سوال
مسیحی اخلاقیات کیا ہے؟
جواب
مسیحی اخلاقیات کا خلاصہ کُلسیوں 3باب 1- 6آیات میں پیش کیا گیا ہے "پس جب تم مسیح کے ساتھ جلائے گئے تو عالمِ بالا کی چیزوں کی تلاش میں رہو جہاں مسیح موجود ہے اور خُدا کی دہنی طرف بیٹھا ہے۔ عالمِ بالا کی چیزوں کے خیال میں رہو نہ کہ زمین پر کی چیزوں کے۔ کیونکہ تم مر گئے اور تمہاری زندگی مسیح کے ساتھ خُدا میں پوشیدہ ہے۔ جب مسیح جو ہماری زندگی ہے ظاہر کیا جائے گا تو تم بھی اُس کے ساتھ جلال میں ظاہر کئے جاؤ گے۔ پس اپنے اُن اعضا کو مُردہ کرو جو زمین پر ہیں یعنی حرامکاری اور ناپاکی اور شہوت اور بُری خواہش اور لالچ کو جو بُت پرستی کے برابر ہے۔ کہ اُن ہی کے سبب سے خُدا کا غضب نافرمانی کے فرزندوں پر نازل ہوتا ہے"۔
بائبل محض یہ فہرست پیش نہیں کرتی کہ ہمیں " کیا کرنا چاہیے " اور " کیا نہیں کرنا چاہیے " بلکہ بائبل اس بارے میں ہمیں تفصیلی ہدایات دیتی ہے کہ ہمیں زندگی کیسے گزارنی چاہیے۔ مسیحی زندگی گزار نے کےلیے ہمیں جن باتوں کو جاننے کی ضرورت ہے بائبل میں وہ سب پائی جاتی ہیں ۔ تاہم بائبل واضح طور پر اُس تمام صورتحال کا احاطہ نہیں کرتی جن کا روزمرہ زندگی میں ہمیں سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تو پھر بائبل اُن تمام اخلاقی الجھنوں کا حل کیسے پیش کر سکتی ہے جس کا ہم سامنا کرتے ہیں۔ یہی وہ نکتہ ہے جہاں سے مسیحی اخلاقیات کا کام شروع ہوتا ہے۔
سائنس اخلاقیات کو "اخلاقی اصولوں کے مجموعہ یا ضابطہ اخلاق کے مطالعہ" کے طور پر بیان کرتی ہے۔ لہذا مسیحی اخلاقیات مسیحی عقائد سے اخذ کردہ وہ اصول ہیں جن پر ہم عمل کرتے ہیں۔ اگرچہ کلامِ خدا ہماری زندگی کی ہر طرح کی صورتحال کا احاطہ نہیں کرتا جن کا ہم سامنا کرتے ہیں تاہم اِس سے اخذ کردہ اصول ہمیں ایک ایسا معیار مہیا کرتے ہیں جس سے ہم اپنی زندگیوں کے اُن حالات کے بارے میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں جن کے بارے میں بائبل میں واضح ہدایات نہیں پائی جاتیں۔
مثال کے طور پر بائبل غیر قانونی منشیات کے استعمال کے بارے میں واضح طور پر کچھ بیان نہیں کرتی تاہم کلامِ مقدس پر مبنی اُصولوں کے ذریعے سے ہم سیکھتے ہیں اور جان سکتے ہیں کہ غیر قانونی منشیات کا استعمال غلط ہے ۔ کیونکہ بائبل ہمیں اصول فراہم کرتی ہے کہ ہمارا بدن رُوح القدس کا مقدِ س ہے اور ہمیں اِس کے وسیلہ سے خُدا کو جلال دینا چاہیے (1کرنتھیوں 6باب 19- 20آیات)۔ یہ جانتے ہوئے کہ منشیات ہمارے بدنوں پر کیسے اثر انداز ہوتی ہیں یعنی یہ کہ منشیات ہمارے بہت سے اعضاءکے لئے نقصان کا سبب بنتی ہیں تو ہم جان سکتے ہیں کہ اِن کے استعمال سے ہم رُوح القدس کے مقدِس کو برباد کر دیں گے۔ اور یقیناً یہ عمل خُدا کے نام کےلیے جلال کا باعث نہیں ہوگا۔ بائبل ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے کہ ہمیں اُن اختیارات کے تابع رہنا ہے جن کو خُدا نے خود ہم پر مسلط کیا ہے (رومیوں13باب 1آیت )۔ منشیات کی غیر قانونی نوعیت کو دیکھتے ہوئے اگر ہم اُن کا استعمال کرتے ہیں تو اس صورت میں ہم الٰہی اختیارات کی فرمانبرداری نہیں کرتے بلکہ اُن سے بغاوت کر رہے ہوتے ہیں ۔ کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ اگر غیر قانونی منشیات کو قانونی حیثیت مل جائے تو وہ جائز ہو جائیں گی ؟ ہر گز نہیں کیونکہ ابھی بھی پہلے اصول کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
