settings icon
share icon
سوال

اِس کا کیا مطلب ہے کہ خُدا نور ہے ؟

جواب


1 یوحنا 1باب5آیت بیان کرتی ہے کہ "خُدا نُور ہے۔"نُور بائبل میں ایک بہت ہی عام تشبیہ ہے۔ امثال 4باب18آیت راستبازی (صادقوں کی راہ) کو "نورِ سحر"سے تشبیہ دیتی ہے۔ فلپیوں 2باب15آیت خُدا کے "بے عیب اور بھولے"فرزندوں کو دُنیا میں چراغوں کی مانند بیان کرتی ہے۔ یسوع نے نور کو اچھے کاموں کی تصویر کے طور پر پیش کرتا ہے: "اِسی طرح تمہاری رَوشنی آدمیوں کے سامنے چمکے تاکہ وہ تمہارے نیک کاموں کو دیکھ کر تمہارے باپ کی جو آسمان پر ہے تمجید کریں " (متی 5باب16آیت)۔ 76 زبور 4 آیت خُدا کے بارے میں کہتی ہے کہ "تُو جلالی ہے۔"

خُدا کے نُور ہونے کی حقیقت اُس کا تاریکی کے ساتھ ایک فطری موازنہ پیش کرتی ہے۔ اگر نُور بھلائی، اچھائی اور راستبازی کے لیے ایک تشبیہ ہے تو پھر تاریکی بدی اور گناہ کی علامت ہے۔ 1 یوحنا 1باب6 آیت بیان کرتی ہے کہ "اگر ہم کہیں کہ ہماری اُس کے ساتھ شراکت ہے اور پھر تارِیکی میں چلیں تو ہم جھوٹے ہیں اور حق پر عمل نہیں کرتے۔ "اِسی باب کی 5 آیت بیان کرتی ہے کہ "خُدا نُور ہے اور اُس میں ذرا بھی تارِیکی نہیں۔ " یہاں پر غور کریں کہ ہمیں یہ نہیں بتایا گیا کہ خُدا ایک نُور ہے بلکہ وہ حقیقی نُور ہے۔ باقی ساری روشنی اُس کی ذات کا جوہر ہے جیسے کہ محبت بھی اُس کی ذات کا جوہر ہے (1 یوحنا 4باب8آیت)۔ پیغام یہ ہے کہ خُدا مکمل ، قطعی اور حتمی طور پر پاک ہے اور اُس کی ذات میں ذرا برابر گناہ نہیں، بدی کا ہلکا سا نشان نہیں، اور نہ ہی بے انصافی کا کوئی نشان ہے۔

اگر ہماری زندگی میں نُور نہیں ہے تو اِس کا مطلب ہے کہ ہم خُدا کو نہیں جانتے۔ وہ لوگ جو خُدا کو جانتے ہیں، جو اُس کی حضوری میں اور اُسکے ساتھ چلتے ہیں وہ نور سے ہیں اور وہ نوُر ہی میں چلتے ہیں۔ وہ "اُس خرابی سے چھوٹ کر جو دُنیا میں بُری خواہش کے سبب سے ہے" خُدا کی ذاتِ الٰہی میں شریک ہیں (2 پطرس 1باب4آیت)۔

خُدا نور ہے اور اِسی طرح اُس کا بیٹا بھی نور ہے۔ یسوع نے کہا ہے کہ "دُنیا کا نُور مَیں ہُوں ۔ جو میری پیروی کرے گا وہ اندھیرے میں نہ چلے گابلکہ زِندگی کا نُور پائے گا" (یوحنا 8باب12آیت)۔ نُور میں چلنے سے مُراد اُس میں ترقی کرنا ہے۔ اِس لیے ہم اِس آیت سے یہ مطلب اخذ کر سکتے ہیں کہ مسیحیوں سے یہ تقاضا کیا جاتا ہے کہ وہ راستبازی و پاکیزگی میں بڑھیں اور جب وہ یسوع کی پیروی کرتے ہیں تو اُنہیں اپنے ایمان میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے (دیکھئے 2 پطرس 3باب 18آیت)۔

خُدا نُور ہے اور اُس کا یہ منصوبہ ہے کہ ایماندار بھی دُنیا میں چراغوں کی طرح چمکیں اور روز بروز خُداوند یسوع کے ہمشکل بنتے جائیں۔ "کیونکہ تم سب نُور کے فرزند اور دِن کے فرزند ہو ۔ ہم نہ رات کے ہیں نہ تارِیکی کے " (1 تھسلنیکیوں 5باب5آیت)۔ خُدا اِس دُنیا کے اندر فطری نُور کو تخلیق کرنے والا ہے اور اِس کے ساتھ ساتھ وہ ہمیں ایسا رُوحانی نُور بھی مہیا کرنے والا ہے جس کے ذریعے سے ہم سچائی کو دیکھ سکتے ہیں۔ جو کچھ تاریکی میں چھپا ہوا ہوتا ہے نُور اُس کو ظاہر کر دیتا ہے؛ اور یہ نُور چیزوں کو بالکل اُسی طرح دکھاتا ہے جیسے کہ وہ حقیقت میں ہیں۔ نُور میں چلنے کا مطلب ہے خُدا کو جاننا، سچائی کو سمجھنا اور راستبازی کی زندگی گزارنا۔

مسیح پر ایمان رکھنے والوں کو اپنی ذات کے اندر کسی بھی طرح کی تاریکی – اپنے گناہ اور ناراستی – کا اعتراف کرنے کی ضرورت ہے ، اور خُدا کو اِس بات کی اجازت دینے کی ضرورت ہے کہ وہ اپنا نُور اُن کے ذریعے سے اِس دُنیا کے اندر چمکائے۔

مسیحی کبھی بھی ایسا نہیں کر سکتے کہ وہ بیکار بیٹھیں اوردوسروں کو گناہ کی تاریکی میں بڑھنے دیں، خصوصی طور پر یہ جانتے ہوئے کہ وہ جو تاریکی میں ہیں وہ ابدی طور پر خُدا کی ذات سے دور ہو جائیں گے۔ دُنیا کا نُور چاہتا ہے کہ وہ تاریکی کو بالکل ختم کر دے اور ہر ایک کو اپنی حکمت عطا کرے (یسعیاہ 9باب2 آیت ؛ حبقوق 2باب14آیت؛ یوحنا 1باب9آیت)۔ جب ہم دُنیا میں انجیل کی روشنی/نُور کو لیکر جاتے ہیں تو ہمارے لیے یہ بہت ہی زیادہ ضروری ہے کہ ہم لوگوں کی زندگیوں کے اُن تاریک پہلوؤں کو بھی روشنی میں لائیں جنہیں وہ ہمیشہ تاریکی میں چھپائے رکھنا چاہتے ہیں۔ وہ لوگ جنہیں تاریکی میں رہنے کی عادت پڑھ جاتی ہے اُن کے لیے نور ناقابلِ برداشت ہوتا ہے (یوحنا 3باب20آیت)۔

یسوع ، خُدا کا گناہ سے مبّرہ بیٹا "حقیقی نُور " ہے (یوحنا 1باب9آیت)۔ ہم جو کہ اُس کے لے پالک فرزند ہیں ہمیں چاہیے کہ ہم اُس کے نُور کو گناہ کی تاریکی میں ڈھکی ہوئی اِس دُنیا میں منعکس کریں۔ ہماری زندگی کا یہ مقصد ہے کہ ہم خُدا کی طرف سے نجات کی خوشخبری کو لیکر غیر نجات یافتہ لوگوں کے پاس پہنچیں تاکہ خُدا "اُن کی آنکھیں کھول دے تاکہ اندھیرے سے رَوشنی کی طرف اور شَیطان کے اِختیار سے خُدا کی طرف رجوع لائیں " (اعمال 26باب18آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

اِس کا کیا مطلب ہے کہ خُدا نور ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries