سوال
کیا شیطان ہمارے ذہنوں کو پڑھ سکتا ہے یا ہمارے خیالات کو جان سکتا ہے ؟
جواب
سب سے پہلے ہمارے لیے یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ شیطان ہمہ گیر/حاضر و ناظر نہیں ہے وہ ایک وقت میں ایک سے زیادہ جگہوں پرموجود نہیں ہو سکتا۔ صرف خدا ہی ہر جگہ موجود ہے اور صرف خدا ہی سب کچھ جانتا ہے، جبکہ شیطان کو بداَرواح کی اپنی فوج پر انحصار کرنا پڑتا ہے ۔
کیا شیطان اور/یا اُس کی بد ارواح ہمارے ذہنوں کو پڑھ سکتی ہیں؟ نہیں ، شیطان اور/یا اُس کی بد اَرواح ہمارے ذہنوں کو پڑھ نہیں سکتے ۔1سلاطین 8باب 39آیت بیان کرتی ہے کہ خدا ہی ہر انسان کے دل کو جانتا ہے۔ اُس کے علاوہ اور کوئی نہیں جس میں یہ صلاحیت ہو۔ہمارے کہنے سے پہلے جب ہم خیالات کو ابھی ترتیب ہی دے رہے ہوتے ہیں خُدا اُس وقت ہی ہمارے خیالات کو جانتا ہے(139زبور 4آیت)۔ مجسم خدا ہونے کی حیثیت سے یسوع نے لوگوں کے خیالات کو جاننے کی الٰہی خوبی کا مظاہرہ کیا : "وہ آپ جانتا تھا کہ اِنسان کے دِل میں کیا کیا ہے" (یوحنا 2باب 25آیت؛بالموازنہ متی 9باب 4آیت؛ یوحنا 6باب 64آیت)۔
بائبل ہمیں سکھاتی ہے کہ شیطان بہت طاقتور ہے۔ تمام گرے ہوئے فرشتوں میں غالباً وہ سب سے بُلندمقام کا حامل تھاکیونکہ وہ فرشتوں میں سے ایک تہائی پر ایسا اثر انداز ہوا تھا کہ اُس نے اُنہیں اپنے ساتھ بغاوت کرنے پر قائل کر لیا(مکاشفہ 12باب 4آیت)۔ حتیٰ کہ شیطان کے گرائے جانے کے بعد بھی میکائیل فرشتہ نے خُداوند کی مدد کے بغیر اُس کا مقابلہ کرنے کی جُرات نہ کی (یہوداہ 1باب 9آیت)۔ شیطان ہوا کی عملداری کا حاکم اور وہ رُوح ہے جو نافرمانی کے فرزندوں میں تاثِیر کرتی ہے (افسیوں 2باب 2آیت)۔ تاہم شیطان کی طاقت کی اپنی حدود ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ ہمارے ذہنوں کو پڑھنا اُس کی طاقت سے باہر ہے۔
ہمارے ذہنوں کو پڑھنے کے لیے شیطان اور اُس کی بد ارواح کو علیمِ کُل بننا ہوگا جو اُن کے اختیار میں نہیں ہے۔ صرف خدا ہی ہے جو ہمارے خیالات کو جان سکتا ہے۔ تاہم شیطان اور اس کی بداَرواح ہزاروں سالوں سے انسانوں کا مشاہد ہ کر رہے اور اُنہیں آزما رہے ہیں۔ اور یقیناً اِ ن سالوں کے دوران اُنہیں نےہمارے بارے میں کچھ باتیں سیکھ لی ہیں۔ یہاں تک کہ ہمارے خیالات کو جاننے کی صلاحیت کے بغیر وہ درست اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ہم کیا سوچ رہے ہیں اور پھر وہ اُسے اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر تے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہمیں" ابلیس کا مقابلہ " کرنے کا حکم دینے سے پہلے یہ حکم دیا جاتا ہے کہ " خُدا کے تابع " ہو جائیں(یعقوب 4باب 7آیت )۔
English
کیا شیطان ہمارے ذہنوں کو پڑھ سکتا ہے یا ہمارے خیالات کو جان سکتا ہے ؟