settings icon
share icon
سوال

کیا یسوع اور شیطان بھائی بھائی ہیں؟

جواب


نہیں ، یسوع اور شیطان آپس میں بھائی نہیں ہیں۔ یسوع خدا ہے اور شیطان اُس کی مخلوقات میں سے ایک ہے۔ نہ صرف یسوع اور شیطان آپس میں بھائی نہیں ہیں بلکہ وہ اس قدر مختلف ہیں جیسے رات اور دن ایک دوسرے سے مختلف ہیں ۔ یسوع مجسم –ابدی ، علیم ِ کُل اور تمام قدرت کا مالک ہے جبکہ شیطان ایک گرایا گیا فرشتہ ہے جسے خدا نے اپنے خاص مقاصد کے لئے بنایا تھے ۔ یہ تعلیم کہ یسوع اور شیطان "روحانی بھائی" ہیں مورمن ازم کے پیروکار (مقدسین برائے آخری ایام ) کی بہت سی جھوٹی تعلیمات میں سے ایک ہے اور کسی حد تک یہوواہ کے گواہ بھی اس بات کے قائل ہیں ۔ ان دونوں گروہوں کو درست طور پر بدعت قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہ مسیحیت کے بنیادی عقائد کی تردید کرتے ہیں۔ اگرچہ وہ مسیحی اصطلاحات جیسے کہ یسوع، خدا اور نجات کا استعمال کرتے ہیں لیکن یہ مسیحیت کے بنیادی اور ضروری عقائد کے بارے میں بدعتی نظریات اور تعلیمات رکھتے ہیں۔ (براہ مہربانی اس بات کو مدنظر رکھیں کہ آج زیادہ تر مورمن ازم کے پیروکار اس بات کی سختی سے تردید کریں گے کہ وہ یسوع اور شیطان کے بھائی بھائی ہونے پر یقین رکھتے ہیں۔ تاہم یہ تعلیم ابتدائی مورمن ازم کا ایک واضح عقیدہ تھا۔)

یہ تعلیم کہ یسوع اور شیطان "رُوحانی بھائی" ہیں مورمن ازم کی غلط فہمی اور کتابِ مقدس کی تحریف کے ساتھ ساتھ بائبل سے ہٹ کر اُنکی اُن تعلیمات کا نتیجہ ہےجنہیں وہ مستند خیال کرتے ہیں۔ سادہ الفاظ میں کہا جائے تو ایسا کوئی طریقہ نہیں ہے کہ آپ علم ِ التفسیر کے کسی بھی قسم کے درست اصولوں کا استعمال کرتے ہوئے بائبل کا مطالعہ کریں اور یہ تصور اخذ کریں کہ یسوع اور شیطان "رُوحانی بھائی" ہیں۔ صحائف اس بارے میں واضح ہیں کہ یسوع کسی طرح کا ادنیٰ خدا نہیں جیسا کہ مورمن ازم اور دیگر کئی ایک بدعات مانتی ہیں بلکہ وہ کامل خدا ہے ۔ صحائف اس بارے میں بھی بہت واضح ہیں کہ خدا اپنی تخلیق سے بالاتر ہے جس کا صرف یہی مطلب ہے کہ مسیح جو خالق ہے اور شیطان جو اُس کی مخلوق ہے اُنکے درمیان کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔

مورمن ازم کے پیروکار مانتے ہیں کہ یسوع مسیح پہلا " رُوحانی بچہ " تھا جو خدا یعنی آسمانی باپ کی کئی بیویوں میں سے کسی ایک کے ہاں پیدا ہوا تھا ۔یسوع مسیح کو ایک حقیقی خدا تسلیم کرنے کی بجائے وہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ بعد میں خدا بن گیا تھا جس طرح وہ سب بھی ایک دن خدا بن جائیں گے ۔ مورمن عقیدے کے مطابق خدا کے " رُوحانی بچّوں " میں سے پہلوٹھے کی حیثیت سے یسوع شیطان یا لوسیفر پر فوقیت رکھتا تھا جوکہ " خدا کا دوسرا بیٹا" اور "یسوع کا چھوٹا رُوحانی بھائی " تھا ۔ یہ مضحکہ خیز بات ہے کہ وہ کلسیوں 1باب 15 آیت کو " متن سے متعلق شواہد " میں سے ایک کے طور پر استعمال کرتے ہیں کیونکہ یہ آیت کہتی ہے کہ "وہ ( مسیح) ا َن دیکھے خُدا کی صُورت اور تمام مخلوقات سے پہلے مَولُود ہے۔" لیکن وہ 16آیت کو نظر انداز کرتے ہیں جہاں پر ہمیں لکھا ملتا ہے کہ "اُسی میں سب چیزیں پَیدا کی گئیں۔ آسمان کی ہوں یا زمین کی۔ دیکھی ہوں یا اَن دیکھی۔ تخت ہوں یا رِیاستیں یا حکومتیں یا اِختیارات۔ سب چیزیں اُسی کے وسیلہ سے اور اُسی کے واسطے پَیدا ہُوئی ہیں"۔ سب چیزیں -تخت ، ریاستیں ، حکومتیں یا اختیارات جن میں شیطان اور بدارواح بھی شامل ہیں ۔

