settings icon
share icon
سوال

مَیں مسیحیت میں کیسے آ سکتا ہوں؟

جواب


یونان کے شہر فلپی میں رہنے والے ایک شخص نے بھی پولس اور سیلاس سے بالکل یہی سوال پوچھا تھا ۔ ہم اُس شخص کے بارے میں کم از کم تین باتیں جانتے ہیں : وہ داروغہ تھا، وہ غیر قوم سے تعلق رکھتا تھا اور وہ پریشان تھا ۔ وہ اپنے آپ کو قتل کرنے ہی والا تھا جب پولس نے اُسےایسا کرنے سے روکا ۔ اور بالکل یہی وقت تھا جب اُس شخص نے پوچھا" مَیں کیا کروں کہ نجات پاؤں"( اعمال 16باب 30آیت)۔

اُس آدمی کے سوال کرنے سے یہ حقیقت ظاہر ہوتی ہے کہ وہ اپنی نجات کی ضرورت کو جان گیا تھا – وہ اپنے سامنے صرف موت کو دیکھ رہا تھا اور جانتا تھا کہ اُسے مدد کی ضرورت ہے ۔ پولس اور سیلاس سے اُس کا یہ سوال کرنا واضح کرتا ہے کہ اُسے یقین تھا کہ اُن کے پاس اِس سوال کا جواب بھی ہے ۔

پولس اور سیلاس فوراًاور سیدھا سادہ جواب پیش کرتے ہیں : " خداوند یسوع پر ایمان لا تو تُو اور تیرا گھرانا نجات پائے گا" ( 31آیت)۔ یہ حوالہ مزید بیان کرتا ہے کہ کس طرح سے وہ شخص ایمان لاتا اور مسیحیت کو قبول کرتا ہے ۔ اور اگلے ہی دن اپنی اُس تبدیل شدہ زندگی کا ثبوت دیتا ہے ۔

غور طلب بات یہ ہے کہ اُس شخص کی تبدیلی صرف ایمان (یقین) پر مبنی تھا۔ اُسے یسوع مسیح پر ایمان لانے کے سوا کچھ نہیں کرنا پڑا تھا ۔ وہ شخص ایمان رکھتا تھا کہ یسوع خدا کا بیٹا( خداوند) اور مسیحا تھا جس نے کلامِ مقدس کی تکمیل کی تھی ۔ اُس کے ایمان میں اِس بات پر یقین رکھنا بھی شامل تھا کہ یسوع گناہ کی خاطر موا اور پھر تیسرے دن مُردوں میں سے جی اُٹھاتھا کیونکہ یہی وہ پیغام تھا جس کی پولس اور سیلاس منادی کر رہے تھے ( دیکھیں رومیوں 10باب 9- 10آیات؛ 1کرنتھیوں 15باب 1- 4آیات)۔

"تبدیل " ہونے کا لفظی مطلب ہے " مُڑنا، باز آنا"۔ جب ہم ایک چیز کی طرف مُڑتے ہیں تو ضروری طور پر ہمیں کسی اور چیز سے منہ پھیرنا پڑتا ہے ۔ جب ہم یسوع کی طرف مُڑتے ہیں تو ہمیں گناہ سے منہ پھیرنا پڑتا ہے ۔ بائبل کے مطابق گناہ سے منہ پھیرنا " توبہ کرنا " اور یسوع کی طرف مُڑنا " ایمان لانا " کہلاتا ہے ۔ لہذا توبہ اور ایمان دو امدادی چیزیں ہیں ۔ توبہ اور ایمان دونوں 1 تھسلنیکیوں 1باب 9آیت میں ظاہر کئے گئے ہیں " تم بُتوں سے پھر کر خدا کی طرف رجُوع ہوئے "۔ ایک مسیحی حقیقی طور پر مسیحیت میں شامل ہونے کے باعث اپنے سابقہ طرزِ زندگی اور جھوٹے مذہب سے تعلق رکھنے والی ہر چیز کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے ۔

سادہ الفاظ میں کہا جائے تو مسیحیت کو قبول کرنے کا مطلب ہے کہ آپ کو یہ یقین کرنا ہو گا کہ یسوع خدا کا بیٹا ہے جو آپ کے گناہوں کی خاطر موا اور پھر جی اُٹھا۔ آپ کو خدا کے ساتھ متفق ہونا پڑے گا کہ آپ گنہگار ہیں اور آپ کو نجات کی ضرورت ہے اورآپ کو نجات حاصل کرنے کےلیے صرف یسوع پر ایمان لانا پڑے گا ۔ جب آپ گناہ سے منہ مُوڑ کر مسیح کی طرف آتے ہیں تو خدا آپ کو بچانے اور رُوح القدس بخشنے کا وعدہ کرتا ہے جو آپ کو ایک نیا مخلو ق بنائے گا۔

اپنی حقیقی شکل میں مسیحیت کوئی مذہب نہیں ہے ۔ بائبل کے مطابق مسیحیت صرف اور صرف مسیح یسوع کے ساتھ رفاقت ہے ۔ مسیحیت ہر اُس شخص کےلیے خدا کی طرف سے نجات کی پیش کش ہے جو صلیب پر یسوع کی قربانی پر ایمان و یقین رکھتا ہے ۔ کوئی شخص جو مسیحیت کو قبول کرتا ہے وہ اصل میں ایک مذہب کی خاطر دوسرے کو چھوڑ نہیں رہا ہوتا۔ اصل میں مسیحیت کو قبول کرنا خدا کی طرف سے پیش کردہ نجات کے تحفے کو قبول کرنا اور یسوع مسیح کے ساتھ شخصی رفاقت کا آغاز کرنا ہے جس کانتیجہ گناہوں کی معافی اور موت کے بعد فردوس میں ہمیشہ کی زندگی ہے ۔

کیا آ پ اُوپر بیان کردہ مضمون کو پڑھنے کی وجہ سے مسیحیت کو قبول کرنا چاہتے ہیں ؟ اگر آپ کا جواب ہاں ہے تو یہاں پر دُعاکا ایک نمونہ پیش کیا گیاہے۔ یاد رکھیں کہ یہ دُعا یا کوئی بھی دوسری دُعا آپ کو بچا نہیں سکتی۔ صرف مسیح خُداوند پر اپنے شخصی نجات دہندہ کے طور پر ایمان لانے کے ذریعہ سے ہی آپ اپنے گناہوں کی سزا سے بچ سکتے ہیں۔ یہ دُعا محض ایک ذریعہ ہے اور اِس بات کا اقرار ہے کہ آپ خدا پر اپنے ایمان کا اقرار کرتے ہیں اور اُس کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اُس نے آپ کے لئے نجات کا انتظام کیا۔

"اَے خداباپ! مَیں جانتا /جانتی ہوں کہ مَیں نے تیرے خلاف گناہ کیا ہے اور مَیں سزا کا/کی مستحق ہوں۔ مُجھے تیرے کلام کی روشنی میں یہ بھی معلوم ہے کہ خُداوند یسوع مسیح نے میری سزا کو اپنے اوپر لے لیا۔ تاکہ اُس پر اِیمان لا کر مَیں نجات پاؤں۔ مَیں نجات کے لئے اپنا بھروسہ تجھ پر رکھتا /رکھتی ہوں۔ تیری اِس عجیب بخشش اور فضل کے لیے اور ہمیشہ کی زندگی کے اِس انعام کے لئے تیرا شکرہو۔ آمین۔

جو کچھ آپ نے یہاں پر پڑھا ہے کیا اُس کی روشنی میں آپ نے خُداوند یسوع کی پیروی میں چلنے کا فیصلہ کیا ہے؟اگر ایسا ہے تو براہِ مہربانی نیچے دئیے ہوئے اُس بٹن پر کلک کیجئےجس پر لکھا ہوا ہے کہ "آج مَیں نے مسیح کو قبول کرلیا ہے۔"

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

مَیں مسیحیت میں کیسے آ سکتا ہوں؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries