settings icon
share icon
سوال

کیا خُدا ہر ایک انسان سے پیار کرتا ہے یا پھر صرف مسیحیوں سے؟

جواب


ایک لحاظ سے خدا دنیا میں موجود ہر انسان سے محبت کرتا ہے ( یوحنا 3باب 16آیت ؛ 1یوحنا 2باب 2آیت)۔ یہ محبت مشروط نہیں ہےیعنی کہ یہ خدا کے کردار کی بنیاد ہے اور اِس حقیقت پر مبنی ہے کہ وہ محبت کرنے والا کا خدا ہے (1یوحنا 4باب 8اور 16آیات)۔ ہر انسان کےلیے خدا کی محبت کو اُس کی " مہربان محبت" کے طور پر خیال کیا جا سکتا ہے کیونکہ اِسی محبت کے باعث خدا لوگوں کو اُن کے گناہوں کی فوراً سزا نہیں دیتا ( رومیوں 3باب 23آیت ؛ 6باب 23آیت)۔ " کیونکہ وہ اپنے سورج کو بدوں اور نیکوں دونوں پر چمکاتا ہے اور راستبازوں اور ناراستوں دونوں پر مینہ برساتا ہے " ( متی 5باب 45آیت)۔یہ ہر انسان کے لیے خدا کی محبت کی ایک اور مثال ہے کہ اُ س کی مہربان محبت اور اُس کی خیر خواہی صرف مسیحیوں تک ہی محدود نہیں بلکہ ہر انسان تک پھیلی ہوئی ہے ۔

دنیا کےلیے خدا کی مہربان محبت اِس صورت میں بھی ظاہر ہوتی ہے کہ خدا لوگوں کو توبہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ " خداوند اپنے وعدوں میں دیر نہیں کرتا جیسی دیر بعض لوگ سمجھتے ہیں بلکہ تمہارے بارے تحمل کرتا ہے اِس لیے کہ کسی کی ہلاکت نہیں چاہتا بلکہ یہ چاہتا ہے کہ سب کی توبہ تک نوبت پہنچے۔ ( 2 پطرس 3باب 9آیت )۔ خدا کی غیر مشروط محبت اور نجات کےلیے اُس کی عام بلاہٹ میں گہرا تعلق ہے جو اکثر اُس کی پوشیدہ یا کامل مرضی کہلاتی ہے – خدا کی مرضی کا یہ پہلو نہ صرف اُس کے رویے کو ظاہر کرتا ہے بلکہ یہ بھی وضاحت کرتا ہے کہ اُس کی خوشی کس بات میں ہے ۔

تاہم خدا کا ہر انسان سے محبت رکھنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ہر انسان نجات بھی پائے گا ( دیکھیں متی 25باب 46آیت)۔ خدا گناہ کو نظر انداز نہیں کرے گا کیونکہ وہ انصاف کا خدا ہے (2تھسلنیکیوں 1باب 6آیت)۔ گناہ کو ہمیشہ کے لیے بغیر سزا کے نہیں چھوڑا جا سکتا ( رومیوں 3باب 25-26آیات)۔ اگر خدا محض گناہ کو نظر انداز کرتا ہے اور اِسے ہمیشہ کےلیے کائنات میں تباہی برپا کرنے کی اجازت دے دیتا ہے تو پھر وہ محبت کرنے والا خدا نہیں ہو سکتا ۔ خدا کی مہربان محبت کی پرواہ نہ کرنا ، مسیح کا انکار کرنایا اُس نجات دہندہ کی تردید کرنا جس نے ہمیں اپنے خون سے خریدا ہے ( 2پطرس 2باب 1آیت) ہمیں خدا کی محبت کی بجائے اُس کے ابدی قہر کا مستحق بنانے کا باعث بنتا ہے (رومیوں 1باب 18آیت)۔

خدا کی وہ محبت جو گنہگاروں کو راستباز ٹھہراتی ہے ہر انسان کےلیے نہیں ہے ۔ یہ محبت صرف اُن لوگوں تک محدود ہے جو یسوع مسیح پر ایمان لا تے ہیں ( رومیوں 5باب 1 آیت)۔ خدا کی محبت جو لوگوں کو اُس کے ساتھ گہری رفاقت میں جوڑتی ہے ہر انسان کےلیے نہیں ہے بلکہ صرف اُن لوگوں کے لیے ہے جو اُس کے بیٹے سے محبت کرتے ہیں (یوحنا 14باب 21آیت )۔ خدا کی اِس محبت کو " عہد پر مبنی محبت " خیال کیا جا سکتا ہے اور یہ مشروط محبت ہے جو صرف اُن لوگوں کو حاصل ہوتی ہے جو نجات کےلیے یسوع پر ایمان لاتے ہیں ( یوحنا 3باب 36آیت )۔ وہ لوگ جو خداوند یسوع پر ایمان لاتے ہیں اُن سے ہمیشہ غیر مشروط محبت رکھی جاتی ہے جسے کسی چیز کا کوئی خوف و خطرہ نہیں اور وہ ہمیشہ کے لیے محفوظ ہیں۔

کیا خدا ہر انسان سے محبت کرتا ہے ؟ ہاں ، وہ سب پر رحم اور مہربانی کرتا ہے ۔ کیا خدا غیر مسیحیوں کی نسبت مسیحیوں سے زیادہ محبت کرتا ہے ؟نہیں ، اپنی مہربان محبت کے لحاظ سے نہیں۔ غیر مسیحیوں سے محبت کے مقابلے میں کیا خدا مسیحیوں سے مختلف انداز میں محبت رکھتا ہے ؟ ہاں ، کیونکہ اُن کو خدا کے بیٹے پر ایمان کا تجربہ حاصل ہے اور وہ نجات یافتہ ہیں ۔ خدا کا مسیحیوں کے ساتھ ایک منفرد رشتہ ہے اور اس صورت میں صرف مسیحی خدا کے ابدی فضل پر مبنی معافی کےمستحق ہیں ۔خُدا کی اُس غیر مشروط اور مہربان محبت کو جو وہ ہر ایک انسان سے رکھتا ہے ہمیں (ہر انسان کو) مسیحی ایمان کی طرف لانے کا سبب ہونا چاہیے جس کے وسیلے ہم بڑی شکرگزاری کے ساتھ خُدا کی مشروط اور عہد پر مبنی محبت کو حاصل کرتے ہیں۔ یہ وہ محبت ہے جو خُدا صرف اُن کو عطا کرتا ہے جو مسیح خُداوند کو اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کرتے ہیں۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا خُدا ہر ایک انسان سے پیار کرتا ہے یا پھر صرف مسیحیوں سے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries