سوال
بائبل جبرائیل فرشتے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
جواب
جبرائیل فرشتہ خُدا کا وہ خاص پیامبر ہے جس کے ذریعے سے خُدا کے بہت سارے انتہائی اہم پیغامات لوگوں تک پہنچائے گئے تھے۔ جبرائیل بائبل کے اندر قریباً 3 لوگوں پر ظاہر ہوتا ہے: سب سے پہلے دانی ایل نبی پر (دانی ایل 8باب16آیت)؛ پھر زکریاہ کاہن پر اُس کے بیٹے یوحنا اصطباغی کی معجزانہ پیدایش کا اعلان کرنے کے لیے (لوقا 1باب 19 آیت)؛ اور آخر میں کنواری مریم پر اُسے یہ خبر دینے کے لیے کہ وہ خُدا کی قدرت سے حاملہ ہوگی اور ایک بیٹے کو جنم دے گی (لوقا 1باب 26-28آیات)۔ جبرائیل کے نام کے معنی ہیں "خُدا عظیم ہے"، اور یسوع کی پیدایش کی خبر دینے والا فرشتہ ہوتے ہوئے اُس نے اِس بات کو ظاہر کیا کہ نجات دہندہ "یسوع " کہلائے گا (لوقا 1باب31آیت)۔
پہلی دفعہ ہم جبرائیل کو اُس وقت دیکھتے ہیں جب وہ دانی ایل نبی کی رویا کے بعد اُس پر ظاہر ہوتا ہے۔ جبرائیل کا کام وہاں پر دانی ایل کی رویا کی وضاحت کرنا تھا (دانی ایل 8باب16آیت)۔ جبرائیل اُس پر ایک آدمی کے رُوپ میں ظاہر ہوا تھا (دانی ایل 8باب15 آیت؛ 9باب21آیت)۔ دوسری دفعہ وہ " تیز پروازی کرتا ہُوا آیا اور شام کی قُربانی گُذراننے کے وقت کے قرِیب " دانی ایل پر ظاہر ہوا (دانی ایل 9باب21آیت)۔ جبرائیل کی "تیز پروازی" شاید اُ سکے پَر ہونے کی تجویز پیش کرسکتی ہے لیکن یہاں پر اُس کے پَروں کا کوئی ذکر موجود نہیں ہے۔ یہاں پر یہ بات بھی واضح ہے کہ جبرائیل کاظاہر ہونا خوف پیدا کرنے والے واقعہ تھا کیونکہ دانی ایل اُس کے آنے سے ڈر گیا اور منہ کے بل گِر پڑا (دانی ایل 8باب17آیت)، اور فرشتے کو ملنے اور رویا دیکھنے کے بعد وہ غش کھا گیا اور چند روز بیمار پڑا رہا(دانی ایل 8باب27آیت)۔
دانی ایل 10باب میں ہم دانی ایل نبی اور "آدم زاد کی طرح" کی ایک ہستی کی ملاقات کو دیکھتے ہیں (16آیت)؛ بہرحال اِس پیامبر کو کوئی بھی نام نہیں دیا گیا۔ یہاں پر بھی فرشتہ کہتا ہے کہ وہ اِس لیے آیا ہے تاکہ وہ اُس رویا کو سمجھنے میں دانی ایل کی مدد کرے۔ اِس لیے عین ممکن ہے کہ یہ حوالہ بھی جبرائیل فرشتے ہی کی طرف اشارہ کر رہا ہو۔ اِس حوالے کی زبان و بیان سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ جیسے یہاں پر دانی ایل کے ساتھ دو فرشتے تھے –ایک اُس سے بات کر رہا تھا اور دوسرنے نے اُسے تقویت دی اور حوصلہ افزائی کی کہ وہ جواب دے سکے (دانی ایل 10باب 16، 18آیات)۔ فرشتے نے رُوحانی عالم میں ہونے والی جنگ کی طرف بھی اشارہ کیا۔ وہ فرشتہ جس کی شناخت ہم غالباً جبرائیل کے طور پر کر سکتے ہیں اور وہ فرشتہ جو ظاہری طور پر لڑ رہا تھا وہ میکائیل تھا، اور وہ مسلسل طور پر بد اَرواح پر مشتمل بادشاہوں اور حاکموں بشمول فارس کی مملکت کے موّکل اور شاہانِ فارس (13 آیت) اور یونان کے موّکل کے ساتھ جنگ کی حالت میں تھے (20 آیت)۔
جبرائیل بیان کرتا ہے کہ اُسے دانی ایل کی ایک خاص دُعا کے خاص جواب کے ساتھ بھیجا گیا تھا۔ اور جونہی دانی ایل نے دُعا کرنا شروع کی جبرائیل کو اُسی وقت دُعا کے جواب کے ساتھ بھیج دیا گیا تھا (دانی ایل 10باب12آیت)۔ لیکن راستے میں جبرائیل ایک مشکل کا شکار ہو گیا : "پر فار س کی مملکت کے مُوَکّل نے اِکِّیس دِن تک میرا مقابلہ کِیا ۔ پِھر میکائؔیل جو مُقرّب فرشتوں میں سے ہے میری مدد کو پہنچا اور مَیں شاہانِ فارس کے پاس رُکا رہا "(دانی ایل 10باب 13آیت)، اور جبرائیل کو اُتنی تیزی کے ساتھ دانی کے پاس پہنچنے نہ دیا جتنی تیزی کے ساتھ وہ آنا چاہتا تھا۔ یہاں پر ہمیں رُوحانی دُنیا اور ہماری آنکھوں سے اوجھل پردے کے پیچھے چلنے والی جنگ کی ایک جھلک ملتی ہے۔ جبرائیل جیسے پاک فرشتے خُدا کی مرضی کو پورا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، لیکن دوسری رُوحانی قوتوں کی طرف سے اُن کی راہوں میں رکاوٹیں پیدا کی جاتی ہیں کیونکہ وہ تاریکی کی قوتیں اِس دُنیا کے اندر بدی کا راج چاہتی ہیں۔
زکریاہ کاہن ، یوحنا اصطباغی کے باپ کے پاس جبرائیل اُس وقت پیغام لے کر آیا جب وہ ہیکل میں خُداوند کے حضور خدمت کر رہا تھا۔ جبرائیل اُس وقت ہیکل میں خوشبو کے مذبح کی دہنی طرف ظاہر ہوا (لوقا 1باب11آیت)، جو کہ دُعا کی ایک علامت تھا اور اُس نے زکریاہ کو بتایا کہ اُس کی دُعا ئیں سُن لی گئی ہیں (13 آیت)۔ زکریاہ کی بانجھ بیوی الیشبع حاملہ ہونے اور ایک بیٹے کو جس کا نام یوحنا ہوگا معجزانہ طور پر جنم دینے والی تھی، اور وہ بچّہ بڑا ہو کر ایلیاہ کے دوبارہ آنے کی نبوّت کو پورا کرے گا (17 آیت؛ بالموازنہ ملاکی 4باب5آیت)۔ جبرائیل کے پیغام پر شک کیا گیا جس کی وجہ سے اُس نے زکریاہ کاہن کو گونگا کر دیا اور وہ اپنے بچّے کے ختنے کے دِن تک گونگا ہی رہا (لوقا 1باب20 ، 59-64آیات)۔
جبرائیل فرشتے کا مریم پر ظاہر ہونے کا مقصد یسوع مسیح کی کنواری سے پیدایش کا اعلان کرنا تھا۔ مسیحا کی ماں کو یہ یقین دلایا گیا کہ خُدا کا فضل اُس کے ساتھ تھا (لوقا 1باب30آیت ) اور اُسے بتایا گیا کہ اُس کا بیٹا داؤؔد کے ساتھ کئے گئے خُدا کے عہد کو پورا کرے گا: " وہ بزُرگ ہو گا اور خُدا تعالیٰ کا بیٹا کہلائے گا اور خُداوند خُدا اُس کے باپ داؤُؔد کا تخت اُسے دے گا۔اور وہ یعقُو ؔب کے گھرانے پر ابد تک بادشاہی کرے گا اور اُس کی بادشاہی کا آخِر نہ ہو گا" (32-33آیات)۔ جب مریم نے یہ پوچھا کہ یہ سب کیسے ہوگا کیونکہ وہ تو کنواری ہے تو اِس کے جواب میں فرشتے نے کہا کہ وہ رُوح القدس کی قدرت سے مریم سے حاملہ ہوگی اور "اِس سبب سے وہ مَولُودِ مُقدّس خُدا کا بیٹاکہلائے گا " (35 آیت)۔
جبرائیل کے ظاہر ہونے کے اِن تینوں واقعات میں جن لوگوں پر وہ ظاہر ہوا وہ خوفزدہ ہو گئے اُسے دانی ایل، زکریاہ اور مریم کے ساتھ تسلی اور نہ ڈرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنی بات کا آغاز کرنا پڑا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ متی 1باب20آیت میں جو فرشتہ یوسف پر ظاہر ہوا وہ بھی جبرائیل ہی تھا، لیکن یہ بات یقینی نہیں ہے کیونکہ کلامِ مُقدس کے اندر اُس فرشتے کا نام نہیں بیان کیا گیا۔ جو بات ہم جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ جبرائیل خُدا کے اچھے اور پاک فرشتوں میں سے ایک ہے ۔ بطورِ فرشتہ اُس کا ایک خاص مقام ہے کیونکہ ایسا فرشتہ ہے جو "خُدا کے حضور کھڑا رہتا " ہے (لوقا 1باب19آیت) اور اُسے خُدا کےمحبت اور فضل بھرے خاص پیغام کو اُن لوگوں تک پہنچانے کے لیے چُنا گیا جو خُدا کے منصوبے کا حصہ بننے کے لیے چُنے ہوئے تھے۔
English
بائبل جبرائیل فرشتے کے بارے میں کیا کہتی ہے؟