بائبل کے اصولوں کو استعمال کرنے سے مسیحی کسی بھی صورت ِحال کے لئے اخلاقی ضابطے کا تعین کر سکتے ہیں۔ کچھ معاملات کے بارے میں اصولوں کی تلاش کرنا آسان ہو گاجیسے کہ مسیحی زندگی گزارنے کے اُصول جو کلسیوں 3باب میں پائے جاتے ہیں ۔ تاہم دیگر معاملات کے بارے میں ہمیں کچھ محنت کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ اِن اصولوں کی تلاش کے لئے سب سے بہترین طریقہ دُعا کے ساتھ کلامِ مقدس کا مطالعہ کرنا ہے۔ رُوح القدس ہر ایماندار میں بسا ہوا ہے اور اُس کے کام کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ وہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ہمیں اپنی زندگی کیسے گزارنی ہے "لیکن مددگار یعنی رُوح القدس جسے باپ میرے نام سے بھیجے گا وہی تمہیں سب باتیں سکھائے گا اور جو کچھ مَیں نے تم سے کہا ہے وہ سب تمہیں یاد دلائے گا" (یوحنا14باب 26آیت)۔ "اور تمہارا وہ مسّح جو اُس کی طرف سے کیا گیا تم میں قائم رہتا ہے اور تم اِس کے محتاج نہیں کہ کوئی تمہیں سکھائے بلکہ جس طرح وہ مسّح جو اُس کی طرف سے کیا گیا تمہیں سب باتیں سکھاتا ہے اور سچّا ہے اور جھوٹا نہیں اور جس طرح اُس نے تمہیں سکھایا اُسی طرح تم اُس میں قائم رہتے ہو" (1یوحنا 2باب 27آیت )۔ لہذا جب ہم خُدا کے کلام کے بارے میں دُعا کریں گے تو یقیناً رُوح القدس ہماری رہنمائی کرے گا اور ہمیں سکھائے گا۔ وہ ہمیں ایسے اُصولوں سے آگاہ کرے گا جن پر مطلوبہ صورت ِ حال میں ہمیں عمل کرنے کی ضرورت ہو گی ۔
اگرچہ خُدا کا کلام ہراُس صورتحال کے بارے میں واضح بات نہیں کرتا جس کا ہمیں اپنی زندگیوں میں سامنا کرنا ہو گا لیکن ایک مسیحی زندگی گزارنے کےلیے یہ تمام اُصولوں فراہم کرتا ہے ۔ بہت سے معاملات کے بارے میں سب سے پہلے ہم بائبلی احکام پر غور کر سکتے ہیں کہ بائبل اِن کے بارے میں کیا کہتی ہے اور پھر اِن احکام پر مبنی ضابطہِ اخلاق کی پیروی کر سکتے ہیں ۔ اُن اخلاقی سوالات کے جوابات کے لیے جن کے بارے میں بائبل ہمیں واضح ہدایات نہیں دیتی ہمیں بائبل کے ایسے اصولوں کی تلاش کرنے کی ضرورت ہے جن کا اطلاق ایسی صورتحال پر ہو سکتا ہے۔ہمیں نہ صرف کلام مقدس کی سمجھ بوجھ کےلیے دُعا کرنے کی ضرورت ہے بلکہ ہمیں اپنے آپ کو رُوح القدس کے لیے تیار کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔ کیونکہ روح القدس ہمیں سکھائے گا اور بائبل کے وسیلہ سے ایسے اصولوں کی تلاش کرنے میں ہماری رہنمائی کرے گا جن پر ہمیں عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ایک ایسی زندگی گزار سکیں جیسی ایک مسیحی کو گزارنی چاہیے ۔
English
مسیحی اخلاقیات کیا ہے؟