آیات اور 2 تواریخ 6باب16 آیت کے اندر بھی بیان کیا گیا ہے۔ یہ خُدا اور داؤد کے درمیان ایک غیر مشروط عہد ہے جس میں خُدا داؤد اور بنی اسرائیل کے ساتھ یہ وعدہ کرتا ہے کہ مسیحا (یسوع مسیح) داؤد کی نسل اور یہوداہ کے قبیلے میں سے آئے گا اور ایک ایسی سلطنت کو قیام بخشے گاجو ہمیشہ تک قائم رہے گی۔ داؤد کا عہد غیر مشروط ہے کیونکہ خُدا اِس کی تکمیل کے حوالے سے کسی خاص طرح کی تابعدار ی کی کوئی شرط نہیں رکھتا۔ یہاں پر جو وعدہ کیا گیا ہے اُس کی تکمیل کی ضمانت کا انحصار صرف خُدا کی اپنی وفاداری پر ہے اور یہ داؤد اور اسرائیل کی تابعداری پر منحصر نہیں ہے۔
داؤد کا عہد کئی ایک اہم وعدوں پر مرتکز ہے جو داؤد کے ساتھ کئے جاتے ہیں۔ سب سے پہلے تو خُدا ایک بار پھر اُس سر زمین کے وعدے کی توثیق کرتا ہے جس کی تصدیق اُس نے پہلے دو(ابرہامی اور موسوی ) عہدوں کے ذریعے سے کی تھی۔ اِس عہد کو 2 سموئیل 7باب10 آیت کے اندر دیکھا جا سکتا ہے۔ "اور مَیں اپنی قوم اِسرا ئیل کے لئے ایک جگہ مُقرر کرُوں گا اور وہاں اُن کو جماؤں گا تاکہ وہ اپنی ہی جگہ بسیں اور پھر ہٹائے نہ جائیں اور شرارت کے فرزند اُن کو پھر دُکھ نہیں دینے پائیں گے جیسا پہلے ہوتا تھا۔ " پھر خُدا نے وعدہ کیا کہ داؤد کے بعد اُس کا بیٹا اسرائیل کا بادشاہ بنے گا اور یہ بیٹا (سلیمان) ہیکل تعمیر کرے گا۔ یہ وعدہ 2 سموئیل 7باب12-13 آیات کے اندر دیکھاجا سکتا ہے، "اور جب تیرے دِن پُورے ہو جائیں گے اور تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا تو مَیں تیرے بعد تیری نسل کو جو تیرے صُلب سے ہو گی کھڑا کر کے اُس کی سلطنت کو قائم کروں گا۔وُہی میرے نام کا ایک گھر بنائے گا ۔ "
لیکن وہ وعدہ جاری رہتا ہےا ور مزید وسیع ہو جاتا ہے: "مَیں اُس کی سلطنت کا تخت ہمیشہ کے لئے قائم کرُوں گا۔ "(13آیت)، اور " تیرا گھر اور تیری سلطنت سدا بنی رہے گی ۔ تیرا تخت ہمیشہ کے لئے قائم کِیا جائے گا۔ " (16آیت)۔ جو کچھ داؤد کے بیٹے سلیمان کی اِس برکت کے ساتھ شروع ہوا کہ وہ خُدا کے لیے ہیکل تعمیر کرے گا بعد میں کسی اور چیز –ابدی بادشاہی کے وعدے میں بدل گیا۔ داؤد کا ایک اور بیٹا ہمیشہ کے لیے سلطنت کرے گا اور ایک دائمی گھر تعمیر کرے گا۔ یہ مسیحا –یسوع مسیح کی طرف کیا جانےو الا اشارہ ہے جسے متی 21باب9 آیت میں ابنِ داؤد کہا گیا ہے۔
یہ وعدہ کہ داؤد کا "گھر"، "بادشاہت" اور" تخت" ہمیشہ کے لیے قائم کیا جائے گا بہت زیادہ اہم ہے کیونکہ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسیحا داؤد کی نسل اور یہوداہ کے قبیلے سے آئے گا اور ایک بادشاہی قائم کرے گا جس کے ذریعے سے وہ حکمرانی کرے گا۔ اِس عہد کا خلاصہ "گھر " لفظ کے ساتھ کیا گیا ہے جو داؤد کی نسل سے ایک خاندان کے ساتھ کیا گیا وعدہ ہے؛ "بادشاہت" اُن لوگوں کی طرف اشارہ ہے جن پر وہ بادشاہ حکمرانی کرے گا ؛ "تخت" بادشاہ کی حکمرانی میں اُس کے اختیار پر زور دیتا ہے اور "ہمیشہ کے لیے" جیسے الفاظ داؤد اور اسرائیل کے ساتھ کئے گئے اِس وعدے کے غیر مشروط اور ابدی ہونے پر زور دیتے ہیں۔
داؤد کے عہد کے متعلق دیگر حوالہ جات یرمیاہ 23باب5آیت؛ 30باب9 آیت؛ یسعیاہ 9باب7 آیت؛ 11باب1آیت؛ لوقا 1باب32 ، 69 آیات؛ اعمال 13باب34 آیت اور مکاشفہ 3باب7 آیت ہیں۔
English
داؤد کا عہد کیا ہے ؟