سوال
مَیں یہ کیسے جان سکتا ہوں کہ خُدا کا منصوبہ کیا ہے ؟
جواب
زیادہ تر مسیحی حقیقت میں اپنی زندگیوں کے بارے میں خُدا کے منصوبے کو سمجھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اِس حوالے سے بہت سارے سوالات ہیں: مَیں خُدا کے منصوبے کو کیسے دریافت کروں؟ مَیں اُس منصوبے کے بارے میں کیسے پُر یقین ہو سکتا ہوں؟خوش بختی سے بائبل خُدا کی مرضی کے حوالے سے بہت سارے اہم اصول فراہم کرتی ہے۔ خُدا ہماری زندگی کے تعلق سے اپنی مرضی کو چھپانے کی کوشش نہیں کر رہا، وہ چاہتا ہے کہ اُس کے بچّے اُس کی مرضی کو جانیں اور اُس پر عمل کریں۔
سب سے پہلے بائبل خُدا کے منصوبے کے بارے میں واضح بیانات سے بھری ہوئی ہے جن کا اطلاق تمام ایمانداروں پر ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر 1 تھسلنیکیوں 5باب16-18 آیات تعلیم دیتی ہیں کہ " ہر وقت خُوش رہو۔بِلاناغہ دُعا کرو۔ہر ایک بات میں شکر گُذاری کرو کیونکہ مسیح یسُوع میں تمہاری بابت خُدا کی یہی مرضی ہے۔ " یہ تین سرگرمیاں، خوش ہونا، دُعا کرنا اور اور شکر کرنا –تمام ایمانداروں کے لیے خُدا کی مرضی ہے چاہے وہ کسی بھی طرح کے حالات میں کیوں نہ ہوں۔
ہم خُدا کے کلام ہی کی مدد سے اُس کی مرضی کو سمجھ سکتے ہیں۔ خُدا کا کلام کامل ہے اور ہم اپنی زندگیوں کے لیے خُدا کے منصوبے کو کلامِ مُقدس کا مطالعہ کرنے کے وسیلے سے جان سکتے ہیں۔2 تیمتھیس 3باب16-17 آیات بیان کرتی ہیں کہ " ہر ایک صحیفہ جو خُدا کے اِلہام سے ہے تعلیم اور اِلزام اور اِصلاح اور راست بازی میں تربِیّت کرنے کے لئے فائدہ مند بھی ہے۔تاکہ مردِ خُدا کامِل بنے اور ہر ایک نیک کام کے لئے بِالکُل تیّار ہو جائے۔"
دوسرے نمبر پر ہم خُداکی خوب اچھے طریقے سے پیروی کرنے کے وسیلے سے اپنی زندگی کے لیے اُس کے منصوبوں کو سمجھ سکتے ہیں۔ رومیوں 12باب1-2 آیات کے اندر مرقوم ہے کہ " پس اَے بھائیو۔ مَیں خُدا کی رحمتیں یاد دِلا کر تم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ اپنے بدن اَیسی قُربانی ہونے کے لئے نذر کرو جو زِندہ اور پاک اور خُدا کو پسندِیدہ ہو ۔ یہی تمہاری معقول عبادت ہے۔اور اِس جہان کے ہم شکل نہ بنو بلکہ عقل نئی ہو جانے سے اپنی صورت بدلتے جاؤ تاکہ خُدا کی نیک اور پسندِیدہ اور کامِل مرضی تجربہ سے معلُوم کرتے رہو۔ " جب ہم اپنی زندگی کو خُدا کے لیے وقف کرتے ہیں اور اِس دُنیا کے اصولوں سے اپنا منہ موڑتے ہیں تو ہم اپنے دِلوں کو خُدا کی آواز کو سننے کے لیے تیار کرتے ہیں (دیکھیں 1 پطرس 4باب2 آیت)۔
1 تھسلنیکیوں 4باب 3-7 آیات زندہ قربانی کی ضرورت کی تصدیق کرتی ہیں۔ اور ہمیں خُدا کے منصوبے کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم کرتی ہیں: "چُنانچہ خُدا کی مرضی یہ ہے کہ تم پاک بنو یعنی حرام کاری سے بچے رہو۔اور ہر ایک تم میں سے پاکیزگی اور عِزت کے ساتھ اپنے ظرف کو حاصِل کرنا جانے۔نہ شہوَت کے جوش سے اُن قَوموں کی مانِند جو خُدا کو نہیں جانتِیں۔اور کوئی شخص اپنے بھائی کے ساتھ اِس اَمر میں زِیادتی اور دَغا نہ کرے کیونکہ خُداوند اِن سب کاموں کا بدلہ لینے والا ہے چُنانچہ ہم نے پہلے بھی تم کو تنبیہ کر کے جتا دِیا تھا۔اِس لئے کہ خُدا نے ہم کو ناپاکی کے لئے نہیں بلکہ پاکیزگی کے لئے بُلایا۔ "
تیسرے نمبر پر ہم دُعا کے ذریعے سے خُدا کے منصوبے کو دریاف کر سکتے ہیں ۔ کلسیوں 4باب12 آیت اپفراس نامی ایک ایماندار کے بارے میں بیان کرتی ہے کہ "وہ تمہارے لئے دُعا کرنے میں ہمیشہ جانفشانی کرتا ہے تاکہ تم کامِل ہو کر پُورے اِعتقاد کے ساتھ خُدا کی پُوری مرضی پر قائم رہو۔ " کلسیوں کے ایمانداروں کو خُدا کی مرضی کو جاننے اوراُس پر عمل کرنے کی ضرورت تھی، لہذا اپفراس نے اُن کے لیے دُعا کی۔ ہم دُعا کے ذریعے سے خُدا کی مرضی کے بارے میں مزید سمجھ بوجھ حاصل کر سکتے ہیں۔ ہم خُدا سے یہ بھی دُعا کر سکتے ہیں کہ وہ دوسرے لوگوں پر اپنے منصوبوں کو ظاہر کرے۔
چوتھے نمبر پر خُدا بعض اوقات دوسرے ذرائع بشمول ذاتی حالات، رشتے ناطے اور حتیٰ کہ خوابوں سے ہمارے لیے اپنے منصوبوں کو ظاہر کرتا ہے یا اُن کی تصدیق کرتا ہے ۔ بہرحال یہ مقامات زیادہ شخصی نوعیت کے ہیں۔ اگر ہمیں اِن ذرائع سے کچھ نشانات ملیں تو ہمیں بڑی احتیاط کے ساتھ اُن کا موازنہ کلام کے ساتھ کر کے حقیقت کو معلوم کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
ہم خُدا کے وعدے پر پورا یقین کر سکتے ہیں: " خُدا کے نزدِیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدِیک آئے گا " (یعقوب 4باب8 آیت)۔ جب ہم دُعا کرتے ، خُدا کے کلام کا مطالعہ کرتے، خُدا کے حضور پاک زندگی گزارنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ اپنے متعین کردہ وقت پر اپنے منصوبے کو اُن طریقوں سے ہم پر ظاہر کرے گا جنہیں ہم سمجھ سکتے ہیں۔
English
مَیں یہ کیسے جان سکتا ہوں کہ خُدا کا منصوبہ کیا ہے ؟