settings icon
share icon
سوال

کیلون ازم کیا ہے اور کیا یہ بائبلی نظریہ ہے؟ کیلون ازم کے پانچ نکات کونسے ہیں؟

جواب


کیلون ازم کے پانچ نکات کا خلاصہ اس مخفف " ٹیولپ TULIP " کے ذریعے پیش کیا جا سکتاہے ۔ حرف T انگریز ی زبان کی اصطلاح Total Depravityبمعنی مکمل بگاڑ/گراوٹ کی نمائندگی کرتا ہے، U انگریزی اصطلاح Unconditional Electionبمعنی غیر مشروط چناؤ کو بیان کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے، L انگریزی اصطلاح Limited Atonement بمعنی محدودکفارے/ مخلصی کے لیے استعمال ہوتا ہے، Iانگریزی اصطلاح Irresistible Grace بمعنی ناقابلِ مزاحمت فضل کو بیان کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے جبکہ Pانگریزی اصطلاح Perseverance of the Saints بمعنی مقدسین کی استقامت کو بیان کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ یہاں کلاِم مقدس کے چند حوالہ جات اور کچھ وضاحتیں پیش کی جاتی ہیں جن کو کیلون ازم کے پیروکار اپنے عقائد کے دفاع کےلیے استعمال کرتے ہیں:

Total Depravity/مکمل بگاڑ یا گراوٹ : آدم کے گناہ میں مبتلا ہونے کے باعث پوری نسلِ انسانی متاثر ہوئی ہے ؛ تمام انسانیت نافرمانیوں اور گناہوں کی وجہ سے رُوحانی طور پر مردہ ہے ۔ انسان اپنے آپ کو نجات دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا ( پیدایش 6باب 5آیت؛ یرمیاہ 17باب 9آیت؛ رومیوں 3باب 10-18آیات)۔

Unconditional Election/غیر مشروط چناؤ:کیونکہ انسان گناہ کے باعث مر دہ ہے لہذا وہ خدا تک رسائی کرنے کے قابل نہیں ہے ؛ اس لیے خدا نے ہی گذشتہ تمام زمانوں میں مخصوص لوگوں کو نجات کے لیے چُنا تھا ۔ بنایِ عالم سے پہلے چُنا جانا غیر مشروط ہے ؛ اِس کا انحصار انسان کے کسی بھی طرح کے عمل پر نہیں ہے( رومیوں 8باب 29-30آیات؛ 9باب 11آیت؛ افسیوں 1باب 4-6آیات اور 11-12آیات)۔ غیر مشروط چناؤ کی وجہ یہ ہے کہ انسان خدا کی طرف سے بلاہٹ کے نتیجے میں ردّعمل ظاہر کرنے کے قابل نہیں ہے اور نہ ہی وہ ایسا کرنا چاہتا ہے ۔

Limited Atonement/محدود مخلصی: کیونکہ یہ خدا کا فیصلہ تھا کہ اُس کے غیر مشروط چناؤ کے تحت کچھ لوگوں کو نجات د ی جائے چنانچہ اس نے طے کیا کہ مسیح صرف چنے ہوئے لوگوں کےلیے جان دے گا ۔ وہ تمام لوگ جن کو خدا نے چُنا اور جن کےلیے مسیح نے جان دی ہے وہ نجات پائیں گے (متی 1باب 21آیت؛ یوحنا 10باب 11آیت؛ 17باب 9آیت؛ اعمال 20باب 28آیت؛ رومیوں 8باب 32آیت؛ افسیوں 5باب 25آیت)۔

Irresistible Grace /نا قابلِ مزاحمت فضل: خدا نے جن لوگوں کو چُن رکھا ہے وہ اُن کو اپنے نا قابلِ مزاحمت فضل کے وسیلہ سے اپنے پاس لاتا ہے ۔ خدا انسان کو اپنے پاس آنے کو تیار کرتا ہے ۔ لہذا جب خدا پکارتا ہے تو انسان جواب دیتا ہے ( یوحنا 6باب 37 اور 44آیات؛ 10باب 16آیت)۔

Perseverance of the Saints/مقدسین کی استقامت :وہ مخصوص لوگ جن کو خدا نے چُنا اور روح القدس کے وسیلہ سے اپنے پاس بلایا ہے وہ ایمان میں قائم رہیں گے ۔ جن کو خدا نے چُنا اُن میں سے کوئی بھی نجات سے محروم نہیں ہو گا کیونکہ وہ ابدی طور پر محفوظ ہیں ( یوحنا 10باب 29-27آیات؛رومیوں 8باب 30-29آیات؛ افسیوں 1باب 14-3آیات)۔

اگرچہ یہ تمام عقائدبائبلی بنیاد پر مبنی ہیں تاہم کچھ لوگ ان تمام یا ان میں سے چند ایک عقائد کو مسترد کرتے ہیں ۔ " کیلون ازم کے چا ر نکات " کے نام نہاد حامی مکمل بگاڑ، غیر مشروط چناؤ ، ناقابلِ مزاحمت فضل اور مقدسین کی استقامت کو بائبلی عقائد کے طور پر قابل کرتے ہیں ۔ انسان یقیناً گنہگار ہے اور اپنے طور پر خدا پر ایمان لانے سے قاصر ہے ۔ لہذا خدا لوگوں کو صرف اور صرف اپنی مرضی کی بنیاد پر چُنتا ہے –یہ چناؤ مطلوبہ شخص کی کسی خوبی یا لیاقت کی وجہ سے نہیں ہو تا ۔ وہ تمام لوگ جن کو خدا نے چُن لیا ہے وہ ایمان لائیں گے ۔ وہ تمام لوگ جو حقیقی طور پر نئی پیدایش کے حامل ہیں اپنے ایمان میں قائم رہیں گے ۔ جہاں تک محدود کفارے یا مخلصی کا تعلق ہے کیلون ازم کے چار نکا ت کے حامی یہ ایمان رکھتے ہیں کہ یسوع کا کفارہ لامحدود ہے اور یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ یسوع نے محض چنے ہوئے لوگوں کے گناہوں کی بجائے تمام دنیا کے گناہوں کےلیے جان دی تھی ۔ " اَے میرے بچّو! یہ باتیں مَیں تمہیں اِس لئے لکھتا ہوں کہ تم گناہ نہ کرو اور اگر کوئی گناہ کرے تو باپ کے پاس ہمارا ایک مددگار موجود ہے یعنی یسوع مسیح راستباز" (1یوحنا 2باب 2آیت)۔ محدود مخلصی کے تصور کی مخالفت کرنے والی دیگر آیات میں یوحنا 1باب 29آیت؛ 3باب 16آیت؛ 1تیمتھیس 2باب 6 آیت؛ اور 2پطرس 2باب 1آیت شامل ہیں ۔

کیلون ازم کے پانچ نکا ت کے حامیوں کے مطابق چار نکاتی کیلون ازم کے پیروکار غلطی پر ہیں۔ سب سے پہلے وہ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اگر مکمل بگاڑ کا تصور سچ نہیں ہے تو لامحدود کفارے کا تصور بھی ممکنہ طور پر سچ نہیں ہو سکتا ہے کیونکہ اگر یسوع نے ہر انسان کے گناہوں کےلیے جان دی ہے تو آیا کسی شخص پر ا س کی موت کا اطلا ق ہوتا ہے یا نہیں ہوتا اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا اُس شخص نے مسیح کو " قبول " کیا ہے یا نہیں کیا ۔ جیسا کہ مکمل بگاڑ کے متعلق مندرجہ بالا بیان میں ہم دیکھ چکے ہیں کہ چاہے جو بھی ہے انسان اپنی فطرتی حالت میں خدا کو قبو ل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور نہ ہی وہ ایسا کرنا چاہتا ہے ۔ اس کے علاوہ اگر لامحدود کفارہ سچ ہے تو جہنم اُن لوگوں سے بھری پڑی ہو گی جن کےلیے مسیح نے جان دی ہے ۔ اور اُن کی خاطر اُس کا بہایا ہوا خون بیکار ہے ۔ کیلون ازم کے پانچ نکات کے حامیوں کے نزدیک یہ نا قابلِ تصور بات ہے ۔ برائے مہربانی اس بات کو دھیان میں رکھیں کہ یہ مضمون پانچ نکات پر مبنی کیلون ازم کا محض ایک مختصر خلاصہ ہے ۔ اس بارے میں مزید گہرا مطالعہ کرنے کے لیے درج ذیل موضوعات کا مطالعہ کریں: مکمل بگاڑ ، غیر مشروط چناؤ ، محدودکفارہ/ مخلصی، نا قابلِ مزاحمت فضل اور مقدسین کی استقامت ۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیلون ازم کیا ہے اور کیا یہ بائبلی نظریہ ہے؟ کیلون ازم کے پانچ نکات کونسے ہیں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries