settings icon
share icon
سوال

کیا ایک مسیحی کے لیے کسی غیر مسیحی کے ساتھ محبت بھری ملاقاتیں کرنا اور شادی کرنا ٹھیک ہے؟

جواب


ایک مسیحی کے لیے کسی غیر مسیحی کے ساتھ محبت میں مبتلا ہو کر ملاقاتیں کرنا ایک نا سمجھی و بیوقوفی کی بات ہے، اورایسی صورت میں ایک غیر مسیحی کے ساتھ شادی کرنے کا انتخاب نہیں ہے۔ 2 کرنتھیوں 6باب 14 آیت ہمیں بتاتی ہے کہ ہم "بے ایمانوں کے ساتھ نا ہموار جوئے میں نہ جتُیں"۔ یہاں پر دو ایسے بیلوں کا تصور پیش کیا جا رہا ہے جو آپس میں بے جوڑ، عدم مطابقت رکھنے والے، بے میل، ناموافق، متضاد اور بے آہنگ ہوں لیکن وہ ایک ہی جوئے میں جُتے ہوئے ہوں۔ ایسےبیل ہل کو کھینچنے کے لیے زور لگانے کی بجائے ایک دوسرے کے خلاف ہی زور لگاتے رہیں گے اور اصل کام جس کے لیے وہ جوئے میں جُتے ہوئے ہیں وہ مکمل نہیں ہوگا۔ اگرچہ یہ حوالہ خصوصی طور پر شادی کا ذکر نہیں کرتا لیکن اِس کا اطلاق بخوبی اور بجا طور پر شادی پر کیا جا سکتا ہے۔ یہ حوالہ مزید بیان کرتا ہے کہ مسیح اوربلیعال (شیطان) کے درمیان کوئی موافقت نہیں ہے۔ ایک مسیحی اور غیر مسیحی کی شادی کی صورت میں دونوں لوگوں کے درمیان قطعی طور پر رُوحانی ہم آہنگی نہیں ہو سکتی۔ ایسی حوالے میں آگے جا کر پولس رسول ایمانداروں کو یاد دلاتا ہے کہ ایماندار زندہ خُدا کا مَقدس ہیں اور جب وہ نجات پاتے ہیں تو خُدا اُن کے دِلوں میں بس جاتا ہے (2 کرنتھیوں 6باب15-17 آیات)۔ اِس لیے ایمانداروں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اُن (یعنی دُنیا، بے ایمان لوگوں ) سے نکل کر رہیں – غالباً اُنہوں نے دُنیا کے اندر ہی رہنا ہے لیکن وہ دُنیا کا ہو کر نہ رہیں– اور ایسا کرنا زندگی میں – شادی – جیسے قریبی اور اہم ترین رشتے میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

بائبل مُقدس یہ بھی کہتی ہے کہ "فریب نہ کھاؤ بُری صحبتیں اچھی عادتوں کو بگاڑ دیتی ہیں۔" (1 کرنتھیوں 15باب33 آیت)۔کسی بھی غیر ایماندار کے ساتھ ایسا کوئی بھی جذباتی/جسمانی رشتہ(یعنی محبت میں مبتلا ہونا، شادی کرنا وغیرہ)بہت تیزی کے ساتھ آپ کے لیے کوئی ایسی رکاوٹ بن سکتا ہے جو آپ کے لیے مسیح کی حضوری میں چلنے کو مشکل یا نا ممکن بنا سکتی ہے۔ ہمیں خُداوند کی طرف سے غیر مسیحیوں اور بے ایمان لوگوں کے سامنے انجیل کی منادی کے لیے بلایا گیا ہے نہ کہ اُن کے ساتھ جسمانی محبت میں مبتلا ہونے یا شادی کرنے کے لیے۔ غیر مسیحیوں کے ساتھ اچھی، پُر خلوص اور سچی دوستی کرنے میں قطعی طور پر کوئی حرج نہیں ہے لیکن اُس کی حدود کلامِ مُقدس کی روشنی میں متعین ہونی چاہییں۔ اگر آپ کسی غیر ایماندار کی محبت میں مبتلا ہو کر اُس کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں تو اُن ملاقاتوں میں آپ کی سب سے بڑی ترجیح کیا ہوگی اُس بے ایمان دوست کے ساتھ پیار و محبت کی باتیں کرنا اور اچھا وقت گزارنا یا اُس کے سامنے انجیل کی منادی کرنا؟ اگر آپ کی شادی ایک غیر ایماندار کے ساتھ ہوئی تو پھر آپ دونوں اپنی شادی شُدہ زندگی میں روحانی طور پر باہمی اتحاد کیسے بنا سکتے ہیں؟ اگر آپ اِس کائنات کے سب سے اہم معاملے یعنی گناہ اور سب سے اہم شخصیت یعنی مسیح ( جس کے وسیلے سے نجات میسر ہوئی) پر ہی اتفاق نہیں کرتے تو پھر آپ کس طرح ایک صحتمند شادی شُدہ زندگی کو حاصل کر سکتے ہیں یا اُسے قائم رکھ سکتے ہیں؟

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

کیا ایک مسیحی کے لیے کسی غیر مسیحی کے ساتھ محبت بھری ملاقاتیں کرنا اور شادی کرنا ٹھیک ہے؟
© Copyright Got Questions Ministries