سوال
کیا بائبل کمیونزم /اشتمالیت کی حمایت کرتی ہے؟
جواب
اشتراکیت کی ایک شاخ کمیونزم ایک تجرباتی سماجی نظام ہے جو نظریات کے ایک ایسے مجموعے پر مشتمل ہے جو پہلی نظر میں بائبل کے کچھ اصولوں سے متفق نظر آتا ہے۔ تاہم قریب سے جانچ پڑتال کے بعد اس بات کے بہت کم شواہد ملتے ہیں کہ بائبل واقعی کمیونزم کی حمایت کرتی ہے یا اس کی توثیق کرتی ہے۔ نظریاتی کمیونزم اور عملی کمیونزم میں فرق ہے اور بائبل کی آیات جو کمیونسٹ نظریات کی حمایت کرتی نظر آتی ہیں درحقیقت کمیونسٹ حکومت کے طریقوں کیساتھ متصادم ہیں۔
اعمال 2 باب میں جہاں پر کلیسیا کے بارے میں بات کی گئی ہے وہاں پر ایک حیرت انگیز جملہ ہے جس نے بہت سے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے اور یہ سوچنے پر مجبور کیا ہے کہ کیا بائبل کمیونزم کی حمایت کرتی ہے، اوراِس بات کی وجہ سے کچھ لوگوں کو یہ تحریک ملی کہ وہ اِس تصور کا دفاع کریں کہ بائبل کمیونزم کی حمایت کرتی ہے۔ اِس حوالے میں لکھا ہو اہے کہ " اور جو اِیمان لائے تھے وہ سب ایک جگہ رہتے تھے اور سب چیزوں میں شریک تھے ۔ اور اپنا مال واسباب بیچ بیچ کر ہر ایک کی ضرورت کے موافق سب کو بانٹ دِیا کرتے تھے " (اعمال2باب 44-45آیات)۔ اس بیان سے لگتا ہے کہ کمیونزم (وہ نظریہ جو یہ چاہتا ہے کہ دولت کو سب لوگوں میں برابر کا بانٹ کر اِس دُنیا کی غربت کو مٹایا جائے) یہاں مسیحی کلیسیا کے ابتدائی دور میں پایا جاتا تھا ۔ تاہم اعمال 2باب میں کلیسیا اور کمیونسٹ سوسائٹی کے درمیان ایک اہم فرق ہے جسے سمجھنا ضروری ہے۔
اعمال 2باب میں کلیسیا میں لوگ اپنی مرضی سے اپنے مال اسباب میں سےکچھ حصہ ایسے لوگوں کو دے رہے تھے جن کو ضرورت تھی۔ اور وہ یہ سب بالکل آزادانہ طور پر کر رہے تھے اُن پر کسی طرح کا کوئی ضابطہ لاگو نہیں کیا گیا تھا کہ اُنہوں نے کس کو کیا دینا ہے۔ دوسرے الفاظ میں اُنہوں نے جو محبت پائی تھی یا جو باہمی محبت اُن کے درمیان قائم ہو گئی تھی اُس میں ایک دوسرے کی مدد ایک مشترک مقصد کے لیے کی – اوروہ مقصد یہ تھا کہ وہ مسیح میں اپنی زندگی گزاریں اور خُدا کے نام کو جلال دیں۔ کمیونسٹ معاشرے میں لوگ اپنے مال میں سے دیتے ہیں کیونکہ حکومت کا ایک نظام انہیں دینے پر مجبور کرتا ہے۔ اس معاملے میں ان کے پاس کوئی انتخاب نہیں ہے کہ وہ اپنے مال میں سے کتنا دیتے ہیں یا کس کو دیتے ہیں۔ اُن کے اِس عمل کے دوران اِس بات کا کچھ اظہار نہیں ہوتا کہ وہ کون ہیں، کیا مانتے ہیں یا اُن کے کردار کی شناخت کیا ہے۔ کمیونزم نظام کے تحت خوش مزاج، فیاضی سے دینے والے اور کنجوس آدمی ، سبھی کے لئے بالکل ایک ہی رقم دینا ضروری ہے یعنی وہ سب کچھ جو وہ کماتے ہیں۔
یہاں معاملہ اپنی خوشی کیساتھ دینے سے تعلق رکھتا ہے (جس کی بائبل حمایت کرتی ہے) اور یہ جبری طور پر لوگوں کو دینے کے لیے مجبور کرنے کے برعکس ہے ۔2 کرنتھیوں 9باب7آیت میں بیان کیا گیا ہے کہ " جس قدر ہر ایک نے اپنے دِل میں ٹھہرایا ہے اُسی قدر دے۔ نہ دریغ کر کے اور نہ لاچاری سے کیونکہ خُدا خُوشی سے دینے والے کو عزیز رکھتا ہے۔ "بائبل مُقدس کے اندر ایسے بے شمار حوالہ جات ہیں جو غریبوں کی مدد کرنے اور جو کچھ خُدا کی طرف سے ہمیں دیا گیا ہے اُس میں سے کچھ فیاضی کے ساتھ دوسروں کے ساتھ بانٹنے اور اپنے سے کمزور لوگوں کا دھیان رکھنے کی تعلیم دیتے ہیں ۔ جب ہم اِس حوالے سے دلی خوشی اور بالکل درست رویے کے ساتھ خُدا کے حکم کی تعمیل کرتے ہیں، تو ہماری طرف سے اِس طرح دینے کی بدولت خُدا خوش ہوتا ہے۔ جو چیز خُدا کو خوش نہیں کرتی وہ یہ ہے کہ ہم لاچاری سے دیں، کیونکہ لاچاری کے ساتھ دینا اصل میں محبت کیساتھ دینے جیسا نہیں ہے اِس لیے رُوحانی طور پر اِس کا کچھ فائدہ نہیں ہے۔ پولس رسول کرنتھیوں کی کلیسیا کو بتاتا ہے کہ " اور اگر اپنا سارا مال غریبوں کو کھلا دُوں یا اپنا بدن جلانے کو دے دُوں اور محبّت نہ رکھوں تو مجھے کچھ بھی فائدہ نہیں " (1 کرنتھیوں 13باب3آیت)۔ بغیر محبت کے دینا در اصل کمیونزم کے فلسفے کا ناگزیر نتیجہ ہے۔
سرمایہ داری کا نظام دراصل دوسروں کو محبت کے ساتھ دینے کے حوالے سے ایک بہتر نظام ہے،کیونکہ اِس نظام نے لوگوں کی دولت میں اضافہ کیا ہے، جو اپنے لوگوں کو اپنے مال کی بہتات میں سے دینے کے قابل بناتا ہے۔ کمیونزم نے اپنے تمام شہریوں کو صرف غریب بنانے کا ثبوت دیا ہے، سوائے ان بہت کم لوگوں کے جو یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ دولت کہاں جائے گی ۔ لیکن سرمایہ داری بھی غریبوں کی مدد کے نظام کے طور پر خود کام نہیں کرے گی۔اس کا انحصار بھی اِس بات پر ہے کہ اُس نظام کے تحت زندگی گزارنے والے لوگ محنتی ہوں۔ (امثال 10باب 4آیت) نیکی کریں اور اچھے کاموں میں دولتمند بنیں اور سخاوت پر تیار اور اِمداد پر مستعد ہوں (1 تیمتھیس 6باب18آیت) اور خُدا کے لیے اپنی محبت کی وجہ سے اپنے پڑوسی کی مدد کریں۔ اس طرح ہم دیکھتے ہیں کہ خدا نے غریبوں کی جسمانی اور مالی ضروریات کو کسی نظام حکومت کی بجائے مسیحی افراد کے ذریعے پورا کرنے کے لئے تیار کیا ہے۔
English
کیا بائبل کمیونزم /اشتمالیت کی حمایت کرتی ہے؟