سوال
کیا یسوع شادی شُدہ تھا؟
جواب
یسوع مسیح یقینی طور پر شادی شدہ نہیں تھا۔ آجکل بہت سے ایسے قصے کہانیاں مشہور ہیں جو یسوع کی مریم مگدلینی کیساتھ شادی کے بارے میں بات کرتے ہیں ۔ یہ کہانیاں مکمل طور پر جھوٹی ہیں اور اِن کو علمِ الہیات ، تاریخ اور بائبل کی کچھ حمایت حاصل نہیں ۔ گوکہ چند ایک غناستی اناجیل یسوع اور مریم مگدلینی کے درمیان قریبی تعلقات کے پائے جانے کا ذکر کرتی ہیں مگر ان میں سے کوئی انجیل خاص طور پر یہ بیان نہیں کرتی کہ یسوع نے مریم مگدلینی سے شادی کی تھی یا یسوع کی اُس کے ساتھ رومانوی وابستگی تھی ۔ وہ غیر مستند غناستی اناجیل بھی صرف یسوع کی طرف سے مریم کا بوسہ لینے کی بات کرتی ہیں جو کہ عزت و احترام کے ساتھ ایک دوستانہ بوسہ بھی ہو سکتا ہے۔ مزید یہ ہے کہ اگر غناستی اناجیل نے براہ راست طور پر یہ کہا بھی ہوتا کہ یسوع نے مریم مگدلینی سے شادی کی تھی توبھی یہ بات زیادہ اہمیت کی حامل نہ ہوتی کیونکہ ان اناجیل کومستند ذرائع ہونے کا اعتماد حاصل نہیں ہے۔ اس لیے کہ یہ غناستی اناجیل مکمل طور پر یسو ع کےخلاف بدعتی نظریات قائم کرنے والی جعلی دستاویزات کے طور پر ثابت ہو چکی ہیں ۔
اگر یسوع نے شادی کی ہوتی تو بائبل نے اِس بارے میں ہمیں پہلے ہی بتا دیا ہوتا یا اِس حقیقت کے بارے میں کئی واضح بیانات اور ثبوت موجودہوتے ۔ کلامِ مقدس نے اِیسے اہم موضوع پر مکمل خاموشی اختیار نہیں کرنی تھی ۔ بائبل یسوع کی ماں اُسکے باپ(یوسف ،جو اُس کا حقیقی باپ نہیں تھا) ، بھائیوں اور بہنوں کا ذکر تی ہے(اُس کے بہن بھائی بھی جسمانی لحاظ سے اُسکے سگے بہن بھائی نہیں تھے کیونکہ یسوع مجسم ہوا تھا۔) ۔ لہذابائبل نے اِس حقیقت کے ذکر کو نظر انداز کیوں کرنا تھا کہ یسوع کی ایک بیوی بھی تھی؟ایسے لوگ جو اس بات پر ایمان رکھتے یا اِس کی تعلیم دیتے ہیں کہ یسوع شادی شدہ تھا وہ یسوع کو دوسرے لوگوں کی طرح محض ایک عام اور معمولی" انسان " کے طور پر ثابت کرنے کےلیے یہ سب کر رہے ہیں ۔ عام طور پر وہ اِس بات کو ماننے کےلیے تیار نہیں کہ یسوع مجسم خدا تھا ( یوحنا 1باب 14،1آیات؛ 10باب 30آیت)۔ اِس لیے وہ یسوع کے شادی شدہ ہونے ، بچے پیدا کرنے اور ایک عام انسان ہونے کے بارے میں کہانیاں گھڑتے اور ان کہانیوں پر یقین رکھتے ہیں ۔
ثانوی درجے کا ایک سوال یہ بھی ہو سکتا ہے کہ " کیا یسوع مسیح کی شادی ہو سکتی تھی؟"شادی شدہ ہونے میں کچھ گناہ نہیں ۔ شادی میں جنسی تعلقات رکھنے میں کچھ گناہ نہیں ۔ ہاں ، یسوع شادی شدہ ہو سکتا تھا اور اِسکے ساتھ وہ خدا کا بے عیب برّہ اور دُنیا کا نجات دہندہ بھی بن سکتا تھا ۔ تاہم اِس لحاظ سے یسوع کے شادی کرنے کے بارے میں بائبل کی کوئی دلیل موجود نہیں ہے ۔ بہرحال یہ نقطہ اِس بحث کا حصہ نہیں ہے۔ وہ لوگ جو اِس بات کو مانتے ہیں کہ یسوع نے شادی کی تھی اُس کے گناہ سے مبّرہ یا مسیحا ہونے پر یقین نہیں رکھتے ۔ خدا نے یسوع کو شادی کرنے یا بچّے پیدا کرنے کےلیے نہیں بھیجا تھا۔ مرقس 10باب 45آیت ہمیں بتاتی ہے کہ یسوع کیوں آیا تھا" کیونکہ ابنِ آدم بھی اِس لیے نہیں آیا کہ خدمت لے بلکہ اِس لیے کہ خدمت کرے اور اپنی جان بُہتیروں کے بدلے فدیہ میں دے۔"
English
کیا یسوع شادی شُدہ تھا؟