settings icon
share icon
سوال

کیا ہم مرنے کے بعد فرشتے بن جاتے ہیں؟

جواب


فرشتے خُدا کی تخلیق ہیں (کُلسیوں1باب 15-17آیات ) اور انسانوں سے مکمل طور پر مختلف ہیں ۔ یہ خُدا کے خاص کارندے ہیں جو اُس کے منصوبوں کو پورا کرتے ہیں اور مسیح کے پیروکاروں کی خدمت کرتے ہیں (عبرانیوں1باب 13-14آیات)۔ بائبل مقدس میں ایسا کوئی اشارہ نہیں ملتا کہ فرشتے پہلے انسان یا کچھ اور تھے کیونکہ وہ ابتدا ہی سے فرشتوں کے طور پر تخلیق کئے گئے ہیں ۔ فرشتوں کو نہ تو نجات کی ضرورت ہے اور نہ ہی وہ اُس نجات کا تجربہ کر سکتے ہیں جو نجات انسانوں کو دینے کے لیے خُداوند یسوع مسیح اِس دُنیا میں آیا تھا۔ 1پطرس1باب 12آیت بیان کرتی ہے کہ فرشتے انجیل کے پیغام پر نظر کرنے کے مشتاق ہیں لیکن وہ اِس کا تجربہ نہیں کر سکتے ۔ اگر وہ پہلے انسان رہ چکے ہوتے تو نجات کا تصور اُن کے لئے بھید نہ ہوتا بلکہ وہ اِس کا تجربہ کر چکے ہوتے۔ ہاں جب ایک گنہگار توبہ کرتا ہے تو وہ خوشی ضرور مناتے ہیں (لوقا 15باب 10آیت ) لیکن وہ مسیح کے وسیلہ سے نجات کا تجربہ نہیں کر سکتے ۔


آخر میں مسیح پر ایمان رکھنے والوں کا جسم مُردہ ہو جائے گا ۔پھر اُس کے بعد کیا ہوگا؟ تب ایماندار کی رُوح مسیح کے پاس چلی جاتی ہے (2کرنتھیوں5باب 8آیت )۔ یقیناً مرنے کے بعد ایک ایماندار فرشتہ نہیں بن جاتا ۔ یہ ایک دلچسپ بات ہے کہ جب پہاڑ پرخُداوند یسوع کی صورت تبدیل ہوئی اور موسیٰ اور ایلیاہ اُس کے پاس آئے تو اُس وقت وہ دونوں قابلِ شناخت تھے۔ اگرچہ وہ فرشتوں میں تبدیل ہونے کی بجائے بذات خود جلالی حالت میں ظاہر ہوئے تھے لیکن اس حقیقت کے باوجود وہ پطرس، یعقوب اور یوحنا کے لئے قابلِ شناخت تھے۔

1تھسلنیکیوں4باب 13- 18آیات میں پولُس ہمیں بتاتا ہے کہ ایماندار مسیح میں سو جاتے ہیں جس کا مطلب یہ ہے کہ اُن کے جسم تو مُر دہ ہو جاتے ہیں لیکن اُن کی رُوحیں زندہ رہتی ہیں ۔ یہ حوالہ بتاتا ہے کہ جب مسیح آئے گا تو وہ اُن ایمانداروں کی رُوحوں کو بھی ساتھ لائے گا جو اُس میں سو گئے تھے اور وہ ایمانداربھی جلالی بدنوں کے ساتھ مُردوں میں سے جی اُٹھیں گئے بالکل اُسی طرح جیسے مسیح مُردوں میں سے جی اُٹھا تھا ۔ مسیح کی دوسری آمد کے وقت جتنے ایماندار زندہ ہونگے اُن کے زمینی بدن مسیح کی مانند فوراً جلالی بدنوں میں تبدیل ہو جائیں گے ۔ وہ اپنی رُوحوں میں مکمل طور پر نئے ہوں گے اور اُن میں آئندہ گناہ آلودہ فطرت نہیں پائی جائے گی ۔

مسیح میں تمام ایماندار ایک دوسرے کو پہچان سکیں گے اور سب ایماندار ہمیشہ کےلیے خُداوند کے ساتھ رہیں گے۔ لیکن ہم فرشتوں کے طور پر نہیں بلکہ فرشتوں کے ساتھ مل کر ابد تک اُس کی خدمت کریں گے۔ اِس زندہ اُمید کے لئے خُداوند کا شکر ہو جو اُس نے یسوع مسیح میں ایمان رکھنے والے ہر شخص کو بخشی ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا ہم مرنے کے بعد فرشتے بن جاتے ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries