settings icon
share icon
سوال

بائبل بوڑھے والدین کی دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے کیا کہتی ہے؟

جواب


بائبل بوڑھے والدین اور خاندان میں ایسے لوگوں کی دیکھ بھال کے لیے بہت کچھ کہتی ہے جو خود اپنی دیکھ بھال نہیں کر سکتے۔ ابتدائی مسیحی کلیسیا نے بہت بڑے پیمانے پر ایمانداروں کی سماجی مدد کا کام بھی سرانجام دیا تھا۔ اُنہوں نے غریبوں، بیماروں، بیواؤں اور اُن یتیموں کی دیکھ بھال کی جو خود اپنی دیکھ بھال نہیں کر سکتے تھے۔ اگر کسی مسیحی گھرانے کے لوگ ضرورتمند ہوتے تھے تو اُس گھرانے سے یہ توقع کی جاتی تھی کہ وہ اپنے خاندان کے اُن لوگوں کی ضرورت کو پورا کرے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ آجکل اپنے بزرگ والدین کے لیے فکرمندی اور بڑھاپے میں اُن کی دیکھ بھال کو ایک ایسی ذمہ داری نہیں خیال کیا جاتا جسے سب لوگ قبول کرنے کے لیے رضا ہوں۔

بہت سارے لوگوں کے نزدیک بزرگوں کو برکت کی بجائے بوجھ اور زحمت خیال کیا جاتا ہے۔بہت دفعہ ہم اپنے والدین کی اُن قربانیوں کو بھول جاتے ہیں جو اُنہوں نے ہمارے لیے دی ہوتی ہیں اور جب اُنہیں مدد کی ضرورت ہوتی ہے تو ہم اُنکی مدد اور دیکھ بھال نہیں کرتے۔ اُنہیں اپنے گھروں میں رکھنے کی بجائے – جبکہ یہ ہمارے لیے ممکن اور اُن کے لیے محفوظ ہوتا ہے – ہم اکثر اُنہیں اُن کی مرضی کے خلاف ریٹائرمنٹ کمیوٹی اور نرسنگ ہومز میں بھیج دیتے ہیں۔بہت دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ ہم اُس ساری حکمت کی بھی قدر نہیں کرتے جو اُنہوں نے اپنی ساری زندگی کے تجربات سے حاصل کی ہوتی ہے اور اُن کی نصیحتوں کو دقیانوسی اور فرسودہ خیال کرتے ہوئے رَد کر دیتے ہیں۔

بائبل مُقدس بیان کرتی ہے کہ "اُن بیواؤں کی جو واقعی بیوہ ہیں عزّت کر۔اور اگر کسی بیوہ کے بیٹے یا پوتے ہوں تو وہ پہلے اپنے ہی گھرانے کے ساتھ دِین داری کا برتاؤ کرنا اور ماں باپ کا حق ادا کرنا سیکھیں کیونکہ یہ خُدا کے نزدِیک پسندیدہ ہے۔جو واقعی بیوہ ہے اور اُس کا کوئی نہیں وہ خُدا پر اُمّید رکھتی ہے اور رات دِن مُناجات اور دُعاؤں میں مشغُول رہتی ہے۔۔۔اگر کوئی اَپنوں اور خاص کر اپنے گھرانے کی خبرگیری نہ کرے تو اِیمان کا منکر اور بے اِیمان سے بدتر ہے " (1 تیمتھیس 5باب3-4، 8آیات)۔

ایسا نہیں ہے کہ تمام ہی بزرگوں کو اپنے جَوان بچّوں کی طرف سے مسلسل طور پر دیکھ بھال اور نگرانی کی ضرورت ہو۔ وہ اپنی مرضی سے کسی ایسی کمیونٹی میں بھی رہ سکتے ہیں جہاں پر سبھی قریباً اُن کے ہم عمر ہوں ، یا پھر وہ اِس قابل بھی ہو سکتے ہیں کہ مکمل طور پر اپنی آزاد زندگی گزاریں۔ حالات جو کچھ بھی ہوں اُن سب سے قطع نظر ہم سب پر اپنے والدین کی دیکھ بھال کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اگر اُنہیں ہماری طرف سے مالی مدد کی ضرورت ہے تو ہمیں وہ مدد فراہم کرنی چاہیے۔ اگر وہ بیمار ہیں تو ہمیں اُن کی دیکھ بھال کرنی چاہیے۔ اگر اُنہیں رہنے کے لیے کسی جگہ کی ضرورت ہو تو ہمیں اُنہیں اپنے گھر میں رکھنا چاہیے۔ اگر اُنہیں اپنے اُس گھر کی دیکھ بھال کرنے کے لیے مدد چاہیے جہاں وہ رہتے ہیں تو ہمیں اُن کی مدد کے لیے آگے بڑھنا چاہیے۔ اور اگر وہ کسی نرسنگ ہوم میں کسی ادارے کی دیکھ بھال اور نگرانی میں رہ رہے ہیں تو ہمیں اُن کے وہاں کے سبھی حالات سے واقف ہونا چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ آیا ہمارے والدین کی محبت کے ساتھ اچھی طرح دیکھ بھال ہو رہی ہے یا نہیں۔

ہمیں کبھی بھی دُنیا کی فکروں کو اپنے اوپر اِس قدر حاوی نہیں کر لینا چاہیے کہ ہم اُن سب سے اہم ترین چیزوں جیسے کہ – لوگوں کی خدمت کے وسیلے خُدا کی خدمت کرنے، خاص طور پر اپنے خاندان کے لوگوں کی مدد، خدمت اور دیکھ بھال کرنے کو بھول جائیں۔ بائبل مُقدس بیان کرتی ہے کہ "تم ایک دُوسرے کا بار اُٹھاؤ اور یُوں مسیح کی شرِیعت کو پُورا کرو۔کیونکہ اگر کوئی شخص اپنے آپ کو کچھ سمجھے اور کچھ بھی نہ ہو تو اپنے آپ کو دھوکادیتا ہے " (افسیوں 6باب2-3آیات)۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بائبل بوڑھے والدین کی دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے کیا کہتی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries