settings icon
share icon
سوال

بائبلی شماریات/اعداد کی اہمیت کیا ہے؟

جواب


بائبلی شماریات اصل میں بائبل کے اندر موجود ہندسوں یا اعداد کا مطالعہ ہے۔ بائبل کے اندر دواعداد جن کو عام طور پر بار بار دہرایا گیا ہے وہ ہیں 7 اور 40۔ سات کا عدد تکمیل یا کاملیت کی طرف اشارہ کرتا ہے (پیدایش 7باب 2-4آیات؛ مکاشفہ 1 باب 20آیت)۔ اِس عدد کو اکثر خُدا کا عدد کہا جاتا ہے کیونکہ صرف خُدا کی ذات ہی مکمل اور کامل ہے (مکاشفہ 4باب5آیت؛ 5باب1، 5-6آیات)۔ 3 کے عد د کو بھی اکثر الٰہی کاملیت کے عدد کے طور پر جانا جاتا ہے: پاک تثلیث تین اقنوم یعنی خُدا باپ، خُدا بیٹا اور خُدا رُوح القدس پر مشتمل ہے۔

40 کے عدد کو اکثر "آزمائشی وقفے/دورانیے یا آزمائش " کا عدد خیال کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر بنی اسرائیل قوم 40 سالوں تک بیابان میں آوارہ پھرتی رہی (استثنا 8 باب 2-5آیات)؛ موسیٰ نے چالیس دن اور چالیس رات پہاڑ پر گزارے (خروج 24 باب 18آیت)؛ یوناہ اور نینوہ کی کہانی میں بھی چالیس دِنوں کا ذکر ملتا ہے (یوناہ 3باب4آیت)؛ یسوع کی آزمائش چالیس دِنوں تک ہوئی (متی 4باب2آیت)؛ یسوع کے جی اُٹھنےا ور آسمان پر اُٹھائے جانے کے درمیان بھی چالیس دِنوں کا وقفہ تھا (اعمال 1باب 3آیت)۔ ایک اور عدد جس کو بائبل میں بار بار دہرایاگیا ہے وہ 4 ہے اور یہ تخلیق کا عدد ہے: شمال ، جنوب، مشرق، مغرب؛ چار موسم۔ 6 کے عدد کے حوالے سے خیال کیا جاتا ہے کہ یہ بشر/آدمی/انسان کا عدد ہے: آدم کو چھٹے دن تخلیق کیا گیا تھا، آدمی کے لیے حکم تھا کہ وہ چھ دن تک کام کرے۔ اِس بات کی ایک اور مثال666 کا عدد ہے کہ بائبل کسی چیز پر زور دینے کے لیے یا اُس کی اہمیت کو ظاہر کرنے کے لیے اعداد کااستعمال کرتی ہے ۔ یہ مکاشفہ کی کتاب 13 باب کے اندر مخالفِ مسیح کا عدد ہے۔

بہت سارے حلقوں میں اب تک اِس بات پر بحث چل رہی ہے کہ آیا یہ اعداد کسی طور پر اہمیت کے حامل ہیں یا نہیں۔ بائبل بلاشبہ اعداد کا استعمال خاص نمونوں کے تحت کرتی ہے یا یوں کہا جا سکتا ہے کہ بائبل اعداد کا استعمال کچھ رُوحانی سچائیوں کی تعلیم دینے کے لیے کرتی ہے۔ بہرحال کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جو بائبلی شماریات پر بہت ہی زیادہ زور دیتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ وہ ہر ایک عدد کے پیچھے چھپے خفیہ مطلب کو کھوج نکالیں۔ بہت دفعہ بائبل کے اندر بیان کردہ کوئی عدد محض ایک عدد ہی ہوتا ہے ۔ خُدا کبھی بھی ہمیں اِس بات کی دعوت نہیں دیتا کہ ہم بائبل کے اندر چھپے خفیہ معنی، خفیہ پیغامات یا پھر خاص قسم کے کوڈز کی تلاش کریں۔ کلامِ مُقدس کے الفاظ کے اندر اتنی سچائی ہے کہ وہ ہماری ہر طرح کی رُوحانی ضروریات کو پورا کرتی اور "ہماری ایسی تربیت کرتی ہے کہ ہم ہر ایک نیک کام کرنے کے لیے تیار ہو جائیں" (2 تیمتھیس 3 باب 16آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبلی شماریات/اعداد کی اہمیت کیا ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries