settings icon
share icon
سوال

بد اَرواح سے'رہائی دلانے کی خدمت کیا ہے' کیا یہ بائبلی ہے؟

جواب


بد اَرواح سے "رہائی دلانے کی خدمت" کی عام متفقہ تعریف یہ ہوگی کہ مخصوص بد اَرواح سےمتعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے اُن بد اُرواح کو کسی میں سے نکالنے پر توجہ دینا۔ مثال کے طور پربد اَرواح سے" رہائی دلانے کی خدمت" کسی شخص کی زندگی میں غصے پر قابو پانے میں اُسکی مدد کرنے کے لیے اُس میں سے غصے کی رُوح کو نکالنے کی کوشش کرتی ہے۔ رہائی دلانے کی خدمت کسی شخص کی زندگی میں رُوحانی قلعوں کو ڈھانے، اندرونی شفا پانےاور سبھی دشمنوں پر مسیح میں فتح پانے میں مدد کرنے پر بھی اپنی توجہ مرکوز کرتی ہے۔ اِس کے تعلق سے بہت سارے لوگ رُوح کے بندھن/دِلوں کے جُڑنے، لعنتوں اور بد اَرواح کے "قانونی حقوق" کی بات کرتے ہیں۔ بائبل کی رُو سے بات کی جائے تو شیطانی ارواح/ بد رُوحوں کو گرائے گئے فرشتوں کے طور پر جانا جاتا ہے جنہوں نے آسمان پر خُدا کے خلاف بغاوت کی تھی (مکاشفہ 12باب4، 9 آیات؛ یسعیاہ 14باب12-20آیات؛ حزقی ایل 28باب 1-19 آیات)۔

شیطان اور اُس کے بد اَرواح کے لشکر کے بارے میں کلامِ مُقدس کے اندر بہت ہی کم حوالہ جات ہیں۔ اور اُن سے رہائی پانے کے بارے میں بھی بہت کم بیانات ملتے ہیں، مزید برآں رہائی کی "خدمت " کے تعلق سے تو کلامِ مُقدس کے اندر کچھ بھی نہیں کہا گیا۔ کلیسیا کے اندر خدمتوں اور عہدوں کے بارے میں افسیوں 4باب11 آیت میں بیان کیا گیا ہے۔ سب سے پہلے رسول اور نبی کلیسا کی بنیاد تھے – اور یسوع کلیسیا کے کونے کے سرے کا پتھر ہے (افسیوں 2باب20 آیت)۔ اُس کے بعد مبشر، چرواہے اور اُستاد کی خدمت اور عہدوں کے بارے میں لکھا گیا ہے۔ بد اَرواح کو نکالنے کی قابلیت کو نہ تو رُوح القدس کی نعمتوں میں بیان کیا گیا ہے اور نہ ہی اُنہیں کلیسیائی عہدوں میں بیان کیا گیا ہے۔

اناجیل اور اعمال کی کتاب بیان کرتی ہے کہ یسوع اور اُس کے شاگرد بد اَرواح کو نکالا کرتے تھے۔ نئے عہد نامے کا وہ حصہ جس میں سب سے زیادہ تعلیم پر زور دیا گیا ہے (یعنی رومیوں تا یہوداہ) اُس میں بد اَرواح کے کاموں کے بارے میں تو بات کی گئی ہے لیکن اُن کو نکالنے کے کسی طریقہ کار کے متعلق کچھ بھی نہیں کہا گیا، نہ ہی ایمانداروں کو ایسا کرنے کی نصیحت کی گئی ہے۔ ہمیں بس یہ بتایا گیا ہے کہ خُدا کے سب ہتھیار باندھ لیں اور رُوحانی بدی کے خلاف کھڑے ہو جائیں (افسیوں 6باب10-18آیات)۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ ہم ابلیس کا مقابلہ کریں (یعقوب 4باب7آیت) اور ابلیس کو موقع نہ دیں (افسیوں 4باب27آیت)۔ بہرحال ہمیں یہ نہیں بتایا گیا کہ ہم ابلیس اور اُس کی بد اَرواح کو دوسرو ں میں سے کیسے نکالیں، یا پھر ہمیں ایسا کچھ کرنے کے بارے میں سوچنا بھی چاہے یا نہیں۔

یہ بڑی دلچسپ بات ہے کہ یسوع کی تعلیمات میں ہمیں کہیں پر بھی اِس بات کا کوئی ریکارڈ نہیں ملتا جس میں یسوع نے اپنے شاگردوں کو یہ سکھایا ہو کہ اُنہوں نے بد رُوحوں کو کیسے نکالنا ہے، ممکنہ طور پر متی 12باب 43-45 آیا ت اور 17 باب 19-21 آیات کو اِس حوالے سے اِستثنا حاصل ہے کیونکہ یہاں پر کچھ رہنمائی دی گئی ہے۔ جب شاگردوں نےجانا کہ یسوع مسیح کے نام میں اُنہیں بد اَرواح پر اختیار حاصل ہے تو وہ بہت زیادہ خوش ہوئے (لوقا 10باب17آیت بالموازنہ اعمال 5باب16آیت؛ 8باب 7آیت؛ 16باب18آیت؛ 19باب12آیت)۔ لیکن یسوع نے اپنے شاگردوں کو بتایا کہ "اِس سے خوش نہ ہو کہ رُوحیں تمہارے تابع ہیں بلکہ اِس سے خُوش ہو کہ تمہارے نام آسمان پر لکھے ہُوئے ہیں "(لوقا 10باب20آیت) ۔

کسی خاص بدرُوحوں سے"رہائی کی خدمت" کے عطا کئے جانے کے برعکس ہمارے پاس یسوع مسیح کے نام میں ایک بہت بڑا اور طاقتور اختیار ہے۔ ایک دِن یوحنا نے یسوع سے کہا کہ "اَے اُستاد ۔ ہم نے ایک شخص کو تیرے نام سے بدرُوحوں کو نکالتے دیکھا اور ہم اُسے منع کرنے لگے کیونکہ وہ ہماری پیروی نہیں کرتا تھا۔لیکن یسُو ع نے کہا اُسے منع نہ کرنا کیونکہ اَیسا کوئی نہیں جو میرے نام سے معجزہ دِکھائے اور مجھے جلد بُرا کہہ سکے۔کیونکہ جو ہمارے خِلاف نہیں وہ ہماری طرف ہے " (مرقس 9باب38-40آیات)۔ بدرُوحیں نکالنے "رہائی کی خدمت"کسی کے پاس ہے یا نہیں اُس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اہم بات یہ ہے کہ بد اَرواح پر اختیار میں بھی ساری قدرت اور طاقت خُداوند کے پاس ہی ہے ۔

رُوحانی جنگ کے اندر جس بات پر زور دیا گیا ہے اُس پر 1 یوحنا 4باب4آیت جیسے حوالہ جات میں روشنی ڈالی گئی ہے، "اَے بچّو! تم خُدا سے ہو اور اُن پر غالب آ گئے ہو کیونکہ جو تم میں ہے وہ اُس سے بڑا ہے جو دُنیا میں ہے۔ "فتح ہمیشہ ہماری ہے کیونکہ رُوح القدس ہمارے اندر بستا ہے۔ ایماندار اپنے ماضی کی کشمکش، اپنی بُری عادات اور لت جیسی چیزوں پر غالب آ سکتے ہیں "جو کوئی خُدا سے پیدا ہُوا ہے وہ دُنیا پر غالب آتا ہے " (1 یوحنا 5باب4آیت)۔ ہمیں دُعا، الٰہی صلاح اور اچھی کلیسیا کی مدد کی ضرورت ہے ، اور اِس سب کے ہوتے ہوئے ہمیں کسی بد رُوحوں سے "رہائی دینے والے خادم" کی ضرورت نہیں ہے۔

ہمیں بتایا گیا ہے کہ"تم ہوشیار اور بیدار رہو ۔ تمہارا مخالِف اِبلیس گرجنے والے شیرِ بَبر کی طرح ڈھونڈتا پھرتا ہے کہ کس کو پھاڑ کھائے۔تم اِیمان میں مضبوط ہو کر اور یہ جان کر اُس کا مقابلہ کرو کہ تمہارے بھائی جو دُنیا میں ہیں اَیسے ہی دُکھ اُٹھا رہے ہیں۔اب خُدا جو ہر طرح کے فضل کا چشمہ ہے ۔ جس نے تم کو مسیح میں اپنے ابدی جلال کے لئے بُلایا تمہارے تھوڑی مُدّت تک دُکھ اُٹھانے کے بعد آپ ہی تمہیں کامل اور قائم اور مضبُوط کرے گا "(1 پطرس 5باب8-10آیات )۔

مسیحی زندگی کے اندر فتح مندی کی کلید رُوح القدس سے بھرے (یعنی رُوح کے اختیار میں اور رُوح کی قوت سے بھرپور) ہونا ہے۔ باپ اپنوں کو جانتا ہے: "اِس لئے کہ جتنے خُدا کے رُوح کی ہدایت سے چلتے ہیں وُہی خُدا کے بیٹے ہیں " (رومیوں 8باب14آیت)۔ رُوح القدس کبھی بھی کسی ایسے شخص میں نہیں بسے گا جو نئے سرے سے پیدا نہیں ہوا (یوحنا 3باب 3-8آیات؛ 2 تیمتھیس 2باب19آیت؛ اعمال 1باب8آیت؛ 1 کرنتھیوں 3باب16 آیت)۔ پس رُوحانی فتح کے اند پہلا قدم یسوع مسیح پر ایمان لانا ہے۔ پھر اِس بات پر خوشی منانا ہے کہ یسوع آپ میں ہے اور آپ کے پاس اُس کی فتح اور قوت ہے۔

English



اُردو ہوم پیج پر واپس جائیں

بد اَرواح سے'رہائی دلانے کی خدمت کیا ہے' کیا یہ بائبلی ہے؟
Facebook icon Twitter icon YouTube icon Pinterest icon Email icon اس پیج کو شیئر کریں:
© Copyright Got Questions Ministries