شیطان اور یسوع "رُوحانی بھائی" ہیں اس بات کو تسلیم کرنے کے لیے کسی شخص کو کتابِ مقدس کی واضح تعلیم سے انکار کرنا پڑے گا ۔ کلام ِ مقدس بیان کرتا ہے کہ یہ یسوع مسیح ہی تھا جس نے تمام چیزیں تخلیق کیں اور یہ بھی کہ ثالوث قادر مطلق خدا کے دوسرے اقنوم کی حیثیت سے مسیح کامل اور منفرد خدا ہے۔ یسوع نے کلام مقدس کے کئی حوالہ جات میں خدا ہونے کا دعویٰ کیا تھا ۔ یوحنا 10باب 30آیت میں یسوع نے فرمایا ہے کہ "مَیں اور باپ ایک ہیں۔"یسوع یہاں محض ایک اور ادنیٰ خدا ہونے کا دعویٰ نہیں کر رہا تھا۔ بلکہ وہ کامل خدا ہونے کا اعلا ن کر رہاہے۔ یوحنا 1باب 1-5آیات میں یہ واضح ہے کہ یسوع کوئی تخلیق نہیں بلکہ خالق تھا اور یہ بھی کہ اُس نے خود تمام چیزیں تخلیق کی تھیں ۔ "سب چیزیں اُس کے وسیلہ سے پَیدا ہوئیں اور جو کچھ پَیدا ہوا ہے اُس میں سے کوئی چیز بھی اُس کے بغیر پَیدا نہیں ہُوئی" (یوحنا 1باب 3آیت)۔ اِس سے اور زیادہ واضح کیا ہوگا؟ "تمام چیزوں" کا مطلب وہ سب ہے جو یہ آیات بیان کرتی ہیں اور اِس میں شیطان بھی شامل ہے جو بطور فرشتہ خود ایک مخلوق تھا جیسا کہ دوسرے فرشتے اور شیاطین ہیں۔ کتاب ِ مقدس شیطان کو ایک گرائے گئے فرشتے کے طور پیش کرتی ہے جس نے خدا باپ اور یسوع کے خدا ہونے کے خلاف بغاوت کی تھی ۔ شیطان اور یسوع کے درمیان صرف ایک ہی رشتہ ہے جو مخلوق اور خالق کا ہے یعنی شیطان ایک گنہگار مخلوق جبکہ یسوع راستباز خالق اور منصف ہے۔

مورمن ازم کی طرح یہوواہ کے گواہ بھی سکھاتے ہیں کہ یسوع اور شیطان رُوحانی بھائی ہیں۔ اگرچہ کئی مورمن ازم کے پیروکار اور یہوواہ کے گواہ بعض اوقات اس تعلیم کو ٹالنے کی کوشش کر سکتے ہیں کیونکہ یہ بائبل کی تعلیمات کے برعکس ہے مگر اس کے باوجود یہ باتیں اُنکی تنظیموں کےاُن نظریات اور باقاعدہ عقائد کا حصہ ہیں جن پر یہ سب لوگ ایمان رکھتے ہیں ۔

مورمن ازم کے پیروکاروں کا خیال ہے کہ نہ صرف یسوع اور لوسیفر "خدا کے رُوحانی بچّے" تھے بلکہ یہ کہ انسان بھی رُوحانی بچّے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں ان کا ماننا ہے کہ "خدا ، فرشتے اور انسان سب ایک ہی نوع ، ایک ہی نسل ، ایک عظیم خاندان سے ہیں ۔ " یہی وجہ ہے کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ وہ خود ایک دن یسوع یا یہاں تک کہ خدا باپ کی طرح خدا بن جائیں گے۔ کتابِ مقدس میں خدا اور اُس کی مخلوق کے مابین واضح فرق کا مشاہد ہ کرنے کی بجائے وہ یقین رکھتے ہیں کہ ایک دن وہ خود خدا بن جائیں گے۔ یقینا ًیہ وہی پرانا جھوٹ ہے جو شیطان ہمیں باغ عدن سے بتا تا چلا آ رہا ہے (پیدایش 3 باب 5آیت)۔ بظاہر خدا کے تخت پر قابض ہونے کی خواہش انسانوں کے دلوں میں قدیم وقتوں سے چھپی ہوئی ہے۔

متی 16باب 15آیت میں یسوع نے ایک اہم سوال پوچھا تھا : "مگر تُم مُجھے کیا کہتے ہو؟" یہ ایک ایسا سوال ہے جو نجات کے لیے نہایت ضروری ہے اور جس کی مورمن ازم کے پیروکار اور یہوواہ کے گواہ غلط تشریح کرتے ہیں ۔یسوع کے سوال کے نتیجے میں اُن کا یہ جواب کہ یسوع شیطان کا رُوحانی بھائی ہے بالکل غلط ہے ۔ یسوع خدا بیٹا ہے اور"اُلُوہِیّت کی ساری معموری اُسی میں مُجسّم ہو کر سکونت کرتی ہے"( کلسیوں 2باب 9آیت) ۔ اُس نے شیطان کو پیدا کیا تھااور ایک دن وہ شیطان کو آگ کی جھیل میں ڈالے گا کیونکہ یہی خدا کے خلاف اُس کی سرکشی کی مناسب سزا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ جو لوگ شیطان کے جھوٹ کا شکار ہیں قیامت کے دن وہ بھی شیطان اور اُس کی بد ارواح کے ساتھ آگ کی اُسی جھیل میں ڈالے جائیں گے ۔ مورمن ازم کے پیروکار اور یہوواہ کے گواہوں کا خدا وہ خدا نہیں ہے جس نے خود کو کتابِ مقدس میں ظاہر کیا ہے ۔ جب تک یہ گروہ توبہ نہیں کرتے اور ایک سچے خدا کو سمجھنے اور اُس کی عبادت کر نے کے لیے بیدار نہیں ہوتے تب تک اُن کے لیے نجات کی کوئی اُمید نہیں ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا یسوع اور شیطان بھائی بھائی ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries