سوال
بائبل مُقدس مذہبی کٹرپن/ضابطہ پرستی/شریعت پرستی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
جواب
"مذہبی کٹر پن، ضابطہ پرستی/شریعت پرستی" کا بائبل کے اندر براہِ راست ذکر نہیں ملتا۔ یہ ایک ایسی اصطلاح ہے جسے مسیحی اصول و ضوابط کے نظام پر زور دیتے ہوئے تعلیمی نقطہ نظر کو بیان کرنے، اور نجات اور رُوحانی ترقی کے حصول کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ مذہبی طور پر کٹر پن کا شکار لوگ قواعد و ضوابط پر ایمان رکھتے ہیں اوراِس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ طے شدہ اصول و ضوابط پرسختی کے ساتھ من و عن عمل کیا جائے۔تعلیمی لحاظ سے یہ نقطہ نظر فضل کے مخالف ہے۔ وہ لوگ جومذہبی کٹر پن کا شکار ہیں، اور ضابطہ پرستانہ اور شریعت پرستانہ نظریہ رکھتے ہیں، اکثر شریعت کے اصل مقصد، خاص طور پر پُرانے عہد نامے کی موسوی شریعت کے مقصد کو سمجھنے میں ناکام ہو جاتے ہیں، جو کہ ہمیں مسیح تک لانے کے لئے ہمارا "سکول ماسٹر" یا "اُستاد" ہے (گلتیوں 3باب24آیت)۔
سچ یہ ہے کہ حقیقی ایماندار بھی مذہبی کٹر پن/شریعت پرستی/ضابطہ پرستی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ہمیں ہدایت کی جاتی ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مہربانی کریں: "کمزور ایمان والے کو اپنے میں شامل تو کر لو مگر شک و شُبہ کی تکراروں کے لئے نہیں" (رومیوں 14باب1آیت)۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہےکہ ایسے لوگ بھی ہیں جوایسی تعلیمات کے حوالے سے اِس قدر کٹر پن کا شکار ہیں جن کے حوالے سے علماء کافی زیادہ لچک کے موجود ہونے کی تعلیم دیتے ہیں۔ اور کٹر پن کا شکار وہ لوگ اکثر عام باتوں کی وجہ سے بھی دوسروں کو اپنی رفاقت سے باہر نکال دیتے ہیں، یہاں تک کہ اُن کو کسی دوسرے نقطہ نظر کے اظہار کی اجازت بھی نہیں دیتے۔ یہ بھی مذہبی کٹرپن، ضابطہ پرستی/ شریعت پرستی ہے۔ آج بہت سے ایسےمذہبی طور پر کٹر لوگ موجود ہیں ہیں جو بائبل کی ذاتی تشریحات کرتے ہیں اور یہاں تک کہ اپنی قائم کردہ روایات کے ساتھ غیر مناسب وفاداری کا مطالبہ کرنے کی بھی غلطی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، یہ وہ لوگ ہیں جو سمجھتے ہیں کہ رُوحانی بننے کے لئے تمباکو، الکوحل مشروبات، رقص، فلموں وغیرہ سے بچنا ضروری ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ صرف ایسی چیزوں سے گریز کرنا رُوحانیت کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔
کُلسیوں 2باب 20-23آیات میں پولُس رسول مذہبی کٹر پن ، ضابطہ پرستی /شریعت پرستی کے بارےمیں خبردار کرتا ہے، "جب تم مسیح کے ساتھ دُنیوی ابتدائی باتوں کی طرف سے مر گئے تو پھر اُن کی مانند جو دُنیا میں زندگی گزارتے ہیں انسانی احکام اور تعلیم کے موافق ایسے قاعدوں کے کیوں پابند ہوتے ہو۔ کہ اِسے نہ چھونا۔ اُسے نہ چکھنا۔ اُسے ہاتھ نہ لگانا۔ (کیونکہ یہ سب چیزیں کام میں لاتے لاتے فنا ہو جائیں گی)؟ اِن باتوں میں اپنی ایجاد کی ہوئی عبادت اور خاکساری اور جسمانی ریاضت کے اعتبار سے حکمت کی صورت تو ہے مگر جسمانی خواہشوں کے روکنے میں اِن سے کچھ فائدہ نہیں ہوتا"۔عین ممکن ہے کہ مذہبی طور پر کٹر پن کا شکار، ضابطہ پرست/شریعت پرست ظاہری طور پر راستباز اور رُوحانی نظر آئیں لیکن حتمی طور پر مذہبی کٹر پن ، ضابطہ پرستی/شریعت پرستی خُدا کےمقاصد کو پورا کرنے میں ناکام ہو جاتی ہے، کیونکہ یہ اندرونی تبدیلی کی بجائے خارجی عمل ہے۔
مذہبی کٹر پن، ضابطہ پرستی /شریعت پرستی سے بچنے کے لئے، سب سے پہلے ہم یوحنا رسول کے الفاظ کو مضبوطی سے تھام سکتے ہیں، "اِس لئے کہ شریعت تو موسیٰ کی معرفت دی گئی مگر فضل اور سچائی یسوع مسیح کی معرفت پہنچی" (یوحنا 1باب17آیت)، اور اُس کے بعد ہم مسیح میں اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ مہربان ہو سکتے ہیں۔ "تُو کون ہے جو دُوسرے کے نوکر پر الزام لگاتا ہے؟ اُس کا قائم رہنا یا گر پڑنا اُس کے مالک ہی سے متعلق ہے بلکہ وہ قائم ہی کر دیا جائے گا کیونکہ خُداوند اُس کے قائم کرنے پر قادر ہے" (رومیوں 14باب 4آیت)۔ "مگر تو اپنے بھائی پر کس لئے الزام لگاتا ہے؟ یا تُو بھی کس لئے اپنے بھائی کو حقیر جانتا ہے؟ ہم تو سب خُدا کے تختِ عدالت کے آگے کھڑے ہوں گے" (رومیوں 14باب10آیت)۔
یہاں پر ایک اور اہم چیز کے بارے میں خبردار کرنا ضروری ہے۔ اگرچہ ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کے ساتھ مہربان ہوں اور متنازع معاملات پر اختلافِ رائے کو برداشت کریں، لیکن ہم بدعات کو قبول نہیں کر سکتے۔ ہمیں نصیحت کی گئی ہے کہ ہم اُس ایمان کے لئے جانفشانی کریں جو مقدسوں کو ایک ہی بار سونپا گیا تھا (یہوداہ 3)۔ اگر ہم اِن ہدایات کو یاد رکھتے اور محبت اور رحم کے ساتھ اِن کا اطلاق کرتے ہیں، تو ہم مذہبی کٹر پن، ضابطہ پرستی /شریعت پرستی اور بدعات دونوں سے محفوظ رہیں گے۔ "اے عزیزو! ہر ایک رُوح کا یقین نہ کرو بلکہ رُوحوں کو آزماؤ کہ وہ خُدا کی طرف سے ہیں یا نہیں کیونکہ بہت سے جھوٹے نبی دُنیا میں نکل کھڑے ہوئے ہیں" (1یوحنا 4باب1آیت)۔
English
بائبل مُقدس مذہبی کٹرپن/ضابطہ پرستی/شریعت پرستی کے بارے میں کیا کہتی ہے؟