سوال
اگاپے(غیر مشروط )محبت کیا ہے ؟
جواب
یونانی لفظ اگاپے کا ترجمہ اکثر نئے عہد نامے میں "محبت" کیا جاتا ہے۔اگاپے محبت " دیگر اقسام کی محبت سے کس طرح مختلف ہے۔ اگاپے محبت کا جوہرجس سے محبت کی جائے اُس کی ذات میں خیر سگالی، خیر خواہی/کرم، رضاکارانہ خوشی ہے۔ ہمارے انگریزی لفظ محبت کے برعکس اگاپے محبت کو نئے عہد نامے میں رومانوی یا جنسی محبت کے حوالے سے استعمال نہیں کیا گیا ۔ اور نہ ہی اِس سے گہری دوستی یا برادرانہ محبت کا حوالہ دیا گیا ہے ، بلکہ اُس کے لیے یونانی لفظ فلیہ/philia استعمال کیا گیا ہے۔ اگاپے محبت میں وفاداری، عزم اور مرضی کا عمل شامل ہے۔یہ اپنی بلند اخلاقی فطرت اور مضبوط کردار کی وجہ سے محبت کی دوسری اقسام سے ممتاز ہے۔ اگاپے محبت کو 1 کرنتھیوں 13 باب میں بہت خوبصورتی کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔
نئے عہد نامے سے باہر لفظ اگاپے کو مختلف سیاق و سباق میں استعمال کیا جاتا ہے، لیکن نئے عہد نامے میں بہت ساری مثالوں کے اندر یہ الگ معنی رکھتا ہے۔ اگاپے کو عام طور پر ہمیشہ ہی اُس محبت کو بیان کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جو خُدا سے ہے اور خُدا کی ہے ، جس کی فطرت ہی محبت ہے:"خُدا محبت ہے " (1 یوحنا 4باب8 آیت)۔ خُدا محض محبت نہیں کرتا بلکہ وہ بذاتِ خو دمحبت ہے۔ خُدا جو کچھ بھی کرتا ہے وہ اُس کی محبت سے ہی جاری ہوتا ہے۔ اگاپے کو خُدا سے ہماری محبت (لوقا 10باب27 آیت)، ایک نوکر کا اپنے آقا کے ساتھ وفادارانہ احترام (متی 6باب24 آیت) اور چیزوں کے لیے آدمی کے لگاؤ (یوحنا 3باب19 آیت) کو بیان کرنے کے لیے بھی اِستعمال کیا جاتا ہے۔
محبت کی وہ قسم جو خُد اکی خصوصیت ہے وہ ایک خوشگوار، جذباتی احساس نہیں ہےجیسا کہ ہم کئی لوگوں کی طرف سے اُسے اِس طرح سے پیش کئے جاتے ہوئے سُنتے ہیں۔ خُدا محبت کرتا ہے کیونکہ یہی اُس کی فطرت اور اُس کے وجود کا اظہار ہے۔ وہ ناپسندیدہ اور نا خوشگوار سے بھی محبت کرتا ہے ، اِس لیے نہیں کہ ہم محبت کےمستحق ہیں یا ہم میں کوئی خاص فضیلت یا لیاقت ہے، بلکہ اِس لیے کہ محبت کرنا اُس کی فطرت ہے اور اُس کی ذات اُس کی فطرت کا سچا اظہار ہے۔
اگاپے محبت کا اظہار ہمیشہ جو کچھ وہ کرتی ہے اُس سے ہوتا ہے۔ خُدا کی ہمارے لیے محبت کا اظہار صلیب پر سب سے زیادہ واضح طور پر ظاہر ہوتا ہے۔ "مگر خُدا نے اپنے رَحم کی دَولت سے اُس بڑی مُحبّت کے سبب سے جو اُس نے ہم سے کی۔جب قصوروں کے سبب سے مُردہ ہی تھے تو ہم کومسیح کے ساتھ زِندہ کِیا ۔ (تُم کو فضل ہی سے نجات مِلی ہے) " (افسیوں 2باب4-5 آیات)۔ ہم اِس طرح کی قربانی کے مستحق نہیں تھے، "لیکن خُدا اپنی مُحبّت کی خُوبی ہم پر یُوں ظاہِر کرتا ہے کہ جب ہم گنہگار ہی تھے تو مسیح ہماری خاطِر مُؤا "(رومیوں 5باب8 آیت)۔ خُدا کی اگاپے محبت ہر ایک غیر مستحق کے لیے ہے، یہ مہربان ہے اور مسلسل طور پر اُن لوگوں کا فائدہ مانگتی ہے جن سے خُدا محبت کرتا ہے۔ بائبل میں کہا گیا ہے کہ ہم اُس کی جلالی اگاپے محبت کو حاصل کرنے کے مستحق نہیں ہیں (1 یوحنا 3باب1 آیت)۔ خُدا کی محبت کے اظہار کے طور پر خدا کے بیٹے نے اُن لوگوں کے لیے قربانی دی جن سے وہ محبت کرتا ہے۔
ہمیں دوسروں سے محبت کرنے کا حکم ہے ، چاہے وہ ساتھی ایماندار ہوں (یوحنا 13باب34 آیت)، یا ہمارے سخت دشمن ہوں (متی 5باب44 آیت)۔ خُداوند یسوع نے نیک سامری کی مثال دوسروں کی خاطر قربانی کی مثال کے طور پر دی، یہاں تک کہ ایسے لوگوں کے لیے بھی جو ہمارے لیے کبھی کچھ نہیں کر سکتے۔ مسیح یسوع کے نمونے کے مطابق اگاپے محبت کسی احساس پر مبنی نہیں ہوتی، بلکہ یہ مرضی کا ایک پُر عزم عمل ہے، دوسروں کی فلاح و بہبود کو اپنی ذمہ داری کے طور پر قبول کرنے کا خوشگوار عزم۔
اگاپے محبت ہم میں فطری طور پر نہیں آتی۔ اپنی گناہ آلود فطرت کی وجہ سے ہم ایسی محبت پیدا کرنے سے قاصر ہیں۔ اگر ہمیں خُدا کی محبت کے مطابق ہی محبت کرنی ہے تو اُس کا ماخذ صرف اور صرف خُدا ہی ہے۔ یہ محبت " رُوحُ القدس جو ہم کو بخشا گیا ہے اُس کے وسیلہ سے خُدا کی مُحبّت ہمارے دِلوں میں ڈالی گئی ہے " (رومیوں 5باب5 آیت بالموازنہ گلتیوں 5باب22 آیت)۔ "ہم نے مُحبّت کو اِسی سے جانا ہے کہ اُس نے ہمارے واسطے اپنی جان دے دی اور ہم پر بھی بھائیوں کے واسطے جان دینا فرض ہے " (1 یوحنا 3باب16 آیت)۔ خُدا کی اپنے لیے محبت کی وجہ سے ہم ایک دوسرے سے محبت کرنے کے قابل ہیں۔
English
اگاپے(غیر مشروط )محبت کیا ہے ؟