settings icon
share icon
سوال

کیا پالتو جانور یا دوسرے جانور بھی آسمان پر جائیں گے؟ کیا جانوروں میں بھی رُوح موجود ہوتی ہے؟

جواب


بائبل مُقدس اِس حوالے سے کوئی واضح تعلیم نہیں دیتی کہ آیا پالتو یا دیگر جانوروں میں بھی "رُوح "ہوتی ہے، یا یہ کہ جانور بھی آسمان پرجائیں گے۔ بہرحال اِس معاملے پر وضاحت کے لیے ہم کچھ عام بائبلی اصولوں کو استعمال کر سکتے ہیں۔ بائبل مُقدس بیان کرتی ہے کہ انسان (پیدایش 2باب7آیت) اور جانوروں (پیدایش 1باب 30آیت؛ 6باب17آیت؛ 7باب15، 22 آیات)دونوں میں ہی زندگی کا دم ہے، یعنی انسان اور جانور دونوں ہی زندہ مخلوقات ہیں۔ انسانوں اور جانوروں کے اندر واضح فرق یہ ہے کہ خُدا نے انسان کو اپنی صورت پر اپنی شبیہ کی مانند تخلیق کیا ہے (پیدایش 1باب 26-27آیات)، جبکہ جانوروں کو اِس طرح سے تخلیق نہیں کیا گیا۔ خُدا کی صورت اور اُس کی شبیہ پر تخلیق کیے جانے کا مطلب یہ ہے انسان میں بہت ساری ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جن کو ہم خُدا کی ذات میں دیکھتے ہیں جیسے کہ اُس میں روحانیت پائی جاتی ہے، وہ اپنی ذاتی حکمت ، مرضی اور مخصوص احساسات کا مالک ہے، اور یہ ایسی بہت سارے خصوصیات موت کے بعد بھی انسان کی ذات کا حصہ ہونگی۔ اگر پالتو جانور یا دوسرے جاندار بھی "رُوح " رکھتے ہیں، یا اُن کے وجود کا بھی کوئی غیر فانی پہلو ہے تو وہ غالباً انسان سے مختلف قسم اور کمتر درجے کا ہوگا۔اِس فرق کا یہ بھی مطلب ہو سکتا ہے کہ پالتو جانوروں اور دیگر جانوروں کا وجود موت کے بعد قائم نہیں رہتا۔

ایک اور اہم حقیقت اور پہلو کو بھی مدِ نظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ تمام کے تمام جانور پیدایش کی کتاب کی روشنی میں خُدا کی تخلیق کا حصہ ہیں۔ خُدا نے جانوروں کو تخلیق کیا اور کہا کہ وہ اچھے ہیں( پیدایش 1باب25آیت)۔اِس لیے کوئی ایسی وجہ نہیں ہے جس کی بناء پر کہا جائے کہ نئی زمین پر جانور نہیں ہونگے (مکاشفہ 21باب1آیت)۔ لیکن ہزار سالہ بادشاہی کے دوران غالباً جانورضرور موجود ہونگے (یسعیاہ11 باب 6آیت؛ 65باب 25آیت)۔ یہ کہنا بھی بے جا نہ ہوگا کہ عین ممکن ہے کہ یہ وہی جانور ہوں جن میں سے بہت سارے اِس زمین پر قیام کے دوران ہمارے پالتو جانور رہ چکے ہونگے۔ ہم یہ جانتے ہیں کہ خُدا سچا منصف ہے، اور جب ہم آسمان پر جائیں گے تو چاہے ایسا ممکن ہو یا نہ ہو ہم مکمل طور پر خُدا کی رضا کےساتھ متفق ہونگے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا پالتو جانور یا دوسرے جانور بھی آسمان پر جائیں گے؟ کیا جانوروں میں بھی رُوح موجود ہوتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries