settings icon
share icon
سوال

کلیسیا کے مسیح کی دُلہن ہونے سے کیا مُراد ہے ؟

جواب


شادی کی تصویر اور علامت کا اطلاق مسیح اور ایمانداروں کی اُس جماعت پر کیا جاتا ہے جسے کلیسیا کے طور پر جانا جاتا ہے۔ کلیسیا ایسے لوگوں پر مشتمل جماعت ہے جنہوں نے یسوع مسیح پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان رکھا اور ابدی زندگی حاصل کی ہے۔ مسیح ، یعنی دُلہے نے قربانی دے کر اور بڑی محبت کے ساتھ کلیسیا کو اپنی دلہن ہونے کے لیے چُنا ہے (افسیوں 5باب25-27آیات)۔ جس طرح بائبلی زمانے کے دِنوں میں منگنی کا ایک خاص دورانیہ ہوتا تھا جس میں دُلہا اور دُلہن اُس وقت تک ایک دوسرے سے علیحدہ علیحدہ رہتے تھے جب تک اُن کو باقاعدہ طور پر شادی کے بندھن میں باندھ نہیں دیا جاتا تھا، بالکل اُسی طرح اِس کلیسیائی دور کے دوران مسیح کی دُلہن بھی اپنے اُس دلہے سے جُدا ہے۔ اپنی اِس منگنی کے دورانیے میں اُس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دلہے کے ساتھ وفا دار رہے (2 کرنتھیوں 11باب2آیت؛ افسیوں 5باب24آیت)۔ کلیسیا کے اُٹھائے جانے (ریپچر) کے وقت کلیسیا اپنے دُلہا یعنی یسوع کے ساتھ جاملے گی اور اُن کی باقاعدہ شادی کی تقریب عمل میں لائی جائے گی۔ اِس کے ساتھ ہی مسیح اور کلیسیا کا ابدی اتحاد حقیقی شکل اختیار کر لے گا (مکاشفہ 19باب7-9آیات؛ 21باب1-2آیات)۔

اپنی ابدی حالت کے اندر ایمانداروں کو اُس آسمانی شہر تک رسائی حاصل ہوگی جسے مکاشفہ 21باب2 اور 10 آیات کے اندر نئے یروشلیم کے طور پر جانا جاتا ہے جو "مُقدس شہر" بھی کہلاتا ہے ۔ نیا یروشلیم کلیسیا نہیں ہے لیکن اِس میں کلیسیا کی کچھ خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ اپنی اخیر زمانے کی رویا کے اندر یوحنا رسول نے "دلہن کی طرح سنگار" کئے ہوئے ایک شہر کو آسمان سے نیچے اُترتے ہوئے دیکھا، جس کا مطلب ہے کہ یہ شہر بہت ہی شاندار طور پر روشن ہوگا اور اُس کے اندر نجات یافتہ لوگ مکمل طور پر راستباز اور پاکیزہ ہونگے جنہوں نے پاکیزگی اور راستبازی کے جامے پہنے ہونگے۔ کچھ لوگوں نے آیت 9 کی غلط تشریح کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مقدس شہر مسیح کی دلہن ہے، لیکن ایسا بالکل بھی نہیں ہو سکتا کیونکہ مسیح نے اپنے لوگوں کے لیے جان دی تھی نہ کہ کسی شہر کے لیے۔ شہر کو اِس لیے دُلہن کہا گیا ہے کیونکہ وہ ساری حقیقی کلیسیا جو اصل میں مسیح کی دلہن ہے اُس شہر کے اندر ہے۔ بالکل اُسی طرح جیسے کسی سکول کے سارے طالبعلموں کو "پورا سکول" کہا جاتا ہے۔

مسیح یسوع پر ایمان رکھنے والے سبھی لوگ مسیح کی دلہن ہیں اور ہم بڑی بیتابی کے ساتھ اُس دن کے منتظر ہیں جب ہم بطورِ دلہن اپنے اُس دلہا کے ساتھ جا ملیں گے۔ اُس وقت تک ہم سب اُس کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے باقی کے تمام نجات یافتہ لوگوں کے ساتھ کہتے ہیں کہ "اَے خُداوند یسوع آ " (مکاشفہ 22باب20آیت)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کلیسیا کے مسیح کی دُلہن ہونے سے کیا مُراد ہے ؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries