سوال
کیا خُدا چاہتا ہے کہ مسیحی ووٹ دیں؟
جواب
یہ ہماری اپنی دلیل ہے کہ ووٹ دینا اور ایسے رہنماؤں کو ووٹ دینا ہر مسیحی کا فرض اور ذمہ داری ہے جو مسیحی اصولوں کو فروغ دیتے ہیں ۔ یقیناًخدا حالات و واقعات کو بدلنے کا اختیار رکھتا ہے لیکن اِس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ اُس کی مرضی کو پورا کرنے کے لئے ہمیں کچھ بھی کرنے کی ضرورت نہیں ۔ ہمیں اپنے رہنماؤں کے لئے دُعا کرنے کا حکم دیا گیا ہے (1تیمتھیس 2باب 1-4آیات)۔ کتابِ مقدس میں سیاست اور قیادت سے متعلق ثبوت پائے جاتے ہیں کہ خدا بہت دفعہ اُن قائدین اور رہنماؤں سے نا خوش ہوتا ہے جن کو ہم اپنی ذاتی مرضی اور پسند سے چنتے ہیں۔(ہوسیع 8باب 4آیت )۔ دنیا پر گناہ کے قبضے کے شواہد ہر طرف دکھائی دیتے ہیں ۔ زمین پر پائی جانے والی زیادہ تر مصیبتوں اور اذیتوں کی وجہ بُری قیادت ہے (امثال 28 باب 12آیت)۔ کلامِ مقدس مسیحیوں کواُس وقت تک قانونی احکام کی تابعداری کرنے کی ہدایت کرتا ہے جب تک وہ خُدا کے احکامات کی مخالفت نہیں کرتے (اعمال 5باب 27-29آیات؛ رومیوں 13باب 1-7آیات)۔ نئے سرے سے پیدا شدہ ایمانداروں کی حیثیت سے ہمیں ایسے رہنماؤں کو منتخب کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جو خود بھی اپنے خالق کی رہنمائی میں چلتے ہوں (1سموئیل 12باب 13-25آیات)۔ زندگی، خاندان، شادی، یا ایمان سے متعلق بائبل کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اُمیدواروں یا تحریکوں کی حمایت کبھی نہیں کی جانی چاہیے (امثال 14باب 34آیت )۔ مسیحیوں کو چاہیے کہ وہ دُعا اور خُدا کے کلام کے مطالعے اور بیلٹ پیپر پر انتخاب کی حقیقت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ووٹ دیں۔
دُنیا کے بہت سے ممالک میں مسیحی اذیت اور پریشانی میں ہیں ۔ وہ ا یسی حکومتوں کی طر ف سے مصیبت اُٹھا تے ہیں جن کو تبدیل کرنے کی اُن میں قوت نہیں اور جو اُن کے ایمان سے نفرت کرتی اور اُن کی آوازوں کو دبا دیتی ہیں۔ ان ممالک میں موجود ایماندار اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر یسوع مسیح کی انجیل کی منادی کرتے ہیں۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ میں مسیحیوں کو یہ برکت حاصل ہے کہ وہ بولنے اور اپنے لیڈروں کا انتخاب کرنے کاحق رکھتے ہیں اور اِس لحاظ سے اُنہیں اپنے اور اپنے خاندانوں کے بارے میں کوئی خوف و خطرہ نہیں ہوتا۔لیکن دوسرے کئی ممالک میں مسیحیوں کو ایسی برکت میسر نہیں ہے ۔ امریکہ کے حالیہ انتخابات میں اپنے منہ سے مسیحی ہونے کا دعوی کرنے والے ہر پانچ میں سے 2 لوگوں نے اپنے اِس حق کو نظر انداز کرتے ہوئے ووٹ نہیں ڈالا۔ مسیحی ہونے کا دعویٰ کرنے والے ہر پانچ میں سے 1 شخص اگرچہ ووٹ ڈالنے کی اہلیت رکھتا ہے لیکن اُس نے ووٹ کے لئے اپنا نام رجسٹرڈ نہیں کروایا۔
آج کل ہمارے دور میں بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جو مسیح کے نام اور پیغام کو عوامی میدان سے مکمل طور پر باہر رکھنا چاہتے ہیں۔ ووٹ نیک حکومت کو فروغ اور تحفظ دینے اور اسے برقرار رکھنے کا ایک موقع ہے۔ اِس موقع کو نظر انداز کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُن لوگوں کو اپنی زندگیوں میں آنے کا راستہ فراہم کررہے ہیں جو مسیح کے نام کو بدنام کرتے ہیں ۔ ایسے قائدین جن کو ہم منتخب کرتے ہیں یا جن کو ہٹانے کے لئے ہم کچھ نہیں کرتے وہ ہماری آزادی پر بہت زیادہ اثرورسوخ رکھتے ہیں۔ وہ ہمارے عبادت کرنے اور انجیل کو پھیلانے کے حق کی حفاظت کرنے یا اِن پر پابندیاں لگا نےکو ترجیح دے سکتے ہیں۔ وہ ہماری قوم کو راستبازی یا اخلاقی ابتری کی طرف لے کر جا سکتے ہیں۔ بطور مسیحی ہمیں اپنے شہری فرائض کو پورا کرنے اور اِس سے متعلق بائبل کے احکام کی پیروی کےلیے اُٹھ کھڑے ہونا چاہیے(متی22باب 21آیت)۔
English
کیا خُدا چاہتا ہے کہ مسیحی ووٹ دیں؟