سوال
کیا آسمان پر جانے کا واحد راستہ یسوع ہی ہے؟
جواب
جی ہاں۔ آسمان پرپہنچنے کے لئے یسوع ہی واحد راستہ ہے۔ ایسا بیان جویسوع کے علاوہ باقی ہر ایک امکان کو خارج کر دے اکثر بہت سارے لوگوں کے لیے پریشانی، حیرت اور بیشتر اوقات غصے کا سبب بن جاتا ہے، لیکن اِس سب کے باوجود یہ ہی حقیقت ہے۔ بائبل مُقدس بیان کرتی ہے کہ خُداوند یسوع مسیح کے علاوہ انسانی نجات کا اور دوسرا کوئی راستہ یا وسیلہ نہیں۔ خُداوند یسوع خود یوحنا 14باب 6آیت میں کہتاہے کہ "راہ اورحق اور زندگی مَیں ہوں کوئي میرے وسیلہ کے بغیر باپ کے پاس نہیں آتا"۔ وہ کئی ایک راہوں میں سے ایک راہ نہیں ہے، بلکہ صرف وہی راہ ہے، صرف ایک اور حتمی۔کوئی بھی اپنی ساری شہرت، کامیابیوں، خاص علم اور ذاتی راستبازی کے باوجود خُداوند یسوع مسیح کے بغیر باپ کے پاس نہیں آسکتا ۔
خُداوند یسوع کے آسمان پر جانے کا واحد راستہ ہونے کی کئی ایک وجوہات ہیں ۔خُداوند یسوع مسیح خُدا باپ کی طرف سے نسلِ انسانی کانجات دہندہ ہونے کے لئے "خداکا چنیدہ وسیلہ ہے" (1 پطرس 2باب4آیت) ۔صرف یسوع ہی وہ ذات ہے جو آسمان سے نیچے اترا اور واپس آسمان پر چلا گیا (یوحنا 3باب 13آیت) ۔ وہی ایک واحد ذات ہے جس نےاِس زمین پر ایک کامل انسانی زندگی گزاری(عبرانیوں4باب 15آیت) ۔ گناہوں کا واحد کفارہ وہی ہے(1 یوحنا 2باب2آیت؛ عبرانیوں 10باب 26آیت)۔ صرف وہی ہے جس نے شریعت اور نبوت کوپورا کیا (متی 5باب 17آیت)۔ صرف وہی ایک ذات ہے جس نے موت پرہمیشہ ہمیشہ کے لیے فتح پائی (عبرانیوں 2باب14-15آیات)۔ خُدا اور انسان کے درمیان واحد درمیانی بھی یسوع ہی ہے (1تیمتھیس 2باب5آیت)۔ وہی ایک ایسی ذات ہے جس کوخُدا نے بہت سر بلند کیا گیا اور وہ نام بخشا جو سب ناموں سے اعلیٰ ہے (فلپیوں 2باب 9آیت)۔
یوحنا 14باب 6آیت کے علاوہ خُداوند یسوع نے کئی ایک مقامات پر یہ کہا کہ وہ ہی آسمان پر جانے کا واحد راستہ ہے ۔ متی 7باب 21- 27آیات میں اُس نے خود کو ایسی ذات کے طور پر پیش کیا ہے جو ایمانداروں کے ایمان کا مرکز ہے۔ اُس نے کہا کہ اُس کا کلام زندگی ہے (یوحنا 6باب 63آیت)۔ اِس نے وعدہ کیا کہ جو اِس پر اِیمان لاتاہے ہمیشہ کی زندگی اُس کی ہے (یوحنا 3باب 14-15آیات )۔ وہ بھیڑوں کا دروازہ ہے (یوحنا 10باب 7آیت)؛ وہ زندگی کی روٹی ہے (یوحنا 6باب 35آیت)؛ وہ قیامت اور زندگی ہے(یوحنا 11باب 25آیت) ۔ اِس زمین پر اور کوئی نہ ایسا انسان ہوگزرا ہے اور نہ ہوگا جو اِس طرح کے القابات کا دعویدار ہو۔
