settings icon
share icon
سوال

رئیس الملائکہ /مقرب فرشتہ میکائیل کون ہے ؟

video
جواب


رئیس الملا ئکہ/مقرب فرشتے میکائیل کو بائبل میں دانی ایل ، یشوع اور مکاشفہ کی کتاب میں ایک جنگجو فرشتے کے طور پر بیان کیا گیا ہے جو رُوحانی لڑائی میں شامل ہوتا ہے۔ رئیس الملا ئکہ/مقرب لفظ کا مطلب " سب سے اعلیٰ درجے کا " ہے ۔ بائبل میں زیادہ تر فرشتوں کو پیغام رساں کے طور پر پیش کیا جاتا ہے لیکن میکائیل کوبائبل کی اوپر ذکر کردہ تین کتابوں میں بُری رُوحوں اور حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کرنے، لڑنے یا کھڑے ہونے والے کے طور پر بیان کیا جاتا ہے (دانی ایل 10باب 13، 21آیات؛ یہوداہ 1باب 9آیت؛ مکاشفہ 12باب 7آیت)۔ ہمارے پاس کسی بھی فرشتے کے بارے میں مکمل معلومات نہیں ہیں اور بائبل میں صرف دو ہی کا نام درج ہے(دوسرا جبرائیل ہے )۔ کلام ِ مقدس ہمیں صرف انسانی واقعات کے دوران اُن کی نقل و حرکت کے اشارے دیتا ہےلیکن یہ کہنا درست ہے کہ رئیس الملا ئکہ /مُقرب فرشتہ میکائیل ایک طاقتور ہستی ہے۔



اپنی عظیم طاقت کے باوجود میکائیل مکمل طور پر خُداوند کے تابع ہے۔ خُداوند کی قوت پر اُس کا انحصار یہوداہ 1باب 9آیت میں دکھائی دیتا ہے۔ چونکہ راستباز فرشتوں کا اپنا اپنا ایک رتبہ ہے اور وہ خدا کے اختیار کے تابع ہیں اسی لیےاُن کی تابعداری کو بیوی کے اپنے شوہر کے تابع رہنے کی تصویر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے (1 کرنتھیوں 11باب 10آیت)۔ رئیس الملا ئکہ میکائیل فرشتے کی طاقت کے پیشِ نظر خُدا کے حضور اُس کی تابعداری اور بھی زیادہ خوبصورت ہے۔ اگر فرشتوں کی تابعداری اور سر تسلیم خم کرنا عورت کی تابعداری کے لیے دلیل ہے تو ہم دیکھ سکتے ہیں کہ تابعداری رہنے کا مطلب کبھی بھی عورت کی طاقت یا مقصد یا قدر کو کم کرنا نہیں ہے۔

دانی ایل نبی کو بتایا جاتا ہے کہ رئیس الملا ئکہ / مقرب فرشتہ میکا ئیل "تیری قَوم کے فرزندوں کی حمایت کے لئے کھڑا ہے "(دانی 12باب 1آیت)۔ دانی ایل کی قوم یہودی لوگ ہیں اور یہ حقیقت کہ میکائیل اُن کی "حمایت " کرتا ہے تجویز کرتی ہے کہ خدا نے مختلف ممالک یا لوگوں کے گروہوں کے لیے مختلف مُقدس فرشتوں کو مقرر کیا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ بداَرواح کی بھی ایسی ہی درجہ بندی ہے (دیکھیں دانی ایل 10باب 20آیت )۔ میکائیل ایک " مقرب فرشتہ " ہے یہ حقیقت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اُس کے پاس رُوحانی دائرہِ اختیار ہے۔ -دانی ایل 10باب 13آیت کہتی ہے کہ اور بھی مُقرب فرشتے ہیں اور میکائیل " مقرب فرشتوں میں سے ہے۔ "

ایسا لگتا ہے کہ رئیس الملا ئکہ/مقرب فرشتہ میکائیل اخیر ایام کے واقعات میں ایک نمایاں کردار ادا کرے گا۔ دانی ایل کو خُداوند کے فرشتے کے وسیلہ سے بتایا گیا کہ اخیر ایام میں میکائیل " اُٹھے گا " اور عظیم مصیبت کا وقت آئے گا-یہ آخری بڑی مصیبت کے بارے میں ایک حوالہ ہے (دانی 12باب 1آیت)۔ اسرائیل کو اُس وقت کے دوران تحفظ کی یقین دہانی کروائی جاتی ہے اور اُس کے بعد مُردوں کی ایک عظیم قیامت ہوگی - کچھ کو حیاتِ ابدی اور کچھ کو رُسوائی اور ذِلّتِ ابدی کے لئے زندہ کیا جائے گا (دانی ایل 12باب 2آیت)۔ کلیسیا کا اُٹھایا جانا " مقرب فرشتہ کی آواز" ( 1تھسلنیکیوں 4باب 16 آیت) کے ساتھ ہو گا ۔ یہ میکائیل کا حوالہ ہو سکتا ہے مگر کلام ِ مقدس یہاں اُس کے نام کا خصوصاً ذکر نہیں کرتا۔

رئیس الملا ئکہ /مقرب فرشتے میکائیل کا آخری ذکر مکاشفہ 12باب 7آیت میں آتا ہے۔ مصیبت کے ایام میں " آسمان پر لڑائی ہُوئی۔ میکائیل اور اُس کے فرشتے اژدہا سے لڑنے کو نکلے اور اژدہا اور اُس کے فرشتے اُن سے لڑے"(مکاشفہ 12باب 7آیت)۔ میکائیل اور اُس کے فرشتے اژدہا ( شیطان ) کو شکست دیتے ہیں اور ابلیس کو زمین پر گرا دیا جاتا ہے۔ مشتعل شیطان اُس قوم سے جو " خُدا کے حکموں پر عمل کرتی ہے اور یسُوع کی گواہی دینے پر قائم ہے لڑنے کو گیا"(دانی ایل 12باب 17آیت)۔

بنی نوع انسان کے دِلوں اور رُوحوں کے لیے ایک رُوحانی جنگ لڑی جا رہی ہے۔ میکائیل رئیس الملا ئکہ ایک مضبوط مقرب فرشتہ ہے جو شیطان کے خلاف جنگ کرتے ہوئے اسرائیل کی حفاظت اور فرمانبرداری کے ساتھ خدا کی خدمت کرتا ہے۔ شیطان اپنی طرف سے بد ترین حد تک جا سکتا ہے مگر وہ اتنا قوی نہیں کہ آسمانی قوتوں پر غالب آسکے (مکاشفہ 12باب 8آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

رئیس الملائکہ /مقرب فرشتہ میکائیل کون ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries