settings icon
share icon
سوال

کیا مورمن ازم ایک بدعت ہے؟ مورمن ازم کے پیروکاروں کا ایمان کیا ہے؟

جواب


مورمن مذہب ( مورمن ازم) کی بنیاد قریباً دو سو سال پہلےجوزف سمتھ نامی ایک شخص نے رکھی تھی ۔ اِس کے پیروکارمورمنز (Mormons) اورآخری ایام کے مقدسین کے طور پر جانے جاتے ہیں ۔ جوزف سمتھ نے دعویٰ کیا تھا کہ خدا باپ اور یسوع مسیح خود ذاتی طور پر اُسے ملے تھے اور اُنہوں نے جوزف کو بتا یا تھا کہ اب زمین پر پائی جانے والی تمام کلیسیائیں برگشتگی کا شکار ہیں اورخُدا کے نزدیک اُن کے تمام عقائد ناقابلِ قبول اور نفرت انگیز ہیں ۔ اور اِس کے بعد جوزف سمتھ نے ایک نئی طرز کے مذہب کو ترتیب دینا شروع کیا جو دعویٰ کرتا ہے وہ "زمین پر واحد سچی کلیسیا" ہے ۔ مورمن ازم کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ یہ بائبل سے متصادم ہے اور اِس میں ترمیم اور اضافہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ مسیحیوں کے پاس اِس بات کایقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ بائبل خدا کا سچا اور مکمل کلام نہیں ہے ۔ خدا پر ایمان و بھروسہ رکھنے کا مطلب اُس کے کلام پر یقین کرنا اور اِس بات پر ایمان رکھناہے کہ تمام کلامِ مقدس خدا کا الہامی کلام ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ خدا کی طرف سے نازل کیا گیا ہے ( 2تیمتھیس 3باب 16آیت)۔

مورمن ازم کے پیروکار ایمان رکھتے ہیں کہ خُدا کے کلام کے دیئے جانے کا الہامی ذریعہ ایک ہی یعنی بائبل نہیں ہے بلکہ اِس کے چار مندرجہ ذیل ذرائع ہیں:

‌أ. بائبل مُقدس ، وہ بھی " اگر اس کا درست ترجمہ کیا گیا ہو"۔لیکن ہمیشہ یہ بات واضح نہیں کی جاتی کہ وہ کون سی آیات ہیں جن کا ترجمہ درست خیال نہیں کیا جاتا ۔

‌ب. مورمن کی کتاب ، جس کا ترجمہ جوزف سمتھ نے کیا تھا اور پھر 1830 میں یہ کتاب شائع کی تھی۔ جوزف سمتھ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ کتاب "زمین پر موجود کسی بھی کتاب سے زیادہ درست ہے۔" اور "کسی بھی اور کتاب پر عمل کرنے کی نسبت" اِس کتاب کے مُقدس فرمانوں پر عمل پیرا ہونے کے ذریعےسے کو ئی بھی انسان خدا کے زیادہ نزدیک جا سکتا ہے ۔

‌ج. تعلیم اور عہد ، یہ کتاب " یسوع مسیح کی بحال شدہ کلیسیا " (یعنی مورمن کلیسیا )کے بارے میں جدید مکاشفہ جات کے مجموعے پر مشتمل ہے ۔

‌د. بیش قیمت موتی ، ایک ایسی کتاب جس کو مورمن ازم کے پیروکار بائبل کے اُن عقائد اور تعلیما ت کے بارے میں " تفصیل " جاننے کےلیے استعمال کرتے جو (اُن کے مطابق )بائبل میں سے کھو گئے ہیں ،یہ کتاب زمین کی تخلیق کے بارے اپنی طرف سے معلومات میں اضافہ بھی کرتی ہے ۔

مورمن ازم کے پیروکار خدا کے بارے میں مندرج ذیل باتوں پر یقین رکھتے ہیں :خدا ہمیشہ سے ہی کائنا ت کی اعلیٰ و ارفع ہستی نہیں ہے بلکہ اُس نے یہ مقام مسلسل کوشش اور راستباز زندگی گزارنے کےذریعےحاصل کیا تھا ۔ اُن کا ایمان ہے کہ خدا باپ " جسم اور ہڈیاں پر مشتمل بدن رکھتا ہے جو انسانی بدن کی مانند ٹھوس " ہے۔مورمن رسول برگہم ینگ (Brigham Young) نے تعلیم دی تھی کہ آدم اصل میں موجودہ خدا تھا اور وہ یسوع مسیح کا باپ تھا مگر جدید مورمن رہنماؤں نے اِس بات کو ترک کر دیا تھا ۔ مورمن ازم کی تعلیمات کےبرعکس مسیحیوں کا خدا کے بارے میں یہ ایمان ہے : صرف ایک ہی حقیقی خدا ہے ( استثنا 6باب 4آیت ؛ یسعیاہ 43باب 10آیت ؛ 44باب 6-8آیات)، وہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا ( استثنا 33باب 27آیت ؛ 90زبور 2آیت؛ 1تیمتھیس 1باب 17آیت)، اور وہ تخلیق نہیں کیا گیا تھا بلکہ وہ خود خالق ہے (پیدایش 1باب ؛ 24زبور 1آیت ؛ یسعیاہ 37باب 16آیت)۔ وہ کامل ہے اور کوئی بھی اُس کے برابر نہیں ہے ۔ (86زبور 8آیت ؛ یسعیاہ 40باب 25آیت )۔ خدا باپ بشر نہیں ہے اور نہ ہی وہ کبھی تھا ( گنتی 23باب 19آیت ؛ 1سموئیل 15باب 29آیت؛ ہوسیع11باب 9آیت)۔ خدا رُوح ہے( یوحنا 4باب 24آیت) اور رُوح کی ہڈی اور گوشت نہیں ہوتا (لوقا 24باب 29آیت )۔

مورمن ازم کے پیروکارایمان رکھتے ہیں موت کے بعد آئندہ زندگی میں مختلف درجات یا بادشاہیاں ہیں :بہشتی بادشاہی ، زمینی بادشاہی؛خلائی /فضائی بادشاہی ، اور بیرونی تاریکی۔ ابھی بنی نوع انسان کی آخرت اِن سب میں سے کونسی جگہ پر گزرے گی اِس کا انحصار اِس بات پر ہے کہ وہ کیا ایمان رکھتے ہیں اور زندگی میں کیا کرتے ہیں ۔مورمن ازم کے اِن عقائد کے برعکس بائبل ہمیں بتاتی ہے کہ موت کے بعد ہم فردوس یا جہنم میں جائیں گےاور ہماری آخری منزل کا تعین اِس بنیاد پر ہوگا کہ آیا ہم نے یسوع مسیح کو اپنے خداوند اور شخصی نجات دہندہ کے طور پر قبول کیا تھا یا نہیں ۔ ہم ایمان رکھتے ہیں ایمانداروں کے لیے بدن کے وطن سے غیر حاضر ہونے کا مطلب خُدا کے ساتھ ہونا ہے (2 کرنتھیوں 5باب 6-8آیات)۔ غیر ایمانداروں کو جہنم میں یا عذا ب میں مبتلا کیا جائے گا (لوقا 16باب 22باب 23آیات)۔ جب یسوع کی دوسری آمد ہو گی تو اس وقت ہم جلالی بدن پائیں گے( 1کرنتھیوں 15باب 50-54آیات)۔ تب خد ا ایمانداروں کےلیے نئے آسمان اورنئی زمین کو قائم کرے گا (مکاشفہ 21باب 1آیت )اورسب غیر ایمانداروں کوکبھی نہ بجھنے والی آگ کی جھیل میں ڈالے گا( مکاشفہ 20باب 11- 15آیات)۔ موت کے بعد توبہ کےلیے کوئی موقع نہیں ہو گا ( عبرانیوں 9باب 27آیت)۔

مورمن رہنماسکھاتے ہیں کہ یسوع کا مجسم ہونا خدا باپ اور خُداوند یسوع کی ماں مریم کے مابین جسمانی تعلق کا نتیجہ تھا ۔ مورمن ازم کے پیروکار مانتے ہیں کہ یسوع ایک خدا ہے، مگر کوئی بھی انسان خدا بن سکتا ہے ۔ مورمن ازم کی تعلیمات ہیں کہ نجات ایمان اور اچھے کاموں کے امتزاج سے کمائی جا سکتی ہے ۔ اِس کے برعکس مسیحی تمام تاریخ میں یہ سکھاتے آرہے ہیں کہ کوئی بھی شخص خدا کا مقام حاصل نہیں کر سکتا –صر ف خُدا خود ہی مقدس ذات ہے ( 1سموئیل 2باب 2آیت )۔ ہم خدا کے حضور صرف اُس پر ایمان لانے کے ذریعے سے اُسی کی طرف سے راستباز ٹھہرائے جانے کے وسیلے مقدس ہوسکتے ہیں( 1کرنتھیوں 1باب 2آیت )۔ یسوع خدا کا واحد اکلوتا بیٹا ہے اور صرف اُسی نے گناہوں سے مکمل طور پر مُبّرہ زندگی بسر کی تھی اور اب آسمان پر وہ اعلیٰ ترین جلال کا حامل ے( عبرانیوں 7باب 26آیت )۔ یسوع اور خدا اپنے جوہر میں ایک ہیں ،کیونکہ یسوع واحد ذات ہے جو اپنی جسمانی پیدایش سے پہلے بھی موجود تھا ( یوحنا 1باب 1- 8آیات؛ 8باب 56آیت )۔ یسوع نے ہماری خاطر خود کو قربان کیا اور خدا نے اُسے مُردوں میں سے جلایا ، ایک دن ہر شخص اقرار کرے گا کہ یسوع ہی خداوند ہے ( افسیوں 2باب 6-11آیات)۔ یسوع ہمیں بتاتا ہے کہ اپنے کاموں کےذریعے ہمارا آسمان پر جانا نا ممکن ہے لیکن ایسا صرف اُس پر ایمان لانے کے وسیلہ سے ممکن ہو تا ہے ( متی 19باب 26آیت )۔ اپنے گناہوں کے باعث ہم سب ابدی سزا کے مستحق ہیں مگر خدا کی بے انتہا محبت اور فضل نے ہمیں نجات کا راستہ دکھایا ہے ۔ " کیونکہ گناہ کی مزدُوری موت ہے مگر خدا کی بخشش ہمارے خداوند مسیح یسوع میں ہمیشہ کی زندگی ہے " ( رومیوں 6باب 23آیت )۔

بلاشبہ نجات حاصل کرنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے خدا اور اُس کے بیٹے یسوع کو جاننا( یوحنا 17باب 3آیت )۔ نجات کاحصول اعمال کی بجائے ایمان کے وسیلہ سے ہوتا ہے (رومیوں 1باب 17آیت ؛ 3باب 28آیت )۔ اِس بات سے قطع نظر کہ ہم کون ہیں اور ہم نے کیسے کام کئے ہیں ہم نجات کے تحفے کو حاصل کر سکتے ہیں (رومیوں 3باب 22آیت )۔ " اور کسی دوسرے کے وسیلہ سے نجات نہیں کیونکہ آسمان کے تلے آدمیوں کو کوئی دوسرا نام نہیں بخشا گیا جس کے وسیلہ سے ہم نجات پا سکیں " (اعمال 4باب 12آیت )۔

اگرچہ عام طور پر مورمن ازم کے پیروکار مددگار،محبت کرنے والے اور مہربان ہوتے ہیں مگر یہ لوگ ایک ایسے جھوٹےمذہب کی فریب سازی کا شکار ہیں جو خدا کی فطرت ، یسوع مسیح کی شخصیت اور نجات کے طریقے کی اصل شکل کو بگاڑتا ہے ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا مورمن ازم ایک بدعت ہے؟ مورمن ازم کے پیروکاروں کا ایمان کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries