سوال
ہر مجدون کی جنگ کیا ہے؟
جواب
لفظ "ہرمجدون" عبرانی لفظ ہار میگیڈون (Har-Magedone)" سے نکلا ہے جس کا مطلب "مجدو کا پہاڑ" ہے ۔ یہ لفظ مستقبل کی اُس اہم ترین اور حتمی لڑائی کے لیے ایک مترادف لفظ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے جس میں خُدا خود مداخلت کرے گا اور مخالفِ مسیح کی فوجوں کو تباہ کردے گا جیسا کہ بائبل میں پیشن گوئی کی گئی ہے (مکاشفہ 16باب 16آیت؛ 20باب 1-3آیات)۔ ہرمجدون کی لڑائی میں لوگوں کی ایک بہت بڑی تعداد شامل ہو گی کیونکہ مسیح کے خلاف لڑنے کے لئے سب قومیں اکٹھی ہو چکی ہوں گی ۔
ہرمجدون کی وادی کا صحیح علاقہ غیر واضح ہے کیونکہ موجودہ دور میں ایسا کوئی پہاڑ نہیں ہے جسے مجدو کہا جاتا ہو۔ تاہم چونکہ "ہر" کے معانی پہاڑ ہو سکتے ہیں لہذا سب سے زیادہ امکان یہ ہے کہ جس علاقے میں یہ جنگ ہوگی وہ یروشلیم کے شمال میں تقریباً ساٹھ میل کے فاصلے پر پہاڑیوں سے گھرا ہوا مجدو کا میدان ہو گا۔ اِس علاقے میں دو سو سے زائد جنگیں لڑی جا چکی ہیں۔ مجدو کا میدان اور اُس کے قریب یزرعیل کے میدان ہر مجدون کی جنگ کے لئے مرکزی مقام ہوں گے جو کہ اسرائیل کے تمام جنوبی علاقہ سے ادومی شہر بُصراہ (یسعیاہ63باب 1آیت) تک کے سب علاقے کو میدان جنگ میں بدل دے گا ۔ ہرمجدون کی وادی اسرائیلی تاریخ کی دو بڑی فتوحات :(1) کنعانیوں پر برق کی فتح (قصاۃ 4باب 15آیت) اور (2) مدیانیوں پر جدعون کی فتح ( قضاۃ 7باب) کی وجہ سے مشہور تھی۔ ہرمجدون دو بڑے المناک واقعات (1) ساؤل اور اُس کے بیٹوں کی موت (1سموئیل 31باب 8آیت)اور (2) یوسیاہ بادشاہ کی موت (2سلاطین 23باب 29-30 آیات ؛ 2تواریخ 35باب 22آیت) کا مقام بھی ہے۔
لہذا اِس تاریخ کے پیشِ نظر ہر مجدون کی وادی خُدا اور بدی کی قوتوں کے مابین آخری لڑائی کی علامت بن گئی ۔ لفظ "ہرمجدون" صرف مکاشفہ 16باب 16آیت میں پایا جاتا ہے"اور اُنہوں نے اُن کو اُس جگہ جمع کیا جس کا نام عبرانی میں ہرمجدون ہے"۔ یہ آیت اُن بادشاہوں کے بارے میں بیان کرتی ہے جو مخالفِ مسیح کے ساتھ وفادار ہو ں گے اور اُس کے ساتھ مل کر اسرائیل پر آخری حملہ کریں گے ۔ ہر مجدون کے مقام پر "خُدا کے سخت غضب کی مے کا جام" (مکاشفہ 16باب 19آیت ) پلایا جائے گااور مخالفِ مسیح اور اُسکے پیروکاروں کو شکست دی جائے گی ۔ "ہرمجدون" ایک عام اصطلاح بن گئی ہے جو کہ خصوصی طور پر اُس جنگ کی جانب اشارہ نہیں کرتی جو مجدو کے میدان میں لڑی جائے گی بلکہ یہ دنیا کے اختتام کی نشاندہی کرتی ہے ۔
English
ہر مجدون کی جنگ کیا ہے؟