سوال
کیا خُداوند یسوع مسیح خالق ہے ؟
جواب
پیدایش 1باب 1آیت فرماتی ہے کہ "خدا نے ابتدا میں زمین و آسمان کو پیدا کیا " ۔ پھر کلسیوں 1باب 16آیت مزید تفصیل پیش کرتی ہے کہ خُدا نے "سب چیزیں " یسوع مسیح کے وسیلے تخلیق کیں۔ لہٰذا کلام ِ مقدس کی واضح تعلیم یہ ہے کہ خداوند یسوع کائنات کا خالق ہے۔
گوکہ ثالوث خدا کے بھید کو سمجھنا مشکل ہے مگر یہ کتاب مقدس میں عیاں کردہ عقائد میں سے ایک ہے۔ بائبل میں خدا باپ اور خداوند یسوع دونوں کو چرواہا، منصف اور نجات دہندہ قرار دیا جاتا ہے۔ ایک ہی آیت میں دونوں کو چھید ے گئے شخص کے طور پر پیش کیا جاتا ہے (زکریاہ 12باب 10 آیت)۔ عین خُدا باپ کی فطرت پر ہونے کے باعث مسیح خدا باپ کی بالکل موزوں تصویر ہے(عبرانیوں 1باب 3آیت )۔ خدا باپ جو کچھ کرتا ہے کسی لحاظ سے خدا بیٹا اور خدا رُوح القدس بھی وہی کرتے ہیں اور اس طرح خدا بیٹا اور خدا رُوح القدس جو کچھ کرتے ہیں وہ کسی لحاظ سے خدا باپ بھی کرتا ہے ۔ وہ ہر لمحہ ہمیشہ کامل اتفاق کی حالت میں ہیں اور تینوں واحد خدا کے اقنوم ہیں (استثنا 6باب 4آیت)۔ یہ جاننا کہ مسیح خُدا ہے اور اُس میں خُدا کی تمام صفات پائی جاتی ہیں خُداوند یسوع کو خالق کے طور پر سمجھنے میں ہماری مدد کرتا ہے۔
"اِبتدا میں کلام تھا اور کلام خُدا کے ساتھ تھا اور کلام خُدا تھا" (یوحنا 1باب 1آیت )۔ اس حوالے میں خداوند یسوع اور خدا باپ کے بارے میں تین اہم باتیں پائی جاتی ہیں: 1) خداوند یسوع "ابتدا میں" تھا-وہ تخلیق کے وقت موجود تھا۔ یسوع خدا کے ساتھ ابد سے موجود تھا۔ 2) یسوع باپ سے الگ ذات ہے - وہ خدا کے "ساتھ" تھا۔ 3) یسوع فطرت میں خدا جیسا ہی ہے - وہ "خدا تھا"۔
عبرانیوں 1باب 2آیت بیان کرتی ہے کہ " اِس زمانہ کے آخِر میں ہم سے بیٹے کی معرفت کلام کِیا جسے اُس نے سب چیزوں کا وارِث ٹھہرایا اور جس کے وسیلہ سے اُس نے عالَم بھی پَیدا کئے"۔ مسیح خدا باب کی تخلیق کا نمائندہ ہے؛ دنیا اُس کے "وسیلہ سے " پیدا کی گئی تھی۔ تخلیق کے عمل میں باپ اور بیٹے کے دو الگ الگ کردار تھے تاہم کائنات کو وجود میں لانے کے لیے دونوں نے مل کر کام کیا تھا ۔ یوحنا رسول بیان کرتا ہے"سب چیزیں اُس کے وسیلہ سے پَیدا ہُوئیں اور جو کچھ پیدا ہُؤا ہے اُس میں سے کوئی چیز بھی اُس کے بغَیر پَیدا نہیں ہُوئی"۔ پولس رسول اس بات کو دہراتا ہے : " لیکن ہمارے نزدِیک تو ایک ہی خُدا ہے یعنی باپ جس کی طرف سے سب چیزیں ہیں اور ہم اُسی کے لئے ہیں اور ایک ہی خُداوند ہے یعنی یسُوع مسیح جس کے وسیلہ سے سب چیزیں مَوجُود ہُوئیں اور ہم بھی اُسی کے وسیلہ سے ہیں "(1 کرنتھیوں 8باب 6آیت )۔
تثلیث کا تیسرا رُکن رُوح القدس بھی تخلیق میں نمائندہ تھا (پیدایش 1باب 2آیت)۔ چونکہ "رُوح" کے لیے استعمال ہونے والے عبرانی لفظ کا ترجمہ اکثر "ہوا" یا "سانس" کے طور پر کیا جاتا ہے اس لیے ایک ہی آیت میں ہم تثلیث کے تینوں اقنوم کو کام کرتے دیکھ سکتے ہیں: " آسمان خُداوند کے کلام سے اور اُس کا سارا لشکر اُس کے مُنہ کے دَم سے بنا" (33زبور 6آیت)۔ کلام ِ مقدس کے مکمل مطالعہ کے بعد ہم یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ خُدا باپ خالق ہے (102زبور 25آیت) اور اُس نے خُدا بیٹے ، یسوع کے وسیلہ سے تخلیق کا کام کیا(عبرانیوں 1باب 2آیت) ۔
English
کیا خُداوند یسوع مسیح خالق ہے ؟