settings icon
share icon
سوال

بائبل مُقدس لاشوں کو جلانے کے حوالے سے کیا کہتی ہے؟کیا مسیحیوں کو لاشوں کو جلانا چاہیے؟

جواب


بائبل واضح طور پر لاشوں کو جلانے کے بارے میں تعلیم نہیں دیتی۔ پرانے عہد نامے میں لوگوں کو زندہ جلا کر مارنے(1سلاطین 16 باب 18آیت؛ 2 سلاطین 21 باب 6 آیت) اور انسانی ہڈیوں کو جلانے کے واقعات موجود ہیں (2سلاطین23باب16- 20آیات)، لیکن یہ واقعات لاشوں کو جلانے کی مثالیں نہیں ہیں۔ اِس بات پر غور کرنا دلچسپی سے خالی نہیں ہے کہ 2سلاطین16 باب 20-23آیات میں مذبح پر انسانی ہڈیاں جلا کر مذبح کو ناپاک کیا گیا ۔ دوسری جانب پرانے عہد نامے میں کہیں کوئی ایسا حکم بھی نہیں ملتا جہاں مُردہ شخص کو نہ جلانے کا حکم دیا گیا ہو، نہ ہی جلائے جانے والے شخص کو کسی لعنت یا عدالت سے منسلک کیا گیا ہے۔

بائبل کے دور میں بھی لاشوں کو جلایا جاتا تھا، لیکن اسرائیلیوں اور نئے عہد نامہ کے مقدسین نے اِس رواج پر عمل نہیں کیا۔ بائبل کے دور کی تہذیبوں میں لاشوں کو قبر، غار، یا زمین کے اندر دفن کرنا عام تھا (پیدائش23 باب 19آیت؛ 2 تواریخ 16 باب 14آیت؛ متی 27 باب 60-66آیات)۔ اگرچہ لاشوں کو دفن کرنا عام رواج تھا، لیکن بائبل کہیں بھی حکم نہیں دیتی کہ لاش کو دفن کرنا ہی واحد جائز طریقہ کار ہے۔

کیا مسیحی لاشوں کو جلا سکتے ہیں؟ جیسا کہ پہلے بھی ہم کہہ چکے ہیں کہ لاشوں کو جلانے کے بارے میں بائبل میں کوئی واضح حکم موجود نہیں ہے۔ بہت سے ایماندار اِس بنیاد پر لاشوں کو جلانے پر اعتراض کرتے ہیں کہ ایک دن خُدا ہمارے جسموں کو زندہ کرے گا اور اُسے ہمارے رُوحوں کے ساتھ یکجا کرے گا اِس لیے ہمیں جسموں کو جلانا نہیں چاہیے (1کرنتھیوں15 باب 35-58آیات؛ 1تھسلنیکیوں4 باب 16 آیت)۔ تاہم، یہ بھی حقیقت ہے کہ جلائی گئی لاش کو زندہ کرنا خُدا کے لئے مشکل نہیں ہے۔ ہزاروں سال پہلے مرے مسیحی ایمانداروں کے جسم اب تک مکمل طور پر خاک بن چکےہیں۔ اِس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ خُدا کے لیے اِن جسموں کو زندہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔ اگر وہ اُنہیں ابتدائی طور پر تخلیق کر سکتا ہے تو اُس کے لئے اُنہیں از سر نو تخلیق کرنا مشکل نہیں ہو گا۔ مُردوں کو جلانا لاشوں کو "جلدی" سے راکھ میں تبدیل کرنے کے عمل کے علاوہ کچھ اور نہیں ہے۔ خُدا دفن کئے گئے مُردوں اور جلائے گئے مُردوں دونوں کو زندہ کرسکتا ہے۔ لاش کو دفن کرنے یا جلانے کا سوال مسیحی آزادی کے دائرہ کار میں آتاہے۔ اِس مسئلےپر غور کرنے والے کسی شخص یا خاندان کو حکمت کے لئے خُدا سے دُعا کرنی چاہیے (یعقوب1 باب 5آیت)اور نتیجے میں جیسی قائلیت ملتی ہےاُنہیں اُس کی پیروی کرنی چاہیے۔



English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل مُقدس لاشوں کو جلانے کے حوالے سے کیا کہتی ہے؟کیا مسیحیوں کو لاشوں کو جلانا چاہیے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries