سوال
وایا ڈولوروسا کیا ہے ؟
جواب
وایا ڈولوروسا جس کا لفظی مطلب "دکھ بھری راہ" ہے یروشلیم کا وہ روایتی راستہ ہے جس پر ہمارے خُداوند نے اپنی مصلوبیت کے دن پیلاطس کے تختِ عدالت) جسے پریتورین (مرقس 15باب 16آیت ) بھی کہا جاتا ہے( سے لے کر کلوری کےاُس پہاڑ یعنی اپنے مصلوب ہونے کی جگہ تک سفر کیا تھا ۔ پنطُس پیلاطس کی طرف سے اُس کی عدالت کے بعد خداوند یسوع کو رومی سپاہیوں کی طرف سے پِیٹا گیا ،اسے ٹھٹھوں میں اُڑایا گیااور اُس کے منہ پر تھوکا گیا (متی 26:27-31)۔ پھر اُسے اپنی صلیب اُٹھا کر یروشلیم کی گلیوں سے ہوتے ہوئے اُس مقام گلگُتا تک جانے پر مجبور کیا گیا جہاں اُسے مصلوب کیا گیا تھا (متی 27باب32-50آیات )۔ راستے میں پیش آنے والے چودہ واقعات کی یاد گاری میں اب ڈولوروسا کی راہ پر چودہ "صلیبی مقام" مقرر کئے گئے ہیں ۔ ان میں سے کم از کم پانچ واقعات جو رومن کیتھولک روایت سے ماخوذ ہیں بائبل میں درج نہیں ہیں ۔ راستے میں رونما ہونے والے وہ واقعات جن کا کلامِ مقدس میں ذکر پایا جاتا ہے جیسے کہ خداوند یسوع کو کوڑے لگنے (یوحنا 19باب 1-3آیات) اور شمعون کرینی کے صلیب اُٹھانے (متی 27 باب 32آیت ) کی حقیقی جگہ نا معلوم ہے ۔
بائبل وایا ڈولوروسا کا خاص طور پر ذکر نہیں کرتی۔ بائبل مقدس میں سے ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ خداوند یسوع اپنی صلیب کو پریتورین سے کلوری کے پہاڑ پر اس جگہ لے گیا جہاں اُسے مصلوب کیا گیا تھا۔ اِن دونوں مقامات کی اصل جگہوں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے لیکن وہ جہاں بھی تھےاُن کے درمیان کا راستہ واقعی ایک دُکھ بھرا راستہ تھا۔ خُداوند یسوع کو کوڑوں کی مار اور جس جسمانی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا وہ اُس حقیقی بوجھ کی وجہ سے ہونے والی تکلیف کے مقابلے میں بہت کم تھی جسے وہ اُٹھائے ہوئے تھایعنی تمام ایمانداروں کے گناہوں کا بوجھ۔ اُس نے صلیب پر ہمارے تمام گناہوں کو برداشت کرتے ہوئے اُن سب کی قیمت چکائی ۔
جب عید قیامت المسیح قریب آتی ہے اور مسیحی اُن مقدس دنوں کے بارے میں غور و خوص کرتے ہیں تو ہمیں یاد دلایا جاتا ہے کہ ہماری نجات کتنا قیمتی تحفہ ہے اور اُس کی قیمت ہمارے خداوند یسوع کے کفارے کے وسیلہ سے ادا کی ہے۔ "حالانکہ وہ ہماری خطاؤں کے سبب سے گھایل کِیا گیا اور ہماری بدکرداری کے باعث کُچلا گیا۔ ہماری ہی سلامتی کے لئے اُس پر سیاست ہُوئی تاکہ اُس کے مار کھانے سے ہم شِفا پائیں"(یسعیاہ 53باب 5آیت )۔ جب ہم اُس تکلیف اور ذلت کے بارے میں غور کرتے ہیں جو اس نے گناہوں کی اُس قیمت کو چکانے کے واسطے ہمارے لیے برداشت کی تھی جسے ہم خود ادا نہیں کر سکتے تھے تو ہم اُس کی تعریف اور شکرگذاری کرتے ہوئے خود کو اُس کی فرمانبرداری کے لیے وقف کئے بغیر نہیں رہ سکتے ۔
English
وایا ڈولوروسا کیا ہے ؟