رسولوں کی منادی نے خداوند یسوع کی موت اور قیامت یعنی مُردوں میں سے جی اُٹھنے پر زیادہ زور دیا۔ پطرس نے سین ہیڈرن (یہودیوں کی مذہبی اور عدالتی اختیار رکھنے والی اعلیٰ مجلس) کے سامنےبالکل بے خوف ہو کر کہا کہ یسوع ہی آسمان پر جانےکے لئے واحد راستہ ہے: "اور کسی دوسرے کے وسیلہ سے نجات نہیں کیونکہ آسمان کے تلے آدمیوں کو کوئی دوسرا نام نہیں بخشا گیا جس کے وسیلہ سے ہم نجات پا سکیں" (اعمال 4باب 12آیت )۔ انطاکیہ کے ایک عبادت خانہ میں پولس رسول نے منادی کرتے ہوئے کہا کہ "اےبھائیو! تمہیں معلوم ہو کہ اُسی کے وسیلہ سے تم کو گناہوں کی معافی کی خبر دی جاتی ہے اور موسیٰ کی شریعت کے باعث جن باتوں سے تم بَری نہیں ہو سکتے تھے اِن سب سے ہر ایک اِیمان لانے والا اُس کے باعث بَری ہو تاہے" (اعمال 13باب 38تا39آیات )۔ یوحنا ساری کلیسیا کو مخاطب کرتے ہوئےاِس بات پر زور دیتا ہے کہ مسیح کا نام ہی ہمارے گناہوں کی معافی کی بنیاد ہے: "اے بچّو! میں تمہیں اِس لئے لکھتاہوں کہ اُس کے نام سے تمہارے گناہ معاف ہوئے" (1 یوحنا 2باب 12آیت ) ۔ کوئی اور نہیں بلکہ صرف یسوع ہی گناہوں کی معافی دے سکتا ہے۔
آسمان میں ہمیشہ کی زندگی کا حصول صرف مسیح یسوع کے وسیلہ سےممکن ہے۔ خُداوند یسوع نے اس طرح سے دعا کی تھی کہ "اور ہمیشہ کی زندگی یہ ہے کہ وہ تجھ خدائے واحد اور بر حق کو اور یسوع مسیح کوجسے تو نے بھیجا ہے جانیں" خدا سے نجات کا مفت انعام پانے کے لئے ہم کو صرف اور صرف یسوع کی طرف دیکھنا ہے۔ ہمیں اپنے گناہوں کے کامل کفارے کے طور پر خُداوند یسوع کی صلیبی موت اور اُس کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے پر ایمان رکھنا ہے۔ "۔۔۔ خدا کی وہ راستبازی جو یسوع مسیح پر ایمان لانے سے سب ایمان لانے والوں کو حاصل ہوتی ہے" (رومیوں 3باب 22آیت)
خُداوند یسوع کی زمینی خدمت کے دوران بہت سارے لوگ اُس کو چھوڑ کر بھی جاتے رہے تاکہ کسی اور نجات دہندہ کو ڈھونڈ سکیں۔ اُس موقع پر جب بہتیرے اُسے چھوڑ کر چلے گئے تو خُداوند یسوع نے اُن بارہ شاگردوں سے پوچھا ، "کیا تم بھی چلا جانا چاہتے ہو؟" (یوحنا 6باب 67آیت) ۔ اُس وقت پطرس کا جواب بالکل درست تھا۔ اُس نے کہا "اَے خداوند! ہم کس کے پاس جائیں؟ ہمیشہ کی زندگی کی باتیں تو تیرے ہی پاس ہیں۔ اور ہم اِیمان لائے اور جان گئے ہیں کہ خُدا کا قدوس تو ہی ہے"(یوحنا 6باب 68-69 آیات)۔ دُعا ہے کہ ہم سب میں پطر س جیسا ایمان ہوکہ ہمیشہ کی زندگی صرف خُداوند یسوع مسیح میں ہی ہے۔
جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"
English
کیا آسمان پر جانے کا واحد راستہ یسوع ہی ہے؟